سوشل میڈیا

بھارتی ایئر بیس تباہ کرنے والے پاکستانی پائلٹس کی وائرل تصاویر، حقیقت کیا؟

سینئر صحافی عمر چیمہ نے وائرل تصاویر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی

Web Desk

بھارتی ایئر بیس تباہ کرنے والے پاکستانی پائلٹس کی وائرل تصاویر، حقیقت کیا؟

سینئر صحافی عمر چیمہ نے وائرل تصاویر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی

(فوٹو: سوشل میڈیا)
(فوٹو: سوشل میڈیا)

بھارتی جارحیت کے جواب میں پاکستان نے بھارت کے خلاف ’آپریشن بُنیان مرصوص‘ کا آغاز کرکے مودی حکومت کا جنگی جنون خاک میں ملا دیا۔

آپریشن بُنیان مرصوص کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس اور سرسہ ایئربیس کے علاوہ سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا ہے۔

اس دوران پاکستانی پائلٹس سے منسوب کئی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی جنہیں بھارت کے خلاف پاکستان کے 'آپریشن بُنیان مرصوص' میں شریک پاکستان پائلٹ قرار دیا جارہا ہے۔

(اسکرین شاٹ)
(اسکرین شاٹ)

وائرل پوسٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ تصویر میں نظر آنے والے پائلٹ کا نام کامران مسیح ہے جن کا تعلق مسیحی برادری سے ہے اور انہوں نے بھارتی ایئربیس تباہ کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

اسی طرح ایک اور تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی جس میں بظاہر کچھ پاکستانی پائلٹس کسی قسم کی دستاویزات پر دستخط کررہے ہیں۔

(اسکرین شاٹ)
(اسکرین شاٹ)

وائرل پوسٹس میں دعویٰ کیا گیا کہ 'ان غازیوں نے اپنی شہادت کے پروانے پر دستخط کیے تھے لیکن الحمداللہ کامیابی سے واپس آگئے'۔

اس تصویر کو معروف اداکارہ دنانیر مبین نے بھی اپنی انسٹاگرام اسٹوری میں شیئر کیا، انہوں نے لکھا کہ 'یہ تصویر دیکھ کر مجھے اپنے والد یاد آگئے، جنہوں نے سیاچن میں جنگ پر جانے سے قبل سر پر کفن باندھ لیا تھا، اپنی وصیت بھی لکھ دی تھی اور اپنے ہتھیار سنبھال کر رات گئے قوم کی حفاظت کیلئے نکل پڑے تھے، اُس وقت میری عمر صرف 3 ماہ تھی، پاک آرمی زندہ باد، پاکستان زندہ باد'۔

(اسکرین شاٹ)
(اسکرین شاٹ)

تاہم سینئر صحافی عمر چیمہ نے ان وائرل تصاویر کے حوالے سے وضاحت جاری کردی ہے۔

انہوں نے اپنے 'ایکس' اکاؤنٹ پر دونوں تصاویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'ان تصاویر کو فیکٹ چیک کرنے کا دل نہیں چاہ رہا لیکن ریکارڈ کی درستگی کی خاطر وضاحت ضروری ہے'۔

پائلٹ کامران مسیح سے منسوب پہلی تصویر کے حوالے سے عمی چیمہ نے لکھا کہ'پہلی تصویر میں موجود یہ لڑکا پائلٹ نہیں ہے اور نہ ہی فائٹر جیٹ میں بیٹھا ہے، یہ پرانی تصویر ہے، یہ نوجوان پاکستان ایئر فورس میں ضرور ہے لیکن کارگو سروس میں'۔

دوسری تصویر کے حوالے سے وضاحت دیتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ 'اسے بک آؤٹ کہتے ہیں جو فلائنگ سے پہلے پائلٹ اپنے سامان کی تصدیق کر رہے ہوتے ہیں کہ مطلوبہ چیزیں پاس ہیں'۔

پاک بھارت کشیدگی

یاد رہے کہ پہلگام حملے کے بعد 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب بھارتی فوج نے رات کی تاریکی میں بزدلانہ حملہ کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے علاقوں کوٹلی، مظفر آباد اور باغ کے علاوہ مریدکے اور احمد پور شرقیہ میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں 2 مساجد شہید ہوئیں جبکہ حملوں میں دو بچوں سمیت 31 پاکستانی شہید اور 51 زخمی ہوئے تھے۔

بھارت کی جانب سے رات کی تاریکی میں پاکستان پر بزدلانہ حملے کے بعد پاکستان نے بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا، پاکستان پر حملہ کرنے والے 3 رافیل، ایک مگ ٹوئنٹی نائن، ایک ایس یو تھرٹی طیارے اور ایک کومبیٹ ڈرون کو مار گرایا۔

بعدازاں آج 10 مئی کو بھارت کے خلاف 'آپریشن بُنیان مرصوص' کے تحت پاکستان نے بھارت میں متعدد اہداف کو نشانہ بناتے ہوئے ادھم پور ایئربیس، پٹھان کوٹ ایئربیس، سرسہ ایئربیس، سورت گڑھ ایئرفیلڈز، براہموس اسٹوریج سائٹ، بھارتی بریگیڈ ہیڈکوارٹر کے جی ٹاپ اور اڑی میں سپلائی ڈپو سمیت 12 اہداف کو تباہ کردیا۔

تازہ ترین