دلچسپ و خاص

مسٹر بیسٹ دنیا کے سب سے کم عمر ارب پتی یوٹیوبر بن گئے

2018 سے انہوں نے یوٹیوب پر ‘خیراتی اسٹنٹس‘ کے منفرد انداز سے دھوم مچائی

Web Desk

مسٹر بیسٹ دنیا کے سب سے کم عمر ارب پتی یوٹیوبر بن گئے

2018 سے انہوں نے یوٹیوب پر ‘خیراتی اسٹنٹس‘ کے منفرد انداز سے دھوم مچائی

اسکرین گریب
اسکرین گریب

عالمی شہرت یافتہ یوٹیوبر اور کنٹینٹ کریئیٹر جمی ڈونلڈسن المعروف ‘مسٹر بیسٹ‘  محض 27 سال کی عمر میں ایک ارب ڈالر (تقریباً 8 ہزار 350 کروڑ پاکستانی روپے) کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے ارب پتیوں کی فہرست میں شامل ہو چکے ہیں۔ 

حیرت انگیز بات یہ ہے کہ وہ 30 سال سے کم عمر ان چند افراد میں سے ہیں جنہوں نے یہ دولت خالصتاً اپنی محنت اور تخلیقی صلاحیتوں سے حاصل کی، نہ کہ کسی وراثت کے ذریعے۔

1998 میں پیدا ہونے والے جمی نے صرف 12 سال کی عمر میں "MrBeast6000" کے نام سے اپنا یوٹیوب چینل شروع کیا۔ 2016 میں اسکول سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد انہوں نے کالج کو خیرباد کہہ کر مکمل توجہ یوٹیوب ویڈیوز پر مرکوز کر دی۔

ابتدائی ویڈیوز میں گیمنگ تبصرے، ردِ عمل اور مزاحیہ مواد شامل ہوتا تھا۔ تاہم، 2017 میں ان کی ویڈیو ‘100,000 گنتی‘ نے غیر معمولی مقبولیت حاصل کی، جسے 20 ملین سے زائد بار دیکھا گیا۔

2018 سے انہوں نے یوٹیوب پر ‘خیراتی اسٹنٹس‘ کے منفرد انداز سے دھوم مچائی، جہاں وہ مختلف چیلنجز کے ذریعے عام افراد کو بڑی مالی مدد فراہم کرتے نظر آئے۔ ایک ویڈیو میں انہوں نے راہگیروں کو ایک ہزار  ڈالر دیے، جبکہ دیگر ویڈیوز میں لاکھوں ڈالر کے انعامات تقسیم کیے گئے۔

2019 میں کیے گئے ایک مشہور چیلنج میں شرکاء کو $1 ملین نقدی پر ہاتھ رکھنا تھا؛ جو شخص سب سے آخر تک بغیر ہاتھ ہٹائے کھڑا رہا، وہ یہ انعام جیت گیا۔

مسٹر بیسٹ صرف ایک یوٹیوبر نہیں بلکہ ایک باصلاحیت کاروباری شخصیت بھی ہیں۔ ان کے یوٹیوب چینلز، جن میں MrBeast, MrBeast Gaming, Beast Reacts اور MrBeast Philanthropy شامل ہیں، کے مجموعی سبسکرائبرز 410 ملین سے تجاوز کر چکے ہیں۔ ان کا مرکزی چینل 270 ملین سبسکرائبرز کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ سبسکرائبرز رکھنے والا یوٹیوب چینل بن چکا ہے۔

2023 میں ان کی کمپنی کی آمدن 223 ملین ڈالر رہی، جبکہ 2024 کے لیے ان کا ہدف 700 ملین ڈالر ہے۔ جون 2024 میں ان کی مجموعی دولت 1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی۔ صرف مارچ 2024 میں ان کی آمدن 5.4 ملین ڈالر تھی، یعنی روزانہ کی بنیاد پر وہ تقریباً  ڈالر 174,000 ڈالر کماتے رہے۔

ان کی کامیابی کا اعتراف کرتے ہوئے 2023 میں ٹائم میگزین نے انہیں دنیا کے 100 بااثر ترین افراد میں شامل کیا، جبکہ 2024 میں فوربز نے انہیں سب سے زیادہ آمدن حاصل کرنے والے یوٹیوبر قرار دیا۔