انیل کپور کا سنیتا کیساتھ شادی کی 41ویں سالگرہ کا جشن
اداکار کی دل چھو لینے والی پوسٹ وائرل
بالی وڈ اداکار انیل کپور نے زندگی بھرکی ساتھی و اہلیہ سنیتا کپور کیساتھ شادی کے 41 سال مکمل ہونے کا جشن مناتے ہوئے دل چھو لینے والی پوسٹ سوشل میڈیا کی زینت بنادی۔
انیل کپور نے اپنی شادی کی 41ویں سالگرہ کے خاص موقع کو مزید خاص بنانے کیلئے انسٹاگرام فیڈ پر پوسٹ شیئر کی جس کیساتھ تحریر کیپشن انکی اہلیہ کیساتھ بے لوث محبت عیاں کرگیا۔
انسٹاگرام پوسٹ میں مختلف کلپ میں انیل اور سنیتا کے قیمتی لمحات شامل ہیں جو ان دونوں کے تعلق خاندان اور خوشیوں بھرے لمحوں کو خوبصورتی سے بیان کرتے ہیں۔پہلی تصویر میں نوجوان انیل اور سنیتا اپنی والدہ کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔
جبکہ دوسری تصویر میں سنیتا اور ان کی ساس کے درمیان ایک پیار بھرا لمحہ قید کیا گیا ہے،تیسری تصویر میں پورا کپور خاندان نظر آ رہا ہے جس میں ارجن کپور، شنایا کپور، جھانوی کپور، سنجے کپور اور بونی کپور بھی شامل ہیں۔
ساتھ ہی ایک اور سلائیڈ میں انیل اور سنیتا کی شادی کے ابتدائی دنوں کی نایاب تھرو بیک تصویر بھی شامل ہے جو انکی محبت بیان کرنے کیلئے کافی ہے۔
ساتھ ہی دیگر تصاویر میں اس جوڑے کی مختلف چھٹیوں کے دلکش لمحات شامل تھے۔
ان تصاویر کو شیئر کرتے ہوئے انیل کپور نے کیپشن میں سنیتا کپور کے ساتھ اپنی 52 سالہ رفاقت پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے ایک جذباتی پیغام لکھا جس میں انہوں نے اپنی زندگی کی ساتھی کے لیے محبت، عزت اور شکرگزاری کا اظہار کیا۔
انیل کپور نے لکھا کہ،’شادی کے 41 سال اور ایک ساتھ کے 52 سال کے دوران ایک دن بھی ایسا نہیں گزرتا جب میں تمہارے لیے شکر گزار نہ ہوں، سنیتا۔ شروعات سے ہی تم صرف میری ساتھی نہیں تھیں، بلکہ میرا سہارا، میرا حوصلہ اور میری زندگی کے ہر موڑ پر میرے ساتھ رہنے والی تھیں۔’
اداکار نے سنیتا کی اپنی والدہ نرمل کپور کے ساتھ محبت اور ان کی خدمت پر بھی خراج تحسین پیش کیا اور مزید لکھا کہ،‘تم میری ماں کے لیے ویسی بنیں جیسے میں کبھی نہ بن سکا تم نے ان کی خدمت کی، ان کے ساتھ کھڑی رہیں، اور انہیں اپنی ماں کی طرح چاہا۔’
انیل کپور نے اپنی حال ہی میں وفات پانے والی والدہ نرمل کپور کو یاد کرتے ہوئے جذباتی انداز میں مزید یہ بھی لکھا کہ،‘میری بس یہی خواہش ہے کہ کاش وہ آج ہمارے ساتھ ہوتیں اور ہمیں ہماری 41ویں سالگرہ پر دعائیں دیتیں، مجھے یقین ہے کہ وہ ہم پر فخر محسوس کر رہی ہیں ہمارے رشتے پر، اس زندگی پر جو ہم نے ساتھ مل کر بنائی ہے۔
اور پھر اس طریل کیپشن کے اختتام پر اداکار نے اپنی بیوی سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں دوست، بیوی اور روح کی ساتھی قرار دیا اور لکھا کہ،‘اب تک کے ہمارے سفر اور آنے والے خوبصورت برسوں کے نام۔ میں تم سے بے حد محبت کرتا ہوں’۔
انیل کپور کا کیریئر:
بات کریں اداکار کے فلمی کیرئیر کی تو انہوں نے سال 1976 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ہمارے تمہارے’ میں ایک مختصر کردار سے اداکاری کی دنیا میں قدم رکھا ،لیکن 1983 میں ریلیز ہونے والی فلم ’وہ سات دن’ میں مرکزی کردار نے انہیں شہرت کے ساتھویں آسمان پر پہنچا دیا۔
بس پھر کیا تھا وقت کے ساتھ ساتھ انیل کپور نے اپنی ورسٹائل اداکاری کی بدولت فلمی دنیا میں ایک خاص مقام حاصل کیا۔ انہوں نے ’بیٹا، مسٹر انڈیا، چمیلی کی شادی، کرما، تیزاب، ایشور، رام لکھن، لاڈلا اور نائیک جیسی مشہور فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
حال ہی میں انیل کپور نے سلمان خان کے ساتھ ’ریس 3’ اور دیپیکا پڈوکون اور ہریتیک روشن کے ساتھ ’فائٹر’ سمیت کئی بڑی فلموں میں بھی اداکاری کے جاہر دکھائے۔



