انفوٹینمنٹ

اکشے کمار کے لیگل نوٹس پر پریش راول کا ردعمل آگیا

فلم ڈائریکٹر پریادرشن نے اکشے کمار کے مؤقف کی حمایت کردی

Web Desk

اکشے کمار کے لیگل نوٹس پر پریش راول کا ردعمل آگیا

فلم ڈائریکٹر پریادرشن نے اکشے کمار کے مؤقف کی حمایت کردی

اکشے کمار کے لیگل نوٹس پر پریش راول کا ردعمل آگیا

بالی وڈ اداکار اکشے کمار کی جانب سے سینئر اداکار پریش راول کو 25 کروڑ روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجنے کے فیصلہ کے بعد فلم کے ڈائریکٹر پریادرشن اور اداکار پریش راول کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول پر الزام ہے کہ انہوں نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کے لیے قانونی معاہدہ کرنے اور شوٹنگ شروع کرنے کے بعد اچانک فلم چھوڑ دی، جسے اکشے کمار نے 'انتہائی غیر پیشہ ورانہ رویہ' قرار دیا ہے۔

بالی ووڈ کے معروف فلمساز پریادرشن اس وقت شدید حیرت میں مبتلا ہو گئے جب انہیں اداکار پریش راول کے اپنی فلم 'ہیرا پھیری 3' سے اچانک علیحدہ ہونے کی خبر ملی۔

یہ فلم سپرہٹ کامیڈی فرنچائز 'ہیرا پھیری' کے اصل مرکزی کرداروں اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول کو ایک بار پھر اکٹھا کرنے جا رہی تھی، تاہم گزشتہ ہفتے یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پریش راول نے 'ہیرا پھیری' کے تیسرے حصے سے تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات کے باعث علیحدگی اختیار کرلی ہے۔

پریش راول نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی تھی کہ وہ ’ہیرا پھیری 3‘ کا حصہ نہیں بنیں گے تاہم ان کی فلم سے علیحدگی کی وجہ تخلیقی پہلوؤں پر اختلافات نہیں ہیں۔

بعدازاں آج یہ سنسنی خیز خبر سامنے آئی کہ اکشے کمار، جو نہ صرف فلم کے مرکزی اداکار بلکہ اس کے شریک پروڈیوسر بھی ہیں، انہوں نے پریش راول کو قانونی نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

اس نوٹس میں پریش راول پر فلم کو چھوڑنے اور اس کے معاملات کو خراب کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے 25 کروڑ روپے ہرجانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

جب اس معاملے پر پریادرشن سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ 'اکشے کمار کا یہ اقدام درست ہے کیونکہ انہوں نے اپنی محنت کی کمائی اس فلم میں لگائی ہے'۔

پریادرشن کے مطابق اکشے کمار نے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا سے فلم کے حقوق قانونی طور پر خریدنے کے بعد اسے خود پروڈیوس کرنے کا بیڑہ اٹھایا تھا۔

پریادرشن نے کہا کہ 'مجھے سمجھ نہیں آیا کہ یہ سب کیوں ہوا کیونکہ پریش راول نے ہمیں کوئی اطلاع نہیں دی'۔

انہوں نے بتایا کہ 'فلم شروع کرنے سے پہلے اکشے نے مجھ سے کہا تھا کہ میں پریش اور سنیل سے بات کر لوں اور میں نے بات کی، دونوں اس وقت فلم کے لیے تیار تھے'۔

پریادرشن، جو اکشے اور پریش کے ساتھ ایک اور آنے والی فلم بھوت بنگلہ بھی بنا رہے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ 'میرا شاید زیادہ کچھ داؤ پر نہ لگا ہو، لیکن اکشے نے اس فلم میں پیسہ لگایا ہے، اس لیے وہ قانونی قدم اٹھا رہے ہیں، پریش راول نے آج تک مجھ سے اس بارے میں بات نہیں کی'۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول نے ’ہیرا پھیری 3‘ کے لیے مبینہ طور پر25 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ کیا تھا، جو اکشے کمار کو نامنظور تھا۔

اکشے کمار کی 35 سالہ فلمی کیریئر میں یہ پہلا موقع ہے کہ وہ کسی ساتھی اداکار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کر رہے ہیں۔

جب میڈیا نمائندوں نے پریش راول سے اکشے کمار کے قانونی نوٹس پر ردعمل جاننے کی کوشش کی تو انہوں نے مختصر جواب دیا کہ 'مجھے اس کے بارے میں ابھی تک کوئی علم نہیں ہے'۔

واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ پریش راول نے کسی فلم سے عین وقت پر علیحدگی اختیار کرلی ہو، سال 2023 میں انہوں نے 'او مائی گاڈ 2' فلم میں کرنے سے انکار کر دیا تھا، جبکہ 2009 میں بھی وہ شاہ رخ خان کی فلم 'بلّو باربر' سے دستبردار ہو چکے تھے، جو اتفاق سے پریادرشن ہی کی ہدایت میں بن رہی تھی۔

فلمی حلقوں میں اس اچانک پیش رفت پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں اور فلمی شائقین یہ جاننے کے لیے بے چین ہیں کہ کیا 'ہیرا پھیری 3' اپنی اصل کاسٹ کے بغیر بھی وہی جادو بکھیر سکے گی یا نہیں۔

یاد رہے کہ اس فرنچائز کی پہلی فلم 'ہیرا پھیری' سال 2000 میں ریلیز ہوئی تھی، جو سینما میں اوسط کامیابی سمیٹنے کے باوجود ٹی وی پر بے پناہ مقبول ہوئی، بعدازاں 2006 میں 'پھر ہیرا پھیری'ریلیز ہوئی جس نے باکس آفس پر دھوم مچا دی تھی۔

فلم میں 'بابوراؤ گنپتراؤ آپٹے' کا کردار پریش راول نے، 'راجو' کا کردار اکشے کمار نے اور 'گھنشیام' کا کردار سنیل شیٹی نے ادا کیا تھا۔