ٹام کروز کی دولت اور شاندار طرز زندگی پر ایک نظر
وہ صرف ایک اداکار نہیں بلکہ ایک کامیاب بزنس مین بھی ہیں
ہالی ووڈ کے سُپر اسٹار ٹام کروز ایک بار پھر دنیا بھر میں خبروں کی زینت بن گئے ہیں اور اس بار وجہ ان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم 'مشن امپاسبل: دی فائنل ریکننگ' ہے جوکہ 'مشن امپاسبل' فرنچائز کی آٹھویں فلم ہے۔
رپورٹس کے مطابق توقع ظاہر کی جارہی ہے کہ ٹام کروز اس فلم سے تقریباً 100 سے 120 ملین ڈالر کے برابر آمدنی کما سکتے ہیں۔
یہ حیران کن کمائی نہ صرف ان کے معاوضے پر مشتمل ہے بلکہ فلم کی کمائی سے حاصل ہونے والا بڑا حصہ بھی اس میں شامل ہے۔
بطور پروڈیوسر، ٹام کروز فلم کی کامیابی سے براہ راست فائدہ اٹھاتے ہیں اور باکس آفس پر نمبرز بڑھنے کے ساتھ ہی ان کی آمدنی بھی آسمان چھونے لگتی ہے۔
فلم کی لاگت اور متوقع آمدنی
'مشن امپاسبل: دی فائنل ریکننگ' کو اب تک کی مہنگی ترین فلموں میں شمار کیا جا رہا ہے، جس کی تیاری پر تقریباً 400 ملین امریکی ڈالر کی لاگت آئی ہے۔
فلم میں خطرناک اسٹنٹس اور جدید ترین اسپیشل ایفکٹس کے علاوہ مختلف ممالک میں اس کی شوٹنگ کی گئی ہے۔
فلم کو 'منافع بخش' اور 'بلاک بسٹر' قرار دیے جانے کیلئے دنیا بھر میں کم از کم ایک ارب ڈالر کمانے ہوں گے، جو بظاہر مشکل لگتا ہے مگر ٹام کروز کی موجودگی اسے ممکن بنا سکتی ہے۔
ٹام کروز نے اپنے کیریئر میں مختلف فلموں سے بھاری معاوضے وصول کیے، جن کی تفصیلات درج ذیل ہیں:
ٹیپس؛ 50 ہزار ڈالر
رسکی بزنس؛ 75 ہزار ڈالر
لیجنڈ؛ 5 لاکھ ڈالر
ٹاپ گن؛ 20 لاکھ ڈالر
کاک ٹیل؛ 30 لاکھ ڈالر
ڈیز آف تھنڈر؛ 90 لاکھ ڈالر
دی فرم؛ ایک کروڑ 20 لاکھ ڈالر
مشن امپاسبل 2؛ 10 کروڑ ڈالر
وار آف دی ورلڈز؛ 10 کروڑ ڈالر
ٹام کروز کی بےپناہ کمائی کا راز
ٹام کروز کی اپنی فلموں سے بے پناہ آمدنی کی ایک بڑی وجہ یہ ہے کہ وہ زیادہ تر اپنی فلموں کے پروڈیوسر بھی ہوتے ہیں۔
انہوں نے 1993 میںCruise/Wagner Productions کے نام سے اپنی پروڈکشن کمپنی قائم کی تھی، جس نے اب تک عالمی باکس آفس پر3 ارب ڈالر سے زائد کمائے ہیں۔
ٹام کروز اپنی فلموں سے 'بیک اینڈ پروفٹ' اور پروڈکشن معاہدوں کے ذریعے بھاری رقوم حاصل کرتے ہیں، جو انہیں اداکار کے ساتھ ساتھ ایک کامیاب کاروباری شخصیت بھی بناتے ہیں۔
جائیدادیں اور اثاثے
دنیا بھر میں کئی پرتعیش جائیدادیں ٹام کروز کی زیرملکیت رہی ہیں:
کولوراڈو میں 320 ایکڑ پر مشتمل ٹیلورائیڈ مینشن، جس میں ہیلی پیڈ، گھڑ سواری کیلئے اصطبل اور 10,000 مربع فٹ پر پھیلا ہوا مکان موجود تھا، 2021 میں انہوں نے یہ39.5 ملین میں فروخت کردیا تھا۔
بیورلی ہلز میں30.5 ملین میں خریدی گئی پراپرٹی بھی انکی زیرملکیت رہی جو انہوں نے40 ملین ڈالر میں فروخت کردی تھی۔
اسی طرح فلوریڈا اور نیویارک سٹی میں لاکھوں ملین ڈالرز کی کئی پراپرٹیز ٹام کروز کی زیرملکیت رہی ہیں۔
ان ہی وجوہات کی بنا پر ہالی وڈ میں ٹام کروز کے بارے میں یہ بات مشہور ہے کہ 'وہ صرف اداکار نہیں بلکہ ایک برانڈ اور کامیاب بزنس مین ہیں'۔
'مشن امپاسبل: دی فائنل ریکننگ' کے بارے میں
'مشن امپاسبل: دی فائنل ریکننگ' کا شاندار پریمیئر حال ہی میں 'کانز فلم فیسٹیول 2025' میں ہوا، جہاں اسے زبردست پذیرائی ملی۔
فلم کے ہدایت کار کرسٹوفر مک کواری ہیں اور یہ فرنچائز کی سب سے بڑی اور مہنگی فلم مانی جا رہی ہے۔
اس کی عالمی نمائش گزشتہ ہفتے ٹوکیو میں ہوئی اور اب یہ23 مئی کو شمالی امریکی سینما گھروں میں ریلیز ہو رہی ہے۔
ٹام کروز کی یہ فلم نہ صرف ایک ایکشن بلاک بسٹر ہے بلکہ ایک بار پھر ثابت کرتی ہے کہ وہ دنیا کے کامیاب ترین اداکار اور فلم ساز کیوں ہیں۔






