ہائی پیڈ اسٹار سے مسلمان ہونے تک دیپیکا ککڑ کے کریئر پر ایک نظر
دیپیکا کو بھارتی ٹیلی ویژن کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ کا درجہ حاصل تھا
بھارتی اداکارہ دیپیکا ککڑ کا شمار ٹیلی ویژن انڈسٹری کی محبوب ترین اداکاراؤں میں ہوتا ہے۔ دیپیکا مقبول بھارتی ڈراما سیریل 'سسرال سمر کا' اور 'کہاں ہم کہاں تم' میں اپنے اہم کرداروں کے لیے مشہور ہیں۔
ان کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ جب اداکارہ نے ریئلٹی شو 'بگ باس 12' میں حصہ لیا تو ان کے مداحوں نے پورے سیزن میں ان کی حمایت کی اور وہ اس شو کی فاتح قرار پائیں۔
مگر افسوسناک طور پر دیپیکا ان دنوں اپنی صحت کے حوالے سے خبروں میں ہیں کیونکہ اداکارہ کے جگر میں ٹیومر کی تشخیص ہوئی ہے ان کے شوہر اداکار شعیب ابراہیم نے حال ہی میں یوٹیوب پر ایک ولاگ پوسٹ کیا اور اپنی اہلیہ و اداکارہ دیپیکا کی صحت کے حوالے سے مداحوں کو آگاہ کیا۔
اپنے ولاگ میں شعیب نے بتایا کہ دیپیکا کو پیٹ میں درد شروع ہوا تھا جو اینٹی بائیوٹکس لینے کے بعد کم ہو گیا تھا مگر تکلیف بڑھنے پر سی ٹی اسکین کروانے کے بعد پتہ چلا کہ ان کے جگر کے بائیں لوب میں ایک کافی بڑا ٹیومر پایا گیا جو تقریباً ٹینس بال جتنا بڑا تھا۔
چونکہ دیپیکا جلد ہی سرجری کروانے والی ہیں اس لیے شعیب نے ان کے مداحوں سے ان کی صحتیابی کے لیے دعا کرنے کی درخواست کی ہے۔
دیپیکا اور شعیب کے مداح ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں تاہم آئیے جانتے ہیں کہ ٹی وی کی ایک وقت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ نے اپنے خاندان کے لیے اپنا کامیاب کریئر کیسے چھوڑ دیا۔
ٹیلی ویژن کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ
اپنی تعلیم مکمل کرنے کے بعد دیپیکا ککڑ نے تین سال تک فلائٹ اٹینڈنٹ کے طور پر کام کیا جس کے بعد انہوں نے سال 2010 میں شو 'نیر بھرے تیرے نینا' سے ٹیلی ویژن پر ڈیبیو کیااور اس کے بعد وہ 'اگلے جنم موہے بٹیا ہی کیجو' میں نظر آئیں۔
تاہم اداکارہ کو ڈراما سیریل 'سسرال سمر کا' میں 'سمر' کے کردار سے بے پناہ شہرت اور پہچان ملی۔
دیپیکا نے چھ سال تک 'سسرال سمر کا' میں مرکزی کردار ادا کیا اور ٹیلی ویژن کی دنیا کی سب سے زیادہ مطلوب اداکارہ بن گئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دیپیکا فی قسط 70,000 روپے معاوضہ لیتی تھیں اور ٹیلی ویژن انڈسٹری کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکارہ بن گئیں۔
پہلی ناکام شادی کے بعد شعیب ابراہیم سے محبت
سال 2011 میں اداکارہ دیپیکا ککڑ نے رونق سیمسن سے شادی کی تاہم یہ شادی زیادہ دیر نہ چل سکی اور دونوں نے 2015 میں طلاق لے لی۔
'سسرال سمر کا' کی شوٹنگ کے دوران دیپیکا کی ملاقات شعیب ابراہیم سے ہوئی اور ان کی آن اسکرین کیمسٹری نے سب کو حیران کر دیا۔
شعیب نے بھی مشکل وقت میں دیپیکا کو ان کی طلاق کے دوران سہارا دیا اور دونوں اچھے دوست بن گئے۔
شادی کے لیے اسلام قبول کرکے نام فائزہ رکھا
اداکارہ دیپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم کی دوستی جلد ہی محبت میں بدل گئی اور دونوں نے ہمیشہ کے لیے ایک ساتھ زندگی گزارنے کا فیصلہ کیا۔
2018 میں شعیب اور دیپیکا نے نکاح کرکے شادی کر لی جہاں ابتدائی طور پر انہوں نے ایک بڑی شادی کی منصوبہ بندی کی تھی لیکن بعد میں انہوں نے اپنی منصوبہ بندی بدل کر ایک شادی کیلئے بالکل نجی تقریب منعقد کی۔
شعیب ابراہیم کے ساتھ اپنی بین المذاہب شادی کے لیے اداکارہ دیپیکا نے اسلام قبول کیا اور اپنا نام فائزہ رکھا۔
اسقاط حمل کا شکار
اداکارہ دیپیکا ککڑ اور شعیب ابراہیم نے 2023 میں اپنے پہلے حمل کا اعلان کیا حالانکہ جوڑے کی حمل کے بارے میں بہت سی افواہیں تھیں۔
تاہم اس دوران جوڑے نے اپنے ولاگ پر اس خبر کو چھپانے کی وجہ بتائی اور انکشاف کیا کہ 2022 میں دیپیکا کا اسقاط حمل ہو گیا تھا۔
شعیب نے بتایا کہ دیپیکا چھ ہفتوں کی حاملہ تھیں جب انہیں یہ نقصان اٹھانا پڑا اور اس کا ان پر بہت برا اثر ہوا تھا جس کے بعد جون 2023 میں جوڑے نے اپنے بیٹے کا استقبال کیا جس کا نام انہوں نے روحان رکھا۔
فیملی کیلئے کامیاب کریئر چھوڑ دیا
سال 2019 میں دیپیکا ڈراما سیریل 'کہاں ہم کہاں تم' میں نظر آئیں لیکن یہ شو زیادہ دیر نہ چل سکا اور دیپیکا بھی اسکرین سے غائب ہونے لگیں۔
دیپیکا نے اپنے بیٹے روحان کی پیدائش کے بعد اپنا کریئر چھوڑ دیا اور اسے اپنی پوری توجہ بیٹے کو دینے کا فیصلہ کیا جس کے بعد اداکارہ نے 'ماسٹر شیف انڈیا' میں بھی حصہ لیا لیکن کندھے کی انجری کی وجہ سے شو درمیان میں ہی چھوڑ دیا۔
دیپیکا ککڑ 2011 سے 2018 تک بھارتی ٹیلی ویژن کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں سے ایک تھیں متعدد رپورٹس کے مطابق اداکارہ کی مجموعی مالیت 40 سے 45 کروڑ روپے تھی۔




