پاکستان

بھارتی دفاعی نظام تباہ کرنے والے پاکستانی JF-17 کی ویڈیو جاری

پاک فضائیہ نے بھارت کو سب سے بڑا جھٹکا اسکے فضائی دفاعی نظام ایس 400 کو تباہ کر کے دیا

Web Desk

بھارتی دفاعی نظام تباہ کرنے والے پاکستانی JF-17 کی ویڈیو جاری

پاک فضائیہ نے بھارت کو سب سے بڑا جھٹکا اسکے فضائی دفاعی نظام ایس 400 کو تباہ کر کے دیا

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

پاکستان نے بھارتی جارحیت کے جواب میں بھارت کے خلاف ’آپریشن بُنیان مرصوص‘ کا آغاز کرکے مودی حکومت کا جنگی جنون خاک میں ملا دیا۔

آپریشن بُنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس، سرسہ ایئربیس، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا۔

پاک فضائیہ کی جانب سے بھارت کو سب سے بڑا جھٹکا بھارت کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 کو تباہ کر کے دیا گیا۔

پاکستانی فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں نے اپنے ہائپر سونک میزائل سے ایس 400 کا ائیر ڈیفنس سسٹم مکمل طور پر تباہ کر دیا جسکی ویڈیو بھی اب سامنے آگئی ہے اور سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہورہی ہے۔

ایس 400 کی اہمیت

ایس 400 روس کا تیار کردہ فضائی دفاعی نظام ہے جسے بھارت نے 2018 میں خریدا تھا، بھارتی عوام کو ایس 400 فضائی دفاعی نظام پر بہت زیادہ غرور تھا کہ ہمارے پاس ایسا فضائی دفاعی نظام موجود ہے جو پاکستان سے آنے والے میزائلوں کو روکنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ایس 400 ایک ہی وقت میں 300 ٹارگٹ کو ٹریس کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے اور ایک ہی حملے میں 36 ٹارگٹ کو تباہ کر سکتا ہے یا انہیں انگیج کر سکتا ہے۔

ایس 400 ائیر کرافٹ، کروز میزائل، بیلسٹک میزائل اور ان ڈرونز کو نشانہ بنا سکتا ہے، یہ دفاعی نظام 4.8 کلو میٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے دوڑنے والے کسی بھی قسم کے میزائل کو تباہ کر سکتا ہے۔

بھارت نے تین 'ایس 400' سسٹم نصب کر رکھے ہیں اور پاکستانی فضائیہ کی جانب سے تباہ کیے گئے ایک ایس 400 کی مالیت لگ بھگ 1 اعشاریہ 5 بلین ڈالر ہے۔

پاک فضائیہ کے جے ایف 17 تھنڈر طیاروں کی خصوصیات

واضح رہے کہ پاکستان کے پاس اس وقت 168 'جے ایف 17' تھنڈر طیارے موجود ہیں جوکہ اس نے چین کے اشتراک سے تیار کیے ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستانی افواج کے پاس 25 'جے 10 سی' طیارے موجود ہیں جو کہ پاکستان نے خاص طور پر رافیل طیاروں کے توڑ کے طور پر 2021 میں حاصل کیے تھے۔ 

ماہرین کے مطابق 'جے ایف 17' تھنڈر طیارہ ایک ہمہ جہت، کم وزن، فورتھ جنریشن ملٹی رول ایئر کرافٹ ہے۔

جے ایف تھنڈر طیارہ' ایف 16 فیلکن' کی طرح ہلکے وزن کے ساتھ ساتھ تمام تر موسمی حالات میں زمین اور فضائی اہداف کو نشانہ بنانے والا ہمہ جہت طیارہ ہے جو دور سے ہی اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائل سے لیس ہے۔

جے ایف 17 تھنڈر نے اسی صلاحیت کی بدولت بی وی آر (Beyond Visual Range) میزائل سے بالاکوٹ واقعے کے بعد انڈین فضائیہ کے مگ کو گرایا تو اس کے ساتھ ہی جے ایف 17 تھنڈر کو بھی خوب پذیرائی ملی۔

جے ایف 17 تھنڈر طیاروں میں وہ جدید ریڈار نصب ہے جو رفال کی بھی بڑی خوبی گنی جاتی ہے۔ یہ طیارہ ہدف کو لاک کر کے میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کی رینج 150 کلومیٹر تک بتائی جاتی ہے اور یہ میزائل اپنے ہدف کا بالکل ایسے ہی پیچھا کرتا ہے جیسے ہالی وڈ کی متعدد فلموں میں دکھایا جاتا ہے۔

پاک بھارت کشیدگی

یاد رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

بعدازاں آج 10 مئی کو بھارت کے خلاف 'آپریشن بُنیان مرصوص' کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس، سرسہ ایئربیس، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا۔