فلم ‘تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ کی شوٹنگ شروع
کارتک آریان نے مداحوں کو اہم اپڈیٹ فراہم کردی
طویل انتظار کے بعد بالی وڈ کے خوبرو اداکار کارتک آریان اور فلمساز کرن جوہر کے ایک دوسرے کے تعاون سے بننے والی فلم ‘تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ کی شوٹنگ آخر کار شروع ہو گئی ہے۔
اس فلم کا اعلان دھرما پروڈکشنز کی جانب سے گزشتہ سال کرسمس کے موقع پر کیا گیا تھا جس کے بعد ایک حالیہ اپڈیٹ کے مطابق اداکار کارتک آریان فلم کی شوٹنگ شروع کرنے کے لیے ‘سات سمندر پار‘ پہنچ گئے ہیں۔
اداکار کارتک آریان نے حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے مداحوں سےاپنی صبح کے ایک خوبصورت منظر کی جھلک شیئر کی ہے جو چھٹیوں کے لیے بہترین مقام کی نشاندہی کر رہی ہے۔
انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کارتک آریان سمندر کنارے انتہائی کمفرٹیبل لباس میں ملبوس، ہوا میں بکھرے ہوئے بالوں کے ساتھ مداحوں کو سمندر کی دلکش جھلک دکھا رہے ہیں۔
انہوں نے اپنی پوسٹ کو کیپشن دیتے ہوئے مداحوں سے فلم ‘تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ کی شوٹنگ کا اعلان کیا اور ساتھ ہی اپنی اعلانیہ پوسٹ کی کلپ کے پس منظر میں فلم کا ہی ٹائٹل سانگ بھی اپلوڈ کیا۔
کارتک نے اپنی پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں لکھا ‘سمندر کے اس خوبصورت منظر ساتھ بیدار ہونا' جس کے ساتھ انہوں نے پانی کی لہر کا ایموجی اور فلم کا پیش ٹیک بھی استعمال کیا۔
پوسٹ انسٹاگرام پر جاری ہوتے ہی وائرل ہوگئی جس کے کمنٹ سیکشن میں کارتک آریان کے مداحوں نے ان کیلئے اپنی بے حد پسندیدگی کا اظہار بھی کیا۔
ایک صارف نے کمنٹ سیکشن کا رخ کرتے ہوئے لکھا کہ ‘یہ فیصلہ نہیں کر پا رہا کہ کیا زیادہ خوبصورت ہے، منظر یا آپ‘ جبکہ ایک صارف نے لکھا ‘لہریں آپ کی آمد پر خوشی کا اظہار کر رہی ہیں‘۔
ایک اور انسٹاگرام صارف نے لکھا کہ ‘گڈ مارننگ، رے آف سنشائن (مزاحیہ انداز میں)۔ آپ کی شوٹ کے لیے نیک تمنائیں‘۔
کچھ صارفین نے کمنٹ سیکشن میں فلم ‘تو میری میں تیرا، میں تیرا تو میری‘ سے اپنی توقعات کا بھی اظہار کیا جہاں ایک مداح نے اپنےکمنٹ میں لکھا کہ ‘سال 2026 کے لیے ایک اور بلاک بسٹر فلم لوڈ ہو رہی ہے‘۔
ایک اور مداح کا کہنا تھا کہ ‘کارتک اور اس دلکش منظر کے ساتھ، 'میں تیرا تو میری' اگلی بڑی بلاک بسٹر بننے والی ہے‘ جس کے ساتھ دیگر بہت سے افراد نے سرخ دل اور دل والی آنکھوں کے ایموجیز کے ساتھ اپنی محبت کا اظہار کیا۔
واضح رہے کہ اس ویڈیو سے قبل کارتک آریان نے ایک اور ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ سفر کی تیاری کر رہے تھے۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں انہیں ایک ہوڈی پہنے ہوئے دیکھا گیا تھا جس پر ایک سانپ بنا ہوا تھا اور وہ اپنے ساتھ ایک گٹار بھی لیے ہوئے تھے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کی مطابق اداکار کی یہ ویڈیو ان کی دیگر دو آنے والی فلموں ‘ناگزیلا‘ اور انوراگ باسو کی بے نام رومانوی ڈرامہ فلم کا اشارہ تھا۔
کارتک نے اس پوسٹ کے ساتھ کیپشن میں لکھا تھا کہ ‘ناگزیلا کی ہوڈی پہن کر عاشقی والا گٹار لے کے، تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری کی شوٹ کرنے میں چلا رے‘
یاد رہے کہ فلم ‘تو میری میں تیرا میں تیرا تو میری‘ کو کرن جوہر کا دھرما پروڈکشنز اور نمہ پکچرز پیش کر رہے ہیں جس کی ہدایت کاری کے فرائض سمیر ودوانس سرانجام دے رہے ہیں۔





