کرن جوہر تنقید کےباوجود بالی وڈ میں نیپوٹزم کے حامی
ٹیلنٹ کو مواقع دیتا رہوں گا، کرن جوہر
فلم ساز کرن جوہر نے ہندی فلم انڈسٹری میں اسٹار کڈز کی حمایت سے متعلق اپنے مؤقف کو ایک بار پھر دُہرایا ہے۔
حالیہ انٹرویو میں ہدایتکار اور پروڈیوسرکرن جوہر نے اس نفرت پر کھل کر بات کی جو انہیں اپنی فلموں میں اسٹار کڈز کو کاسٹ کرنے پر ملتی ہے۔
انہوں نےکہا کہ جب تک وہ ان کے ٹیلنٹ پر یقین رکھتے ہیں وہ انہیں موقع دیتے رہیں گے،ایک انٹرویو میں کرن جوہر نے کہا کہ سنیما کے دانشور ان کے پروڈکشن ہاؤس، دھرما پروڈکشنز کو وہ کریڈٹ نہیں دیتے جس کا وہ حقدار ہے۔
فلم نادانیاں کی مثال دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سنیما کے دانشور کسی اور کی تعریف کریں گے لیکن اگر فلم دھرما پروڈکشنز کی ہو تو وہ کچھ نہیں کہیں گے۔
کرن جوہر نے کہا کہ نادانیاں سے نفرت کرنا ایک فیشن بن گیا، جتنی زیادہ نفرت، اتنی زیادہ ویڈیوز اور اتنی زیادہ انگیجمنٹ، لوگ نیپو کڈز کو برا بھلا کہنے میں مزہ لے رہے ہیں اور میرا ردعمل یہ ہے کہ آگے بڑھو۔
’نادانیاں‘ سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان کی پہلی فلم تھی، جس میں خوشی کپور بھی ان کے ساتھ تھیں۔
اس فلم کو اداکاری اور اسکرپٹ دونوں کے لحاظ سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا، خاص طور پر ان دونوں اسٹار کڈز کو آن لائن خوب ٹرول کیا گیا۔
کرن جوہر کو پہلے بھی اسٹار کڈز کے ساتھ کام کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا چکا ہے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ یہ تاثر کہ وہ صرف اسٹار کڈز کے ساتھ ہی کام کرتے ہیں درست نہیں ہے۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں بھی نئے اسٹار کڈز کو لانچ کرتے رہیں گے، تو انہوں نے اثبات میں جواب دیا اور کہا کہ جب تک مجھے ان کے ٹیلنٹ پر یقین ہوگا، میں ضرور ایسا کرتا رہوں گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کیا میں بالی وڈ نفرت کا چہرہ ہوں؟ اور اگر ہوں، تو شکریہ کہ مجھے اس سطح تک لے آئے لیکن کیا میں اس کا مستحق ہوں؟ مجھے نہیں لگتا۔
کرن جوہر کا حالیہ اور آنے والا کام
کرن جوہر کی دھرما پروڈکشنز نے اس سال دو ہندی فلمیں پروڈیوس کی ہیں،’ نادانیاں‘ (جس میں ابراہیم علی خان اور خوشی کپور نے مرکزی کردار ادا کیے) اور’ کیسری چیپٹر 2‘، جس میں اکشے کمار، آر مادھون اور اننیا پانڈے شامل تھے، ان کی اگلی فلم’ دھڑک 2‘ ہے، جس میں سدھانت چترویدی اور تریپتی دمری مرکزی کردار میں ہوں گے۔
کرن کی آخری ہدایت کردہ فلم’ راکی اور رانی کی پریم کہانی‘ تھی جو 2023 میں ریلیز ہوئی۔
اس میں رنویر سنگھ اور عالیہ بھٹ نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، فلم نے دنیا بھر میں 355 کروڑ کا بزنس کیا اور باکس آفس پر کامیاب رہی۔



