انفوٹینمنٹ

سوناکشی بھی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

اداکارہ نے میڈیا کو سنسنی پھیلانےکی کوششوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

Web Desk

سوناکشی بھی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

اداکارہ نے میڈیا کو سنسنی پھیلانےکی کوششوں پر تنقید کا نشانہ بنایا۔

سوناکشی بھی جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا پر برس پڑیں

بھارت کی جانب سے پاکستان کو حملوں کا نشانہ بنانے کے بعد سے دونوں ممالک کے درمیان شدید گشیدگی جاری ہے۔

ایسے میں دونوں ممالک کا میڈیا اور سوشل میڈیا پر بھی جنگ کا ماحول نظر آرہا ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے علاوہ سیلیبریٹریز بھی بڑھ چڑھ کر اپنی افواج کے لیے سپورٹ ظاہر کررہی ہیں۔

تاہم بھارتی میڈیا نے جعلی اور جھوٹی خبریں پھیلانے میں سوشل میڈیا ٹرولز کو بھی کہیں پیچھےچھوڑ دیا اور وہ وہ دعوے کیے کہ خود بھارتیوں کی جانب سے ان کے خلاف کارروائی کے مطالبے کیے جانے لگے۔

بھارتی میڈیا نے وار رومز بنا کر لائیو کوریج کا سلسلہ جاری کر رکھا ہے جس میں تہلکہ مچانے والی سرخیوں، سنسنی پھیلانے والے گرافکس کے ساتھ چنگھاڑتے ہوئے اینکرز خوف کا ماحول بنانے میں کسی قسم کی کوئی کمی نہیں چھوڑ رہے۔

تاہم بھارتی میڈیا کی جانب سے خبروں کے نام پر ایسی ایسی کہانیاں شیئر کی گئیں کہ خود اس کے اپنے ناظرین بھی برس پڑے۔

بھارتی میڈیا کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں میں بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا بھی شامل ہوگئیں۔

فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر اداکارہ نے حکومت کی جانب سے میڈیا کے لیے جاری کردہ ایڈوائزری شیئر کی اور اپنی برہمی کا اظہار کیا۔

بھارتی وزارت دفاع کی ایڈوائزری میں تمام میڈیا چینلز اور دیگر افراد کو دفاعی آپریشن کی لائیو کوریج  اور اس کی رپورٹنگ کرنے سے روکا گیا تھا۔

انسٹاگرام اسٹوری اسٹوری شیئر کرتے ہوئے اداکارہ نے لکھا کہ 'ہمارے نیوز چینلز ایک مذاق ہیں'۔

اسکرین گریب/انسٹاگرام
اسکرین گریب/انسٹاگرام

ان کا کہنا تھا کہ میں اس ڈراماٹائیز ویژوئلز اور ساؤنڈ ایفیکٹس، اس چیخ پکار سے تھک چکی ہوں، تم سب کیا کررہے ہو؟ صرف اپنا کام کرو، حقائق کو اس طرح بیان کرو جیسے وہ ہیں۔

اداکارہ نے میڈیا کو تنبیہہ کرتے ہوئے کہا کہ 'خدا کے لیے جنگ کی سنسنی اور عوام میں افراتفری پھیلانا بند کروجو کہ پہلے ہی پریشان ہیں'۔

انہوں نے لوگوں کو بھی مشورہ دیا کہ 'کوئی قابل بھروسہ خبروں کا ذریعہ تلاش کریں اور صرف اسی پر یقین کریں، خبروں کے نام پر یہ کچرا دیکھنا بند کریں۔

خیال رہے کہ 8 مئی کی رات بھارتی میڈیا نے تمام اخلاقی و صحافتی حدود پامال کرکے جھوٹی خبروں کے انبار لگادیے تھے جس پر خود بھارتی شہری ان کے خلاف ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے نظر آئے۔

تازہ ترین