انفوٹینمنٹ

ہمایوں سعید نے 'لَو گرو' کا حیران کن بجٹ بتادیا

'لو گرو' عید الاضحی پر سنیما گھروں کی زینت بننے کو تیار

Web Desk

ہمایوں سعید نے 'لَو گرو' کا حیران کن بجٹ بتادیا

'لو گرو' عید الاضحی پر سنیما گھروں کی زینت بننے کو تیار

ہمایوں سعید نے لَو گرو کا حیران کن بجٹ بتادیا
ہمایوں سعید نے 'لَو گرو' کا حیران کن بجٹ بتادیا

پاکستانی اداکار ہمایوں سعید نے اپنی فلم 'لَو گرو' کے پروموشنل ایونٹ کے دوران فلم کا حیران کن بجٹ بھی بتادیا۔

رواں سال عید الاضحیٰ پر سپر اسٹار ہمایوں سعید بڑے پردے پو محبت کے گرو بنے نظر آئیں گے اور انکے ساتھ معروف اداکارہ ماہرہ خان اسکرین شیئر کریں گی۔ 

رومانوی کامیڈی فلم 'لَو گرو' نے اپنے دلچسپ ٹریلر اور شاندار کاسٹ سے مداحوں کے دل جیت لیے ہیں۔ 

فلم کے ہدایتکار ندیم بیگ ہیں جبکہ کہانی واسع چوہدری نے لکھی ہے۔ مرکزی کرداروں میں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید شامل ہیں، جو فلم میں ایک خود ساختہ 'لو گرو' اور لندن میں رہنے والی آرکیٹیکٹ 'صوفیہ' کے درمیان ہونے والی دلچسپ کہانی بیان کریں گے۔

فلم کو اے آر وائے فلمز اور سِکس سگما پلس کے بینر تلے پروڈیوس کیا گیا ہے جبکہ سلمان اقبال اس کے ایگزیکٹو پروڈیوسر ہیں۔ فلم کی شوٹنگ لندن اور کراچی میں کی گئی ہے۔

ماہرہ خان ان دنوں ہمایوں سعید کے ہمراہ اپنی نئی فلم 'لو گرو' کی پروموشن کے سلسلے میں امریکہ کے دورے پر ہیں جہاں وہ مداحوں کے سوالات کے دلچسپ انداز میں جواب دے رہے ہیں۔

ایک پروموشنل ایونٹ کے دوران 'لَو گرو' سے متعلق بات کرتے ہوئے ہمایوں سعید نے فلم کے بجٹ سے متعلق بھی انکشاف کیا۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ بجٹ اتنا زیادہ نہیں تھا، ہم نے اس فلم پر 28 کروڑ روپے خرچ کیے۔ یہ ایک پاکستانی فلم ہے، بولی وڈ کے مقابلے میں یہ رقم کچھ بھی نہیں۔ ہمارے ڈرامے، جو آپ دیکھتے ہیں، ان کا بجٹ بھی محدود ہوتا ہے۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ 'بجٹ کی بات نہ کریں، بس مجھے یہ بتائیں، کیا کوالٹی اچھی ہے؟ فلم کو دیکھ کر ایسا لگنا چاہیے جیسے یہ 100 کروڑ کی فلم ہے، چاہے بجٹ 30 کروڑ کا ہو۔'

جہاں بالی وڈ فلمیں 100 کروڑ سے بھی زیادہ کے بجٹ سے بنتی ہیں وہیں پاکستانی فلم کو کم بجٹ میں مکمل کرنے پر مداحوں نے نہ صرف بجٹ کو سراہا بلکہ اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستانی ڈرامے اور فلمیں کم بجٹ میں بھی دنیا کی بہترین کوالٹی دیتی ہیں۔

یاد رہے کہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید 10 سال قبل پاکستانی فلم انڈسٹری کو پھر سے تقویت بخشنے والی فلم 'بِن روئے' میں جلوہ گر ہوئے تھے جس میں دونوں کی کیمسٹری فلم بینوں کے دلوں کو چھو گئی تھی۔