وجے راز کیخلاف جنسی ہراسانی کیس میں بڑی پیش رفت
وجے راز نے فلم 'شیرنی' کی شوٹنگ کے دوران جنسی طور پر ہراساں کیا، خاتون کولیگ

معروف بالی وڈ اداکار وجے راز کو خاتون کولیگ کی جانب سے دائر کیے گئے جنسی ہراسانی کے مقدمے میں مہاراشٹر کی عدالت نے بری کر دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ استغاثہ ملزم کے خلاف کافی شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔
یاد رہے کہ یہ مقدمہ 2020 میں درج کیا گیا تھا، جب ایک خاتون عملے کی رکن نے الزام عائد کیا تھا کہ وجے راز نے فلم 'شیرنی' کی شوٹنگ کے دوران انہیں جنسی طور پر ہراساں کیا۔
یہ فلم اداکارہ ودیا بالن کی نمایاں فلموں میں شمار ہوتی ہے، جس کی شوٹنگ تقریباً 5 سال قبل ہوئی تھی۔
عدالت کا فیصلہ
گوندیا کے ایڈیشنل چیف جوڈیشل مجسٹریٹ مہندر سورٹے نے اداکار وجے راز کے خلاف تعزیرات ہند (IPC) کی دفعات 354-A (جنسی ہراسانی) اور 354-D کے تحت عائد الزامات کو خارج کر دیا۔
عدالت نے فیصلے میں کہا کہ 'شکایت کنندہ نے ہوٹل میں کام کرنے والے دو سے تین افراد کے نام لیے، لیکن ان کے بیانات ریکارڈ نہیں کیے گئے، تفتیشی افسر نے اس ضمن میں مزید تفتیش نہیں کی، اس لیے استغاثہ کے پیش کردہ شواہد کمزور اور ناکافی نظر آتے ہیں'۔
عدالت نے مزید کہا کہ 'ضبط شدہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں بھی ملزم کو مبینہ حرکات کرتے ہوئے واضح طور پر نہیں دیکھا جا سکتا'۔
عدالت کے مطابق استغاثہ ملزم کے جرم کو حتمی طور پر ثابت کرنے میں ناکام رہا، لہٰذا شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزم کو دیا جاتا ہے۔
عدالت نے زبانی گواہی کو بھی ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ کسی فرد کو سزا دینے کے لیے کافی نہیں ہے۔
عدالت نے وجے راز کی ضمانت منسوخ کرتے ہوئے ان کی ضمانتی رقم کی واپسی کا حکم دے دیا، تاہم قانون کے تحت احتیاطی اقدام کے طور پر وجے راز کو ضابطۂ فوجداری (CrPC) کی دفعہ 437-اے کے تحت 6 ماہ کے لیے 7 ہزار روپے کا ضمانتی بانڈ جمع کرانے کی ہدایت دی گئی ہے، تاکہ اگر اس فیصلے کے خلاف کوئی اپیل کی جائے تو وہ عدالت میں حاضر ہو سکیں۔
واضح رہے کہ61 سالہ اداکار وجے راز اب تک90 سے زائد فلموں میں کام کر چکے ہیں، جن میں دھمال، استری، دہلی بیلی جیسی مشہور فلمیں شامل ہیں۔
اس کیس نے ان کی ساکھ پر سنگین سوالات کھڑے کردیے تھے، لیکن عدالت کی جانب سے بری کیے جانے کے بعد ان کے مداحوں اور فلمی دنیا نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔
-
فلم / ٹی وی 2 منٹ پہلے
کاجول 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے سیکوئل پر بول پڑیں
-
وائرل اسٹوریز 25 منٹ پہلے
بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین
-
بالی ووڈ 40 منٹ پہلے
عامر نے مہابھارت کے بعد ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیدی
-
انفوٹینمنٹ 55 منٹ پہلے
عاصم اور میرب کے ایک ساتھ آخری لمحات توجہ کا مرکز