'ہیرا پھیری 3' چھوڑنے پر اکشے کمار کا پریش راول پر کروڑوں کا ہرجانہ
چونکا دینے والی پیش رفت نے بالی وڈ انڈسٹری کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا
بالی وڈ کی دنیا سے ایک چونکا دینے والی خبر سامنے آئی ہے جہاں معروف اداکار اکشے کمار نے اپنے پروڈکشن ہاؤس 'کیپ آف گُڈ فلمز' کے ذریعے سینئر اداکار پریش راول کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول پر الزام ہے کہ انہوں نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کے لیے قانونی معاہدہ کرنے اور شوٹنگ شروع کرنے کے بعد اچانک فلم چھوڑ دی، جسے اکشے کمار نے 'انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ' قرار دیا ہے۔
گزشتہ ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پریش راول نے مشہور زمانہ کامیڈی فلم فرنچائز 'ہیرا پھیری' کے تیسرے حصے سے تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کرلی ہے۔
پریش راول نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ وہ ’ہیرا پھیری 3‘ کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم ان کی فلم سے علیحدگی کی وجہ تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات نہیں ہیں۔
انہوں نے اس وضاحت کے ساتھ فلم سے علیحدگی کی اصل وجہ واضح نہیں کی تھی، لیکن بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نے محض یہ کہہ کر فلم کی پروڈکشن سے راہیں جدا کرلی تھیں کہ 'ابھی دل نہیں کر رہا'۔
اس خبر نے ’ہیرا پھیری‘ سیریز کے لاکھوں مداحوں کو مایوس کر دیا تھا، جو فلم کے تیسرے حصے کا شدت سے انتظار کر رہے تھے۔
قابل ذکر بات یہ ہے کہ اس سال اپریل میں فلم کے تینوں مرکزی اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول نے ڈائریکٹر پریادرشن کی ہدایتکاری میں شوٹنگ کا آغاز کر دیا تھا۔
اکشے کمار نے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا سے فلم کے حقوق قانونی طور پر خریدنے کے بعد اسے خود پروڈیوس کرنے کا بیڑہ اٹھایا تھا۔
تنازع کی وجہ: 25 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ؟
دوسری جانب بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول نے ’ہیرا پھیری 3‘ کے لیے مبینہ طور پر25 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا، جو اکشے کمار کو نامنظور تھا۔
حالانکہ پریش راول نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کے فلم چھوڑنے کی وجہ تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات یا معاوضہ نہیں ہے لیکن اب باخبر ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ پریش راول کا 25 کروڑ معاوضے کا مطالبہ ہی تنازع کی اصل وجہ بنا۔
ذرائع کے مطابق پریش راول نے سمجھا کہ ان کا کردار ’بابو راؤ‘ اتنا مشہور ہے کہ فلم ان ہی کے دم پر چلے گی، اس لیے انہوں نے اپنی فیس میں تین گنا اضافے کا مطالبہ کیا۔
اکشے کمار نے ان کی بات ماننے سے انکار کر دیا، جس پر پریش راول نے فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
اکشے کمار کی قانونی کارروائی، بالی ووڈ میں منفرد مثال
ذرائع نے مزید بتایا کہ اکشے کمار نے اب فیصلہ کیا ہے کہ وہ پریش راول کے خلاف 25 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کریں گے، کیونکہ اُن کی 'غیر ذمہ دارانہ حرکت' سے فلم کی شوٹنگ تعطل کا شکار ہو گئی ہے۔
اکشے کمار کے ایک قانونی مشیر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ 'پریش راول نے جو رویہ اختیار کیا وہ پیشہ ورانہ دیانت داری اور کاروباری اخلاقیات کے سراسر خلاف ہے، اگر انہیں فلم نہیں کرنی تھی تو معاہدے پر دستخط کرنے، ایڈوانس لینے اور شوٹنگ میں حصہ لینے کی کیا ضرورت تھی؟'
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ اکشے کمار کی 35 سالہ فلمی کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کسی ساتھی اداکار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پریش راول نے کسی فلم سے عین وقت پر علیحدگی اختیار کرلی ہو۔
سال 2023 میں انہوں نے 'او مائی گاڈ 2' فلم میں کرنے سے انکار کر دیا تھا، جب کہ 2009 میں بھی وہ شاہ رخ خان کی فلم 'بلّو باربر' سے دستبردار ہو چکے تھے، جو اتفاق سے پریادرشن ہی کی ہدایت میں بن رہی تھی۔
لاکھوں مداح مایوسی کا شکار
’ہیرا پھیری‘ جیسی کامیاب فرنچائز کے مداح پریش راول کے اس اقدام سے نالاں نظر آ رہے ہیں۔
فلم کی شوٹنگ اس وقت تعطل کا شکار ہے اور مداح بے چینی سے منتظر ہیں کہ کیا 'بابو راؤ' کی واپسی ممکن ہو پائے گی یا نہیں؟ فلمی دنیا میں یہ تنازع اگلے کئی دنوں تک سرخیوں میں رہنے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ اس فرنچائز کی پہلی فلم 'ہیرا پھیری' سال 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جو سینما میں اوسط کامیابی سمیٹنے کے باوجود ٹی وی پر بے پناہ مقبول ہوئی، بعدازاں 2006 میں 'پھر ہیرا پھیری'ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔
فلم میں 'بابوراؤ گنپتراؤ آپٹے' کا کردار پریش راول نے، 'راجو' کا کردار اکشے کمار نے اور 'گھنشیام' کا کردار سنیل شیٹی نے ادا کیا تھا۔





