انفوٹینمنٹ

ٹام کروز کانز فلم فیسٹیول میں آبدیدہ، ویڈیو وائرل

کانز میں فلم 'مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ' کا شاندار پریمیئر

Web Desk

ٹام کروز کانز فلم فیسٹیول میں آبدیدہ، ویڈیو وائرل

کانز میں فلم 'مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ' کا شاندار پریمیئر

کانز  میں فلم مشن امپاسیبل  فائنل ریکوننگ کا شاندار پریمیئر
کانز میں فلم 'مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ' کا شاندار پریمیئر

تین سال قبل فلم ‘ٹاپ گن میورک‘ کے ساتھ کانز فلم فیسٹیول میں دھوم مچانے کے بعد ہالی وڈ سپر اسٹار  ٹام کروز نے حال ہی میں اپنی فلم ‘مشن امپاسیبل  فائنل ریکوننگ‘ کے پریمیئر کے ساتھ ایک بار پھر کریوسیٹ پر ہلچل مچا دی۔

کانز فلم فیسٹیول کے ریڈ کارپیٹ پر جب ٹام کروز شو کے لیے آئے تو لوگ بہت خوش ہوئے اور تالیاں بجائیں جس کے بعد ٹام کروز نے وہاں کھڑے اپنے مداحوں کو آٹوگراف بھی دیے۔

لوگ سوچ رہے تھے کہ شاید ٹام کروز کسی خاص انداز میں آئیں گے جیسے پہلے اپنی ایک فلم کے شو میں اداکار جہاز اڑاتے ہوئے آئے تھے۔

لیکن اس بار ٹام کروز اور ان کی فلم کے دوسرے اداکار ریڈ کارپیٹ پر چل کر آئے ، ساتھ ہی ایک میوزک گروپ ان کی فلم کا مشہور میوزک بجا رہا تھا جسے ٹام کروز نے شاباش بھی دی۔

اگرچہ کانز میں ریڈ کارپیٹ پر سیلفی لینا سختی سے منع ہے لیکن فلم کے ڈائریکٹر نے فلم ‘مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ‘  کی تمام کاسٹ  کی تصویریں لیں اور اس موقع پر ٹام کروز ناظرین سے ملنے والے شاندار ردعمل پر ایموشنل ہوتے ہوئے بھی نظر آئے۔

یاد رہے کہ فلم ‘مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ‘ ٹام کروز کی فرنچائز ‘مشن امپاسیبل‘ سلسلے کی آٹھویں فلم ہے فلم کی کہانی دنیا کو بچانے کے گرد گھومتی ہے جس کی شوٹنگ بہت سے ممالک میں کی گئی ہے۔

کانز فلم فیسٹیول میں فلم دیکھنے کے بعد زیادہ ترناظرین نے فلم کی تعریف کی اور پانچ منٹ تک کھڑے ہو کر تالیاں بجائیں اس موقع پر  ٹام کروز نے لوگوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ بہت شکر گزار ہیں کہ 30 سال سے وہ اس سیریز کی فلموں سے لوگوں کو تفریح فراہم کر رہے ہیں۔

فلم ‘مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ‘  میں اپنے خطرناک اسٹنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ٹام کروز نے کہا کہ انہیں ایسے خطرناک اسٹنٹ کرنے میں مزہ آتا ہے اور وہ ان سے ڈرتے نہیں۔

ریڈ کارپیٹ پر دیے جانے والے اپنے ایک بیان میں ٹام کروز کا کہنا تھا کہ وہ  اور فلم کے ڈائریکٹر چاہتے ہیں کہ لوگ سینما گھروں میں جا کر فلمیں دیکھیں کیونکہ ان کے خیال میں او ٹی ٹی پلیٹ فارمز کی وجہ سے  سینما کا مستقبل خطرے میں ہے۔

واضح رہے کہ  ایکشن، سسپنس اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور فلم مشن امپاسیبل فائنل ریکوننگ‘ 23 مئی کو دنیا بھر میں سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

جس کے ساتھ شائقین ایک بار پھر فلمی دنیا کی سب سے بڑے ایکشن ہیرو کے ہمراہ ایک ناقابلِ فراموش سفر پر روانہ ہوں گے۔