سنیل شیٹی 'ہیرا پھیری' سے پریش راول کی علیحدگی پر بول پڑے
اداکار نے فلم کے تینوں مرکزی کرداروں کی موجودگی کی اہمیت پر زور دیا۔
جہاں فلمی شائقین کو ہیرا پھیری فرنچائز کی تیسری کڑی کا بے تابی سے انتظار تھا وہیں وہ بابو بھیا، راجو اور شیام کی کیمسٹری کو ایک مرتبہ پھر دیکھنے کے منتظر تھے۔
تاہم مداحوں کو اس وقت دھچکا پہنچا جب پہلے راجو کا کردار نبھانے والے اداکار اکشے کمار کی جگہ کارتک کو سائن کرنے کی خبریں سامنے آئیں تاہم فلم کی کہانی میں تبدیلی کے بعد یہ پتا چلا کہ راجو کا کردار اکشے کمار ہی ادا کریں گے۔
ابھی ناظرین فلم کے حوالے سے کوئی آفیشل اعلان سامنے آنے کی توقع کررہے تھے کہ فلم میں بابو بھیا کا لازوال کردار نبھانے والے پریش روال نے کنارہ کشی اختیار کرلی۔
پریش راول نے 'ہیرا پھیری' سیریز میں 'بابو راؤ گنپت راؤ آپٹے' عرف 'بابو بھیا' کا مشہور کردار ادا کیا تھا، جو وقت کے ساتھ ایک کلٹ کلاسک بن گیا۔
اگرچہ پریش نے فلم سے علیحدگی کی وجہ نہیں بتائی البتہ یہ ضرور واضح کیا کہ ان کے اور میکرز کے درمیان تخلیقی پہلووں پر کوئی اختلاف نہیں ہے۔
اب فلم کے تین مرکزی کرداروں میں سے ایک شیام کا رول نبھانے والے اداکار سنیل شیٹی نے اس معاملے پر اپنی خاموشی توڑ دی ہے، اور ان کے الفاظ یہ ظاہر کرتے ہیں کہ فلم کے لیے انہی تینوں کی کتنی اہمیت ہے۔
بالی ووڈ ببل کو دیے ایک حالیہ انٹرویو میں سنیل شیٹی نے کہا کہ ہیرا پھیری اکشے کمار اور پریش راول دونوں کے بغیر کام نہیں کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ' اگر یہ ہیرا پھیری ہوتی لیکن بابو بھائی (پریش راول) اور راجو (اکشے کمار) نہ ہوتے تو شیام (سنیل شیٹی) کا بھی کوئی وجود نہیں ہوتا، اور شیام کے کوئی معنی نہیں ہوتے۔
اداکار نے تینوں مرکزی کرداروں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ 'آپ ان میں سے کسی کو بھی نکال دیں، فلم نہیں چلے گی۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جو چیز ہیرا پھیری کو خاص بناتی ہے وہ ان تینوں کرداروں کے درمیان کیمسٹری ہے۔
اسی انٹرویو میں سنیل نے بارڈر اور ہیرا پھیری جیسی ملٹی اسٹارر فلمیں کرنے کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کردار اور اس کی انفرادیت انہیں ایسی فلموں کی طرف راغب کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 'میرا اندازہ ہے کہ یہ ہمیشہ رول ہوتا ہے، یہ کردار ہوتا ہے۔۔ ایسے کردار آپ کے پاس کتنی بار آتے ہیں؟ بہت کم۔'۔
بارڈر کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا کہ اس فلم میں ہر اداکار کو ناظرین کی طرف سے یکساں پیار ملا، اور ہیرا پھیری کے ساتھ بھی ایسا ہی ہے۔
سنیل شیٹی نے کیسری ویر میں اپنے کردار کے بارے میں بھی کھل کر کہا کہ وہ اپنے کردار کی جذباتی گہرائی میں اتر جاتے ہیں اگرچہ اس قسم کی گہرائی کے ساتھ صرف دو مناظر ہی کیوں نہ ہوں، میں ایک پلک بھی نہیں جھپکاؤں گا۔ میں یہ کرنا چاہوں گا'۔




