ہیرا پھیری 3 سے متعلق 10 اہم انکشافات
پریش راول نے فلم ہیرا پھیری 3 میں کام کرنے سے معذرت کرلی
بالی وڈ سپر اسٹارز اکشے کمار، سنیل شیٹھی اور پریش راول کی مشہور کامیڈی فرنچائز ‘ہیرا پھیری‘ کے تیسرے حصے کے حوالے سے مداحوں میں اس وقت تشویش کی لہر دوڑ گئی جب فلم کے مرکزی کرداروں میں سے ایک پریش راول نے فلم سے علیحدگی کا اعلان کیا۔
اس سے قبل ہدایت کار پریا درشن نے رواں سال کے شروع میں فلم کے تیسرے حصے کا اعلان کیا تھا جس میں پرانے تینوں اداکار اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول شامل تھے۔
تاہم حال ہی میں فرنچائز سے پریش راول کے انخلا کے بعد سے صورتحال میں کئی موڑ آئے ہیں جس کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔
1. پریش راول کے فلم سے انخلا کی وجہ
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار پریش راول نے فلم ‘ہیرا پھیری 3‘ کو 'کری ایٹو اختلافات' کی وجہ سے چھوڑ دیا ہے۔
ایک ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ میکرز اور پریش کے درمیان تخلیقی معاملات پر اختلافات تھے جس کے بعد اداکار نے فلم چھوڑ دی۔
2.پریش راول کا رد عمل
اداکار پریش راول جو ‘ہیرا پھیری‘ فرنچائز میں بابو راؤ گنپت راؤ کا آئیکونک کردار ادا کرتے آئے ہیں انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر واضح کیا کہ ان کا فلم سے علیحدگی کا فیصلہ 'کری ایٹو اختلافات' کی وجہ سے نہیں تھا۔
انہوں نے لکھا کہ ‘میں واضح کرنا چاہتا ہوں کہ میرا ہیرا پھیری 3 سے پیچھے ہٹنے کا فیصلہ تخلیقی اختلافات کی وجہ سے نہیں تھا‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ میں دوبارہ کہتا ہوں کہ فلم میکر کے ساتھ کوئی تخلیقی اختلاف نہیں ہے کیونکہ میں فلم کے ڈائیریکٹر مسٹر پریا درشن سے بے پناہ محبت، ان کا احترام اور ان کے کام پر بہت یقین رکھتا ہوں‘۔
3. 25 کروڑ کا قانونی نوٹس
بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ پنک ویلا نے خصوصی طور پر رپورٹ کیا کہ ‘ہیرا پھیری 3‘ کے پروڈیوسرز کیپ آف گڈ فلمز نے پریش راول پر 25 کروڑ روپے کے ہرجانے کا دعویٰ کرتے ہوئے ایک قانونی نوٹس بھیجا ہے۔
ایک ذرائع نے بتایا کہ کیپ آف گڈ فلمز نے کئی اسٹیک ہولڈرز سے ‘ہیرا پھیری 3‘ کے حقوق حاصل کیے تھے اور اس سلسلے میں فلم پر موجود تمام قرضے بھی ادا کیے تھے یہ رقم کروڑوں میں خرچ کی گئی تھی کیونکہ مقصد یہ تھا کہ 20 سال بعد 'ہیرا پھیری' کو دوبارہ بڑے پردے پر لایا جائے گا۔
تاہم اداکار پریش کے غیر پیشہ ورانہ رویے نے فلم کو بھاری نقصان پہنچایا ہے۔
4. اکشے کمار کا نوٹس
ہندوستان ٹائمز کے ساتھ ایک انٹرویو میں ہیرا بھیری کے ڈائریکٹر پریا درشن نے پریش راول کو کروڑوں کے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیجنے کی خبر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اکشے کمار کو پریش راول کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا حق ہے۔
فلمساز نے مزید کہا کہ اداکار کی محنت کی کمائی فلم پر لگی ہے کیونکہ انہوں نے قانونی طور پر فلم کے حقوق پروڈیوسر فیروز نادیادوالا سے خریدے تھے۔
5. اکشے کمار کے پروڈکشن ہاؤس کا بیان
بالی وڈ اداکار اکشے کمار کے پروڈکشن ہاؤس نے پریش راول کے ایگزیٹ کے بعد ایک بیان جاری کیا ہے جس میں اس خبر کی تصدیق کی گئی کہ اداکار نے ان پر قانونی نوٹس کے ذریعے جرمانہ عائد کیا ہے۔
ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹس کے مطابق پریش راول نے فلم کے لیے 11 لاکھ روپے قبول کیے تھے اور ‘ہیرا پھیری 3‘ کے 3 منٹ سے زیادہ کا ٹیزر ویڈیو بھی شوٹ کیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر وہ سات دن کے اندر ان کے مطالبات پر عمل نہیں کرتے تو وہ اکشے کمار اداکار پریش راول کے خلاف 'فوجداری کارروائی' کریں گے۔
6. کردار کیلئے پریش کی ہوشربا ڈیمانڈ؟
انڈیا ٹوڈے کی ایک رپورٹ کے مطابق پریش راول نے اپنے آئیکونک کردار کے لیے 25 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ ان کے مطابق فلم ان کے کردار کی نوسٹیلجیا کی وجہ سے کامیاب ہوگی۔
پریش راول کی اس بات نے اکشے کمار کو ناراض کیا تھا اور انہوں نے اتنی بھاری رقم دینے سے انکار کر دیا تھا یہی وجہ ہے کہ اداکار پریش راول نے فلم میں کام کرنے سے معذرت کرلی تھی۔
7. پریش راول کا فیصلہ
حال ہی میں بھارتی میڈیا سے بات چیت کے دوران اداکار پریش راول نے ‘ہیرا پھیری 3‘ سے علیحدگی کے اپنے فیصلے پر بات کی اور بتایا کہ اب انہیں اس سے کوئی تعلق محسوس نہیں ہوتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال یہ فیصلہ حتمی ہے اور میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ کبھی کسی چیز کے لیے حتمی کا لفظ نہیں کہنا چاہیے کیونکہ مستقبل میں کیا ہوتا ہے کوئی پیش گوئی نہیں کر سکتا۔
8.سنیل شیٹی کی لاعلمی
اسی اثنا میں انڈیا ٹوڈے سے بات چیت میں اداکار سنیل شیٹی نے انکشاف کیا کہ انہیں پریش راول کے آئندہ سیکوئل سے علیحدگی کے بارے میں کوئی علم نہیں تھا۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں یہ خبر اپنے بچوں اتھیا شیٹی اور اہان شیٹی سے ملی۔
انہوں نے کہا ‘میرے بچوں نے مجھے یہ خبر بھیجی اور پاچھا کہ 'پاپا، یہ کیا ہے؟' اور دوسری جانب اس وقت میں اپنے انٹرویوز دے رہا تھا جیسے ہی مجھے یہ کبر ملی میں ششدر رہ گیا‘۔
9. پریش کے بغیر فلم ناممکن
بھارتی میڈیا آؤٹ لیٹ اے این آئی سے بات کرتے ہوئے بالی وڈ اداکار سنیل شیٹی نے تسلیم کیا کہ فلم ان اور اکشے کمار کے ساتھ تو بن سکتی ہے لیکن پریش راول کے بغیر یہ ممکن نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘بابو بھیا‘ کا کردار مداحوں میں سرائیت حاصل کرچکا ہے جس کے بنا فلم کی تکمیل نامکمل سی بات ہے۔
10. سنیل شیٹی کا پریش راول سے رابطہ
بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے اداکار سنیل شیٹی نے کہا کہ وہ پریش سے اس بارے میں بات نہیں کر سکے، لیکن وہ جلد مل کر اس پر بات کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پریش کے انخلا سے قبل انہوں نے ٹریلر شوٹ کیا تھا اور وہ نہیں جانتے کہ انہیں اچانک کیا ہوا۔
واضح رہے کہ 'ہیرا پھیری 3' بالی وڈ کی ایک مشہور کامیڈی فرنچائز ہے جس کا تیسرا حصہ بنانے کا اعلان 2023 میں کیا گیا تھا ۔
رواں سال اس بات کی تصدیق سامنے آئی تھی کہ پہلی دو فلموں کے ہدایت کار پریا درشن ہی تیسرے حصے کی ہدایات دیں گے تاہم پریش راول کے انخلا کے بعد فلم کی شوٹنگ کھٹائی میں پڑتی نظر آرہی ہے۔



