اسکینڈلز

9 سال بعد کم کارڈیشین عدالت میں پیش

فیشن ویک سے عدالتی کمرہ تک۔۔۔

Web Desk

9 سال بعد کم کارڈیشین عدالت میں پیش

فیشن ویک سے عدالتی کمرہ تک۔۔۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

امریکی رئیلیٹی اسٹار اور کاروباری شخصیت 44 سالہ کم کارڈیشین، 2016 میں اُن کے ساتھ پیش آنے والے ڈکیتی کے واقعے کے حوالے سے پیرس کی ایک عدالت میں پیش ہوئیں اور انہوں نے اپنا بیان قلمبند کروا دیا۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق، کم کارڈیشین نے عدالت کو بتایا کہ اکتوبر 2016 میں پیرس فیشن ویک کے موقع پر، جب وہ ایک نجی رہائش گاہ میں قیام پذیر تھیں، نقاب پوش افراد اُن کے کمرے میں داخل ہوئے، جنہوں نے پولیس کی وردیوں میں ملبوس ہو کر اُن پر حملہ کیا۔ اس واقعے کے دوران ان سے تقریباً ایک کروڑ ڈالر مالیت کی نقدی اور قیمتی زیورات لوٹ لیے گئے، جن میں 40 لاکھ ڈالر مالیت کی ان کی منگنی کی انگوٹھی بھی شامل تھی، جو تاحال برآمد نہیں ہو سکی۔

عدالت میں بیان دیتے ہوئے کم کارڈیشین نے انکشاف کیا کہ اُس لمحے انہیں گہرے صدمے، خوف اور ذہنی دباؤ کا سامنا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مجھے ایسا لگا جیسے وہ لوگ مجھے قتل کر دیں گے یا میرے ساتھ زیادتی کریں گے۔خوش قسمتی سے ایسا کوئی انتہائی واقعہ پیش نہیں آیا، تاہم اُن کے بقول، انہیں بندوق دکھا کر دھمکایا گیا، زِپ ٹائی سے باندھا گیا اور منہ پر ٹیپ لگا کر دوسرے کمرے میں بند کر دیا گیا۔

عدالت میں پیشی کے موقع پر کم کارڈیشین نے سیاہ لباس زیب تن کیا ہوا تھا اور انہوں نے سیاہ چشمہ لگا رکھا تھا۔ انہوں نے عدالت کو مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد اُن کی زندگی میں نمایاں تبدیلی آئی اور انہوں نے اپنی سیکیورٹی کے نظام کو انتہائی سخت بنا دیا ہے۔ اب چھ سکیورٹی گارڈز ہر وقت ان کے ساتھ موجود رہتے ہیں۔

ڈکیتی کی واردات میں ملوث دس افراد میں نو مرد اور ایک خاتون شامل ہیں، جن کی عمریں 30 سے 70 سال کے درمیان ہیں۔ عدالت میں سماعت کے دوران ایک ملزم کے وکیل نے اپنے موکل کا تحریری اعترافی بیان پڑھ کر سنایا، جس میں اُس نے کم کارڈیشین سے معذرت کی۔ وکیل نے یہ بھی بتایا کہ ان کا موکل اب صحت کی خرابی کے باعث بولنے سے قاصر ہے۔

ایک اور 70 سالہ ملزم نے بھی واردات میں شامل ہونے کا اعتراف کیا، تاہم اس نے ماسٹر مائنڈ ہونے کی تردید کی۔

عدالت نے تمام بیانات ریکارڈ کرنے کے بعد سماعت آئندہ تاریخ تک ملتوی کر دی ہے۔ یہ مقدمہ 23 مئی تک زیرِ سماعت رہے گا، جس کے بعد فیصلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

کم کارڈیشین کے ساتھ پیش آنے والے اس واقعے کو گزشتہ دہائی کی سب سے بڑی ڈکیتیوں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس کیس کی تفتیش 2021 میں مکمل ہوئی تھی، جس کے بعد ملزمان پر باضابطہ فردِ جرم عائد کی گئی تھی۔ اب تقریباً نو سال بعد اس اہم مقدمے کا باقاعدہ ٹرائل شروع ہو چکا ہے، جس کے نتیجے میں عدالتی فیصلہ جلد متوقع ہے۔