فلم / ٹی وی

'ستارے زمین پر‘ دو فلموں کی فریم بہ فریم کاپی

کیا یہ سب صرف اتفاق ہے یا کچھ اور؟

Web Desk

'ستارے زمین پر‘ دو فلموں کی فریم بہ فریم کاپی

کیا یہ سب صرف اتفاق ہے یا کچھ اور؟

 
ستارے زمین پر‘  دو فلموں کی فریم بہ فریم کاپی

عامر خان کی فلم 'ستارے زمین پر' کا آفیشل ٹریلر ریلیز ہوا، جس میں ایک باسکٹ بال کوچ اور ذہنی معذوری کے شکار کھلاڑیوں کی دل کو چھو لینے والی کہانی دکھائی گئی لیکن جیسے ہی ٹریلر ریلیز ہوا، سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھڑ گئی کہ یہ فلم 'چیمپئنز' کی ہو بہو نقل لگ رہی ہے۔

انٹرنیٹ صارفین نے جلد ہی یہ نوٹ کیا کہ 'ستارے زمین پر' کی کئی سینز ہالی ووڈ فلم 'چیمپئنز' سے فریم بہ فریم ملتی ہیں۔ ایک صارف نے انسٹاگرام پر پوسٹ کیا: 'Cut Copy Paste'۔ اور ایک تبصرہ تو خاصا طنزیہ تھا کہ'کیا ہے بالی وڈ؟ ایک ایسی انڈسٹری جہاں اصل کام چھٹی پر ہے۔‘

اگر آپ کو لگ رہا ہے کہ  معاملہ بس یہیں تک ہے تو نہیں کیونکہ اصل میں 'چیمپئنز' خود بھی 2018 کی اسپینش فلم 'Campeones' کا ریمیک ہے۔

تینوں فلموں میں تقریباً ایک جیسی کہانی، ایک جیسے مناظر، یہاں تک کہ کورٹ روم سینز بھی بہت حد تک ملتے ہیں۔

تو کیا عامر خان نے واقعی کاپی کی ہے؟ کچھ صارفین نے فلم کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ 'ستارے زمین پر' دراصل 'Campeones' کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔

ایک صارف نے لکھا کہ ’'جو لوگ سسٹم کو نہیں سمجھتے، اُنہیں بتا دوں کہ عامر خان پروڈکشنز نے 2018 کی اسپینش فلم Campeones کے ہندی ریمیک رائٹس حاصل کیے ہیں۔'

اگر یہ بات درست ہے، تو پھر یہ فلم کاپی نہیں، بلکہ لائسنسڈ ایڈاپٹیشن ہے۔

کہانی کی بات کریں تو 'ستارے زمین پر' میں عامر خان ایک پروفیشنل باسکٹ بال کوچ کا کردار ادا کر رہے ہیں، جو اپنے سینئر پر حملہ کرنے کے بعد نوکری سے نکالا جاتا ہے اور پھر شراب کے نشے میں ڈرائیونگ کے جرم میں گرفتار ہو جاتا ہے۔ عدالت اسے کمیونٹی سروس کی سزا دیتی ہے  جہاں وہ ذہنی معذوری کے شکار افراد کی ایک ٹیم کو ٹرین کرتا ہے۔

یہی کہانی 'Champions' میں ووڈی ہیرلسن کے کردار کی بھی ہے اور بالکل یہی اسٹوری 'Campeones' میں خاویر گوٹیریز کے ساتھ دیکھی گئی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ تینوں فلموں میں کچھ خاص سینز بھی ایک جیسے ہیں، جیسے:

کوچ کا کھلاڑی کو غلطی سے بال مار دینا، ٹیم کی خاتون کھلاڑی سے کوچ کی بے عزتی، کورٹ روم ڈائیلاگز، کوچ کا غصہ، اور اس کا آہستہ آہستہ نرم دل بن جانا۔

فلم کی کہانی کے بارے میں ایک انٹرویو میں اداکار نے کہا تھا کہ 'لوگ شاید سوچتے ہیں کہ اگر تھیم سنجیدہ ہو تو فلم مزاحیہ کیسے ہوسکتی ہے لیکن آپ جانتے ہیں، راجو ہیرانی کی فلموں کی طرح جس میں بہت سارا ڈرامہ ہوتا ہے، لیکن اس میں مزاحیہ انداز بھی ہوتا ہے، یہ فلم بھی ایسی ہی ہے'۔

فلم ’ستارے زمین پر‘ کے ڈائریکٹر آر ایس پراسانّا ہیں اور یہ فلم عامر خان پروڈکشنز کے بینر تلے بنی ہے۔ فلم کو 'تارے زمین کا' کا اسپِرچوئل سیکوئل کہا جا رہا ہے۔ 

  2007 کی مشہور فلم ’تارے زمین پر‘ میں ڈسلیکسیا جیسے مسئلے کو اجاگر کیا گیا تھا، اس مرتبہ بھی فلم ’ستارے زمین پر’ میں ڈاؤن سنڈروم جیسی سنگین بیماری پر روشنی ڈالی جائے گی۔

’ستارے زمین پر’ میں 10 نئے اداکاروں کو لانچ کیا گیا ہے، جن کے نام آروش دتہ، گوپی کرشنا ورما، سموِت دیسائی، ویدانت شرما، آیوش بھنسالی، آشیش پنڈسے، رشی شاہانی، رشبھ جین، نمن مشرا اور سمرن منگیشکر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ جنیلیا ڈی سوزا بھی فلم میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

فلم 'ستارے زمین پر' 20 جون 2025 کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔