انفوٹینمنٹ

پریش راول نے 'ہیرا پھیری 3' سے راہیں جُدا کرلیں

'بابو بھیا' کے بغیر فلم میں مداحوں کی دلچسپی پر سوال اٹھنے لگے

Web Desk

پریش راول نے 'ہیرا پھیری 3' سے راہیں جُدا کرلیں

'بابو بھیا' کے بغیر فلم میں مداحوں کی دلچسپی پر سوال اٹھنے لگے

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

معروف بھارتی اداکار پریش راول، جو فلم ’ہیرا پھیری‘ کے لازوال کردار بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے یعنی 'بابو بھیا' کے نام سے جانے جاتے ہیں، نے فلم کے تیسرے حصے ’ہیرا پھیری 3‘ سے راہیں جدا کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

یہ خبر اُن کے مداحوں کے لیے کسی دھچکے سے کم نہیں، جو اس فلم کے تیسرے حصے میں انہیں ایک بار پھر اکشے کمار (راجو) اور سنیل شیٹی (شیام) کے ساتھ دیکھنے کے منتظر تھے۔

’ہیرا پھیری 3‘ ابتدا سے ہی تنازعات اور تاخیر کا شکار رہی ہے، پہلے اکشے کمار نے فلم چھوڑ دی تھی اور ان کی جگہ کارتِک آریان کو شامل کرنے کی خبریں گردش میں تھیں۔

بعد ازاں پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے ساتھ اپنے اختلافات ختم کر کے اکشے کمار دوبارہ فلم کا حصہ بن گئے تھے، مداحوں کی توقعات اُس وقت مزید بڑھ گئی تھیں جب یہ اعلان سامنے آیا کہ فلم 'ہیرا پھیری 3' کی ہدایتکاری معروف ڈائریکٹر پریادَرشن کریں گے۔

مگر اب پریش راول نے فلم سے علیحدگی اختیار کرکے مداحوں کی امیدوں پر دوبارہ پانی پھیر دیا ہے۔

معروف انٹرٹینمنٹ ویب سائٹ 'بالی وُڈ ہنگامہ' سے بات کرتے ہوئے پریش راول نے مختصر الفاظ میں اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 'جی ہاں، یہ سچ ہے'۔

علیحدگی کی وجہ؟

میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم سازوں اور پریش راول کے درمیان اس فلم کے تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات اس فیصلے کی اصل وجہ بنے، کہا جا رہا ہے کہ ان اختلافات کے باعث پریش راول نے فلم سے الگ ہونے کا فیصلہ کیا۔

جہاں ایک جانب اکشے کمار کی واپسی سے شائقین خوش تھے، وہیں اب 'بابو بھیا' کے بغیر فلم میں مداحوں کی دلچسپی پر سوال اٹھنے لگے ہیں۔

پریش راول کا کردار 'بابو راؤ' اس فلم کی جان سمجھا جاتا تھا اور ان کی میمز بھی خوب وائرل رہتی تھیں، اور یہی کردار اس فلمی فرنچائز کو 'کلٹ کلاسک' کا درجہ دلوانے میں سب سے اہم عنصر تھا۔

اب سب کی نظریں ان سوالوں کے جواب کی متلاشی ہیں کہ کیا 'بابو بھیا' کے کردار کے لیے کوئی اور اداکار لیا جائے گا؟ یا یہ کردار مکمل طور پر فلم سے ہٹا دیا جائے گا؟ اور اس کے بعد کیا فلم میں مداحوں کی دلچسپی برقرار رہ پائے گی؟

یاد رہے کہ اس فرنچائز کی پہلی فلم 'ہیرا پھیری' سال 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جو سینما میں اوسط کامیابی سمیٹنے کے باوجود ٹی وی پر بے پناہ مقبول ہوئی، بعدازاں 2006 میں 'پھر ہیرا پھیری'ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔