پاک بھارت کشیدگی؛ PSL دبئی منتقل، IPL ملتوی
پی ایس ایل سیزن 10 کے بقیہ تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کی ہے کہ پاک-بھارت کشیدہ صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے بقیہ تمام میچز متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل کر دیے گئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل کے آخری 8 میچز اب یو اے ای میں کھیلے جائیں گے اور اس حوالے سے شیڈول کو دوبارہ ترتیب دیا جا رہا ہے، پی سی بی جلد ہی نئی تاریخوں کا اعلان کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل میچز میں 6 سے 7 دن کی تاخیر متوقع ہے اور زیادہ تر میچز دبئی میں منعقد کیے جائیں گے۔
پی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ حالیہ دنوں میں پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور سرحد پار بھارتی جارحیت کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
اس ضمن میں غیر ملکی کھلاڑیوں کو جلد از جلد دستیاب پروازوں کے ذریعے یو اے ای روانہ کیا جائے گا، تاکہ رواں ماہ کے اختتام تک ٹورنامنٹ مکمل کیا جا سکے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی ایس ایل 10 کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے غیرملکی کھلاڑی اور آفیشلز خصوصی پرواز کے ذریعے آج شام دبئی روانہ ہوں گے، پہلے فیز میں غیرملکی اور دوسرے فیز میں ملکی کھلاڑیوں کو دبئی بھیجا جائے گا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی جب گزشتہ روز راولپنڈی میں کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ہونے والا میچ سیکیورٹی خدشات کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا۔
میچ سے چند گھنٹے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر ایک ڈرون گرنے کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد انتظامیہ نے فوری طور پر میچ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا۔
پی سی بی نے لیگ کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے متبادل شیڈول اور لاجسٹک انتظامات پر کام تیز کر دیا ہے، تاکہ پی ایس ایل کا یہ اہم سیزن کسی تعطل کے بغیر کامیابی سے مکمل کیا جا سکے۔
تمام فرنچائزز کو اس فیصلے سے آگاہ کر دیا گیا ہے اور تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نیا شیڈول جلد جاری کر دیا جائے گا۔
آئی پی ایل ملتوی
دوسری جانب انڈیا اور پاکستان کے درمیان سرحدی کشیدگی کے پیش نظر انڈین کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) 2025 ملتوی کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس بارے میں باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، بی سی سی آئی کے ایک عہدے دار نے 'پریس ٹرسٹ آف انڈیا' کو آئی پی ایل کی معطلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ’یہ اچھا نہیں لگتا کہ ملک حالتِ جنگ میں ہو اور کرکٹ جاری رہے۔‘
یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب گذشتہ روز پنجاب کنگز (پی بی کے ایس) اور دہلی کیپیٹلز (ڈی سی) کے درمیان میچ کو پہلی اننگز کے دوران ہی ختم کرنے کا فیصلہ کر دیا گیا۔
گزشتہ روز پاکستانی حملوں کے خوف کے باعث دھرمشالہ میں جاری آئی پی ایل میچ منسوخ کردیا گیا تھا، دھرمشالہ میں پنجاب کنگز اور دلی کیپٹل کا میچ کھیلا جا رہا تھا اور پنجاب کنگز کی بیٹنگ جاری تھی کہ اچانک 11 ویں اوورز میں میچ روک دیا گیا۔
پہلے فلڈ لائٹس کی خرابی کا بہانہ بنایا گیا اور پھر میچ ختم کردیا گیا، اس دوران تماشائیوں کی بڑی تعداد بھی گراؤنڈ میں موجود تھی جسے فوری خالی کروایا گیا۔
علاوہ ازیں پاکستان سے کشیدگی کے باعث آئی پی ایل میں منتخب آسٹریلین کھلاڑیوں نے جلد از جلد گھر واپسی کا سوچنا بھی شروع کر دیا۔





