بھومی پاڈنیکر کا شاہی روپ، 35 سال پرانے لہنگے میں جلوہ گر
بھومی پاڈنیکر کے خاص لہنگے کی۔
نئی رومانوی ڈرامہ سیریز ’دی رائلز‘ کی فائنل قسط میں بھومی پاڈنیکر نے 35 سال پرانا لہنگا پہنا جو مشہور ڈیزائنر جوڑی ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ نے ڈیزائن کیا۔
ایشان کھتر اور بھومی پڈنیکر کی ‘دی رائلز’ صرف کہانی نہیں، بلکہ فیشن کی ایک مکمل دنیا ہے۔ اس میں دیدہ زیب ملبوسات کا وہ اعلیٰ معیار دیکھنے کو ملا جس کی مثال شاذ و نادر ہی ملتی ہے۔
اس شاندار سیریز میں ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ نے نہ صرف کاسٹ کے لیے اپنے مشہور آرکائیول پیسز مہیا کیے، بلکہ خود بھی سیریز میں ایک خاص کردار کے طور پر نظر آئے۔
بات کرتے ہیں اس لمحے کی جس نے ہر فیشن لور کو دیوانہ بنا دیا یعنی بھومی پاڈنیکر کے خاص لہنگے کی۔
فائنل ایپیسوڈ میں بھومی جب رن وے پر آئیں، تو انہوں نے ایک انتہائی شاندار سرخ رنگ کا لہنگا پہنا ، جسے ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ نے ووگ کو دیے گئے انٹرویو میں’مرر ورک ماسٹر پیس‘ قرار دیا۔
یہ لہنگا ایک 35 سال پرانے آرکائیول برائیڈل آؤٹ فٹ کو دوبارہ زندہ کیا جس میں پانچ ہزار سے زائد شیشے جڑے گئے تھے۔ اس میں غیر متوازی دائرہ نما شیشے شامل کیے گئے تھے۔
بھومی کا بلاؤز بھی کسی شاہکار سے کم نہ تھا۔ ایک طرف اس میں روایت کی جھلک تھی، اور دوسری طرف جدت کی آمیزش۔ نیک لائن انتہائی منفرد انداز میں تنگ رکھی گئی، جبکہ آستینیں ’کیپ سیلیوز‘ تھیں۔
اب بات کریں ایشان کھتر کی تو انہوں نے سیریز میں ایک نیوی بلیو شیروانی پہنی، جسے مرر ورک سے انتہائی باریکی سے تیار کیا گیا تھا۔
ڈیزائنر جوڑی کے مطابق ایشان کا پورا لباس تجرباتی تھا جس میں شیروانی کے ساتھ ایک منفرد انداز کی دھوتی شامل کی گئی تھی، جو اورگنزا کپڑے سے بنائی گئی تھی۔ اس کا کٹ اور فلو دیکھ کر کہا جا سکتا ہے کہ یہ انداز جلد ہی شادیوں کے فیشن میں ٹرینڈ بن سکتا ہے۔
ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ نے بتایا کہ زینت امان نے اپنے ریٹائرمنٹ کے بعد کبھی بھی سرخ دلہن کا جوڑا نہیں پہنا۔ لیکن ‘ دی رائلز’ کے لیے انہوں نے ایک شاندار بھاری سرخ لہنگا پہنا، جس میں ان کی شاہانہ شخصیت کھل کر سامنے آئی۔
یہ سب کچھ ابو جانی اور سندیپ کھوسلہ کی مہارت سے ممکن ہوا۔ انہوں نے صرف لباس نہیں بنایا، بلکہ تاریخ کو زندہ کیا۔ زردوزی، بدلہ، آری، کھچا، چنڈیری، گوٹا سبھی روایتی ایمبرائیڈری تکنیکوں کو ملا کر انہوں نے فیشن کی دنیا میں ایک نیا معیار قائم کیا۔
یاد رہے کہ یہ وہی ڈیزائنر جوڑی ہے جنہوں نے 2002 کی مشہور فلم 'دیوداس' کے لیے شاہی لباس ڈیزائن کیے تھے، جو بعد میں ایک انٹرنیشنل میوزیم کی زینت بھی بنے۔



