کانز فیسٹیول میں مختصر اور اضافی لباس پہننے پر پابندی عائد
نیم برہنہ لباس اور حد سے زیادہ بڑی یا پھولی ہوئی پوشاکیں سختی سے ممنوع ہوں گی
دنیا کے سب سے معتبر فلمی میلوں میں شمار ہونے والے کانز فلم فیسٹیول نے اپنی 78ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل ریڈ کارپٹ پر لباس سے متعلق نئی سخت ہدایات جاری کر دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کانز فیسٹول کیلئے نئے ڈریس کوڈ کے تحت اب نیم برہنہ لباس اور حد سے زیادہ بڑی یا پھولی ہوئی پوشاکیں سختی سے ممنوع ہوں گی۔
یہ فیصلہ ان حالیہ تنازعات کے بعد سامنے آیا ہے جنہوں نے فیسٹیول کی ساکھ کو متاثر کیا۔
سال 2022ء میں ایک خاتون نے کانز فیسٹول میں 'ٹاپ لیس' حالت میں احتجاج کرکے توجہ حاصل کرنے کی کوشش کی تھی، جبکہ رواں سال کے آغاز میں 'گریمی ایوارڈز' کی سالانہ تقریب میں بیانکا سینسوری نے سرعام بےلباس ہوکر عالمی میڈیا کی سرخیوں میں جگہ بنالی تھی۔
فیسٹیول کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ 'ریڈ کارپٹ سمیت فیسٹیول کے کسی بھی ایریا میں برہنگی کی اجازت نہیں ہوگی'۔
منتظمین نے واضح کیا کہ اگرچہ فیسٹول میں لباس سے متعلق کچھ اصول پہلے سے موجود تھے، مگر اب ان پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے گا، جو نہ صرف فیسٹیول کے وقار بلکہ فرانسیسی قوانین کے تقاضوں کے مطابق ہوگا۔
فیسٹیول کی انتظامیہ کے مطابق 'ان پابندیوں کا مقصد یہ نہیں کہ فیشن کو مکمل طور پر حدود میں رکھا جائے، بلکہ مکمل برہنگی اور غیر معمولی حد تک بڑی پوشاکوں سے اجتناب کیا جائے تاکہ دیگر شرکاء کی سہولت اور حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے'۔
ایسی بڑی اور بھاری پوشاکیں بعض اوقات ریڈ کارپٹ پر چلنے پھرنے اور تقریب کے دوران نشتسوں پر بیٹھنے والوں کیلئے بھی خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔
کانز فیسٹیول کا ریڈ کارپٹ ڈریس کوڈ ماضی میں بھی متنازع رہا ہے، شو کے لیے 'ایلیگینٹ جوتے' پہننے کی شرط کو خواتین کے لیے ہائی ہیلز پہننے پر پابندی کے طور پر دیکھا گیا اور سخت تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
اگرچہ حالیہ برسوں میں اس پابندی پر سختی سے عملدرآمد کم ہی ہوا ہے، مگر کچھ رپورٹس کے مطابق خواتین کو ہیلز نہ پہننے پر فیسٹول میں داخلے سے روکنے کے واقعات بھی سامنے آچکے ہیں۔
منتظمین کا کہنا ہے کہ کانز فیسٹیول اپنی روایتی شان و شوکت برقرار رکھنے کے لیے پرعزم ہے، ہم صرف فیشن کی آزادی، تقریب کے وقار اور عملی ضرورتوں کے درمیان ایک مناسب توازن قائم کرنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ آج 13 مئی سے 24 مئی تک جاری رہنے والے اس موسٹ اویٹڈ ایونٹ میں سیکڑوں مشہور شخصیات، اداکار اور فلم ساز شرکت کریں گے۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ ماضی میں بیلا حدید، ناؤمی کیمبل اور کینڈل جینر جیسی نامور شخصیات ریڈ کارپٹ پر بولڈ لباس میں نظر آ چکی ہیں اور اکثر اوقات ڈریس کوڈ کی خلاف ورزیوں کو نظر انداز کردیا جاتا تھا۔
مگر اب نئی ہدایات کی روشنی میں یہ توقع کی جا رہی ہے کہ فیشن کے نام پر کی جانے والی حد سے تجاوز حرکات پر قدغن لگ جائے گی۔




