ہالی ووڈ

ساڑھے 13 کلو وزن کیسے کم کیا؟ آرنلڈ شوارزنیگر کے بیٹے نے بتادیا

Web Desk

ساڑھے 13 کلو وزن کیسے کم کیا؟ آرنلڈ شوارزنیگر کے بیٹے نے بتادیا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ہالی ووڈ کے معروف اداکار اور سابق عالمی شہرت یافتہ باڈی بلڈر آرنلڈ شوارزنیگر کے بیٹے کرسٹوفر شوارزنیگر نے پہلی بار اپنے وزن میں نمایاں کمی کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی ہے۔

27 سالہ کرسٹوفر، جنہوں نے گزشتہ چند برسوں میں خود کو حیران کن انداز میں تبدیل کیا ہے، نے لاس اینجلس میں منعقدہ ’ہیپی اینڈ ہیلتھی سمٹ‘ کے دوران بتایا کہ ان کا وزن کم کرنے کا عمل اچانک نہیں ہوا، بلکہ یہ ایک بتدریج اور طویل سفر تھا۔

کرسٹوفر کے مطابق، انہوں نے 2019ء میں آسٹریلیا کے قیام کے دوران اس سفر کا آغاز کیا، جب انہیں احساس ہوا کہ ان کا اضافی وزن ان کی روزمرہ سرگرمیوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہاں تک کہ وہ اسکائی ڈائیونگ جیسی سرگرمیوں میں بھی حصہ نہیں لے پا رہے تھے۔

کرسٹوفر شوارزنیگر نے کہا کہ،‘میں نے وزن کم کرنے کے لیے بہت سی چیزیں آزمائیں، لیکن سب سے زیادہ مؤثر تبدیلی تب آئی جب میں نے اپنی خوراک میں سے صرف ایک چیز روٹی (بریڈ) کو مکمل طور پر نکال دیا۔‘

انہوں نے مزید وضاحت کی کہ روٹی چھوڑنے کے بعد ہی ان کا وزن تیزی سے کم ہونا شروع ہوا، اور اب تک وہ 30 پاؤنڈ (تقریباً ساڑھے 13 کلوگرام) وزن کم کر چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک مسلسل سفر ہے، اور میں اب بھی خود کو مکمل طور پر تبدیل شدہ نہیں سمجھتا۔

کرسٹوفر کی یہ کہانی صحت مند طرزِ زندگی کی جانب ایک مثبت اور حوصلہ افزا مثال بن چکی ہے، جو نہ صرف جسمانی تبدیلی بلکہ ذہنی پختگی اور طرزِ فکر کی بہتری کی بھی عکاسی کرتی ہے۔