پاکستان

بھارت کا رات گئے بزدلانہ حملہ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

پاک فوج نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے، بھارت سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرنے پر مجبور

Web Desk

بھارت کا رات گئے بزدلانہ حملہ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

پاک فوج نے 5 بھارتی طیارے مار گرائے، بھارت سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرنے پر مجبور

مظفر آباد میں بھارتی حملے میں شہید ہونے والی مسجد — فوٹو: اے ایف پی
مظفر آباد میں بھارتی حملے میں شہید ہونے والی مسجد — فوٹو: اے ایف پی

پاکستان نے رات گئے بھارت کے بزدلانہ حملے کا منہ توڑ جواب دیکر شکست تسلیم کرنے پر مجبور کردیا۔

منگل اور بدھ کی درمیانی شب 12 بجے سے ایک بجے کے درمیان بھارت نے 6 مختلف مقامات بہاولپور، مریدکے، مظفرآباد، کوٹلی اور دیگر علاقوں پر 24 حملے کیے۔

بزدلانہ میزائل حملے میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے، احمد پور شرقیہ میں 5 بے گناہ پاکستانی شہید ہوئے جن میں معصوم بچی شامل ہے۔

ٹارگٹ کیا تھا؟

رات گئے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے تصدیق کی تھی کہ بھارت کی جانب سے کوٹلی، بہاولپور، مریدکے، باغ اور مظفر آباد میں بزدلانہ میزائل حملے میں 8 پاکستانی شہید اور 35 زخمی ہوئے جبکہ دو شہری لاپتا ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے بہاولپور میں مسجد سبحان اللہ کو ٹارگٹ کیا، مظفرآباد میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا گیا جہاں ایک بچی زخمی ہوئی جب کہ مسجد کو نقصان پہنچا، کوٹلی مٰیں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، مرید کے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا جہاں ایک شہادت ہوئی اور ایک شخص زخمی ہوا، سیالکوٹ میں کوٹلی لوہاراں گاوں میں ایک گولہ گرا، شکر گڑھ میں بھی ایک ڈسپنسری کو نقصان ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں واضح طور پر کہنا چاہتا ہوں کہ پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر اس کا جواب دے گا، اس گھناؤنی اشتعال انگیزی کا جواب ضرور دیا جائے گا۔

پاکستان کا منہ توڑ جواب

دریں اثنا پاکستان کی جانب سے بھارت کے بزدلانہ حملے کے منہ توڑ جواب کے بعد بھارت بالآخر سفید جھنڈا لہرا کر شکست تسلیم کرنے پر مجبور ہوگیا۔

بھارت کے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں بھارت کے 5 طیارے مار گرائے اور بھارتی فوج کا بریگیڈ ہیڈ کوارٹر بھی تباہ کردیا۔

وزیردفاع خواجہ آصف نے تصدیق کی ہےکہ پاکستان نے بھارت کے 5 جنگی جہاز مار گرائے ہیں جب کہ پاکستانی فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں کارروائی میں برتری حاصل کرلی ہے۔

بھارت کا شکست کا اعتراف

بھارت کا رات گئے بزدلانہ حملہ، پاکستان کا منہ توڑ جواب

میڈیا رپورٹس کے مطابق پاک فوج کی جانب سے مار گرائے گئے بھارتی طیاروں میں 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایس یو 30 شامل ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فضائیہ نے بھارت کا ایک اور رافیل طیارہ مار گرایا، ایوانتی پورا کے جنوب مغرب میں 17 ناٹیکل میل میں بھارت کا رافیل طیارہ مار گرایا گیا۔

سکیورٹی ذرائع نے بتایا ہےکہ پاک فوج نےجوابی کارروائی میں بھارت کابریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ کردیا، پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک نے ایل او سی پر دودنیال سیکٹر میں دشمن کی پوسٹ تباہ کردی جبکہ پاک فوج نے برنالہ سیکٹر میں بھارت کا ڈرون بھی مار گرایا۔

بھارتی میڈیا نے اپنے تین طیارے مار گرائے جانے کی تصدیق کردی اور پاکستان کی جانب سے دندان شکست جواب کے بعد بھارتی فوج نے لائن آف کنٹرول کے چورا کمپلیکس پر سفید جھنڈا لہرا کر چکست تسلیم کرلی۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ بھارت کے 5 طیارے اور ایک ڈرون کو مار گرایا ہے، پاکستانی فوج نے دشمن کی چیک پوسٹوں کو بھی تباہ کیا، بھارت نے سفید جھنڈا لہرا کر اپنی شکست تسلیم کرلی ہے۔

پاک بھارت کشیدگی

واضح رہے کہ رواں برس 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے سیاحتی مقام پر فائرنگ کے واقعے میں 26 افراد ہلاک اور ایک درجن زخمی ہوگئے تھے۔

بھارت کی ہندو انتہا پسند حکومت نے پہلگام واقعے کی تحقیقات کے بغیر روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو مورد الزام ٹھہرایا اور 'سندھ طاس معاہدے' کو معطل کرنے سمیت متعدد پاکستان مخالف اقدامات کا اعلان کیا تھا۔

پاکستان نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنےکا بھارتی یکطرفہ اعلان مسترد کر دیا جبکہ پاکستانی وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے مسلسل یہ خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا کہ بھارت کسی بھی وقت پاکستان پر حملہ کرنے کی غلطی کر سکتا ہے۔

ٹرمپ نے حملہ 'شرمناک' قرار دیدیا

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے خلاف بھارت کے بزدلانہ حملے کو ’شرمناک‘ قرار دے دیا۔

امریکی نشریاتی ادارے 'سی این این' کے مطابق صدر ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یہ خبر منگل کی شام اوول آفس کی تقریب سے پہلے ملی۔

انہوں نے کہا کہ یہ شرم کی بات ہے، ابھی ہم اوول کے دروازوں سے گزر ہی رہے تھے کہ اس کے بارے میں سنا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف کی حلف برداری کی تقریب کی نگرانی کے بعد کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ ماضی کو مدنظر رکھتے ہوئے لوگ جانتے تھے کہ کچھ ہونے والا ہے، وہ (پاکستان اور بھارت) طویل عرصے سے لڑ رہے ہیں، آپ جانتے ہیں کہ وہ کئی دہائیوں اور صدیوں سے لڑ رہے ہیں، امید کرتا ہوں کہ یہ کشیدگی بہت جلد ختم ہو جائے گی'۔

صدر مملکت کا اظہارِ مذمت

صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف جارحیت اور سرحد پار شہری آبادی کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کی ہے۔

اپنے بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کا بھرپور اور منہ توڑ جواب دے گا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتعال انگیزی کا مقابلہ بھرپور طاقت اور پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔

وزیراعظم کا اظہارِ مذمت

وزیر اعظم شہباز شریف نے بھارتی جارحیت پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مکار دشمن نے پاکستان کے 5 مقامات پر بزدلانہ حملہ کیا، قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، بھرپور جواب دیا جارہا ہے۔

وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا کہ پاکستان بھارت کے مسلط کردہ اس جنگی عمل کا بھرپور جواب دینے کا پورا حق رکھتا ہے اور بھرپور جواب دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا مورال اور جذبہ بلند ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان دشمن سے نمٹنا بخوبی جانتے ہیں، دشمن کو اپنے مزموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔

تازہ ترین