عائزہ خان کا اداکاری کی تعلیم پر فخر کرنا فینز کو ہضم نہ ہوا
نامور اداکارہ کی تازہ پوسٹ تنقید کی زد میں آگئی
پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی ہردلعزیز اداکارہ عائزہ خان کو اداکاری کی تعلیم حاصل کرنے اور اپنی پوسٹ میں اس پر فخر کرنے پر فینز نے انکی جم کرکھینچائی کردی۔
ڈراما 'پُلِ صراط' ، 'بری عورت' اور 'پیارے افضل' میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ عائزہ خان نہ صرف شوبز انڈسٹری میں ایک مشہور شخصیت ہیں بلکہ سوشل میڈیا کی دنیا میں بھی انکے نام کا ڈنکا بجتا ہے جہاں وہ نت نئی پوسٹس سے ہر لمحہ اپنے فینز کو محظوظ کرتی نظر آتی ہیں۔
لیکن جب حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران عائزہ خان کو اپنے ملک کی حمایت کرنے اور محب وطن ہونے کا ثبوت پیش کرنا چاہیے تھا اس وقت انکا سوشل میڈیا اکاؤنٹ خاموشی کا عالم پیش کررہا تھا۔
ایسے میں فینز جو انکی پوسٹ کے منتظر تھے اب معاملات طے پاجانے اور جنگ بندی ہوجانے کے بعد اداکارہ کا انسٹاگرام اکاؤنٹ کا رخ کرنے پر سیخ پا ہوگئے۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عائزہ خان نے پوسٹ شیئر کی جس میں انہیں اداکاری کی تعلیم حاصل کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔
یونیورسٹی آف دی آرٹس لندن سے لی گئی ان تصاویر میں عائزہ کو اپنے اسکول کے ساتھیوں کے ساتھ مخلتف پوز دیتے دیکھا جاسکتا ہے جنہیں شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں عائزہ خان نے سیکھنے کے جذبے پر فخر کا اظہار کرڈالا۔
اداکارہ نے کیپشن میں لکھا کہ،’کلاس میں کسی نے مجھ سے پوچھا، 'جب آپ پہلے ہی عائزہ خان ہیں تو پڑھنے کا کیا فائدہ؟' میں نے جواب دیا، 'میں اس لیے نہیں پڑھ رہی کہ میں عائزہ خان ہوں۔ میں اس لیے پڑھ رہی ہوں تاکہ میں اپنی بیٹی، اپنے مداحوں اور ان تمام لڑکیوں کے لیے ایک رول ماڈل بن سکوں جو مجھے دیکھ کر خواب دیکھتی ہیں۔’
اداکارہ مزید بتاتی ہیں،‘ میں چاہتی ہوں وہ دیکھیں کہ عائزہ ہونا ان کی کامیابیوں کے مقابلے میں ایک سمندر میں صرف ایک قطرے کے برابر ہے، اس لیے کبھی سیکھنا مت چھوڑیں اور کبھی ترقی کرنا مت چھوڑیں۔’
ابھی یہ تصاویر منظرعام پر آئی ہی تھیں کہ کمنٹ سیکشن میں صارفین کی جانب سے متضاد تبصروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
کسی نے ہر بار کی طرح اداکارہ کی جم کر تعریف کی تو بیشتر لوگ ایسے بھی تھے جنہوں نے عائزہ خان کو خوب تنقید کا نشانہ بنایاخاص طور پر ایسے وقت میں جب پاکستان ایک نازک دور سے گزر رہا ہے۔
ایک صارف نے لکھا کہ،‘یہ اور اس کا شوہر ہمیشہ خود کو مغرور، مصنوعی اور فالوورز و ویوز کے پیچھے بھاگنے والا ثابت کرتے رہیں گے، کوئی وقار نہیں۔ میں اس کی فین تھی مگر اب نہیں۔’
ایک اور صارف نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ ہماری پسندیدہ سیلیبریٹی نہیں رہیں، حالیہ خاموشی کے بعد۔’
ایک اور دل جلے مداح نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ،‘یہ خاتون کب اپنی خود پسندی سے باہر نکلے گی؟ کسی کے لیے بھی اچھا رول ماڈل نہیں۔ اسی لیے تعلیم کا وقت پر ہونا ضروری ہے’۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ ’جب آپ اپنی قوم کے ساتھ کھڑی نہیں ہوتیں تو کسی کو پرواہ نہیں رہتی کہ آپ کیا کر رہی ہیں۔’
عائزہ خان کی ابتدائی زندگی اور مختصر تعارف:
15 جنوری 1991 کو پیدا ہونے والے اداکارہ عائزہ خان آج ملک کی صف اول کی اداکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں انہوں نے اپنے کیرئیر میں تین ہم ایوارڈز اور دو لکس اسٹائل ایوارڈز سمیت متعدد اعزازات اپنے نام کیے اور اب وہ انڈسٹری کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک ہیں۔
کہا جاتا ہے کہ عائزہ خان نے اسکول کے دوران ’پینٹین شائن پرنسس’ مقابلے میں حصہ لیا اور پہلی رنر اپ رہیں۔ اس کے بعد انہیں ٹیلی کام کے ایک اشتہار میں ماڈلنگ کی پیشکش ہوئی اور یوں ان کا ماڈلنگ کا سفر شروع ہوا۔ بعد میں انہوں نے اداکاری کا رخ کیا اور 2009 میں ڈرامہ ’تم جو ملے’ میں معاون کردار ادا کیا۔
بعدازاں 2010 میں، عائزہ خان کو ڈرامہ سیریل ’پل صراط’ میں مرکزی کردار ملا اور پھر دیگر چند معاون کردار ادا کرنے کے بعد، انہوں نے 2011 میں جیو انٹرٹینمنٹ کے رومانوی ڈرامہ ’ٹوٹے ہوئے پر’ میں بطور مرکزی اداکارہ کام کیا۔
یہاں بھی اداکارہ کی صلاحیتوں کا اختتام نہیں ہوا بلکہ انہیں انکی صلاحیتوں کے سبب بالی وڈ کی فلموں میں کام کرنے کی پیشکش بھی ہوئی، لیکن انہوں نے انکار کر دیا۔
پیشہ ورانہ کیرئیر کے عروج پر عائزہ خان نے دانش تیمور سے محبت کی شادی کرلی اور شادی کے بعد انہوں نے دو سال کا وقفہ لیا اورپھر 2016 میں ڈرامہ ’تم کون پیا’ کے ذریعے دوبارہ اسکرین پر جلوہ گر ہوئیں۔
ان کے معروف ڈراموں میں ’کوئی چاند رکھ، ’محبت تم سے نفرت ہے’ اور چپکے چپکے’ جیسے نام شامل ہیں اور پھر 2019 کا ڈراما سیریل ’میرے پاس تم ہو’ میں مہوش کے کردار کو بھلا کون فراموش کرسکتا ہے، اور ان انہی صلاحیتوں کے سبب عائزہ خان آج ایک ایسا نام بن چکی ہیں جسے بچہ بچہ جانتا ہے۔




