پریش راول کے فیصلے نے اکشے کمار کو رُلا دیا
پریش راول نے فلم چھوڑنے کے فیصلے کے بارے میں کسی کو نہیں بتایا تھا، پریا درش
بالی وڈ اداکار پریش راول نے پریا درشن کی ہدایت کاری میں بننے والی جانے والی فلم ’ہیرا پھیری 3’ چھوڑنے کا اچانک فیصلہ کر کے جہاں مداحوں کو حیران کردیا وہیں اپنے کولیگز کو بھی صدمہ پہنچایا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں، پریا درشن نے پریش راول کے اچانک فلم کو چھوڑنے پر اکشے کمار کے ردِ عمل کے بارے میں بتایا۔
پریا درشن نے اس بات پر گہرے دکھ اور صدمے کا اظہار کیا کہ پریش نے عوامی طور پر فلم چھوڑنے کا اعلان کرنے سے پہلے کسی کو بھی ذاتی طور پر مطلع نہیں کیا تھا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ اس اعلان کے بعد پریش نے انہیں ایک پیغام بھیجا جس میں کہا گیا تھا کہ وہ کسی قسم کے برے جذبات نہیں رکھتے اور اب بھی ان کا احترام کرتے ہیں، لیکن فلم سے الگ ہونے کی ان کی اپنی وجوہات تھیں۔
فلم ساز نے پریش کو ہیرا پھیری 3 چھوڑنے کے لیے راضی کرنے کی کوشش کی تردید کی اور میکرز کے ساتھ تخلیقی اختلافات کی افواہوں پر بھی بات کی۔
انہوں نے کہا کہ ’میں نے پریش کو روکنے کی کوشش نہیں کی کیونکہ اس نے مجھے کبھی نہیں بتایا کہ وہ پروجیکٹ چھوڑ رہا ہے، البتہ جب میں نے اسے کال کرنے کی کوشش کی تو اس نے ٹیکسٹ میسج بھیجا کہ 'براہ کرم مجھے کال نہ کریں، یہ میرا فیصلہ ہے اور اس کا آپ سے کوئی تعلق نہیں ہے۔' انہوں نے یہ بھی لکھا کہ ہم دوبارہ ایک ساتھ کام کریں گے۔
پریا درشن نے کہا کہ میرے ساتھ کام کرتے ہوئے اکشے کمار نے کبھی کسی کے کردار میں کٹوتی نہیں کی، وہ کسی بھی ہدایت کار کے کام میں مداخلت نہیں کرتے۔
پریا درشن نے مزید انکشاف کیا کہ پریش کے فیصلے کے بعد اکشے کمار آبدیدہ ہوگئے تھے، فلم کے سلسلے میں تمام معاہدوں پر دستخط ہو گئے تھے، دس دن پہلے، سنیل، اکشے اور پریش نے ایک سین اور آئی پی ایل (انڈین پریمیئر لیگ) کا ٹیزر بھی شوٹ کیا تھا۔
ہدایت نے مزید کہا کہ ’یہ کام اسی وقت ہوا جب ہم متفقہ طور پر ہیرا پھیری 3 کرنے پر راضی ہو گئے تھے جس کے حقوق اکشے نے خرید لیے تھے۔
پریا درش کے مطابق پریش کے اس اقدام کے بعد اکشے کی آنکھوں میں آنسو تھے، اس نے کہا کہ ’پریان پریش ہمارے ساتھ یہ کیوں کررہا ہے‘۔
پریا درش کا مزید کہنا تھا کہ پریش راول کے فلم چھوڑنے کی وجہ سے اکشے کو مالی نقصان نہیں ہونا چاہیے اور میں سمھجتا ہوں کہ وہ اس کے لیے جو بھی کارروائی درکار ہوئی کرے گا‘۔
اس سے قبل للن ٹاپ کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے پریش راول نے بابو راؤ کے کردار سے بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ان کے گلے کا پھندا بن گیا ہے۔
تاہم اس کے باوجود وہ ایک مرتبہ پھر نہ صرف ہیرا پھیری کے لیے راضی ہوئے بلکہ 11 لاکھ روپے کی ایڈوانس رقم بھی وصول کرلی تھی اور پھر اچانک فلم چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
ان کے اس فیصلے پر سنیل شیٹی نے بھی حیرت کا اظہار کیا، کیونکہ پرومو کی شوٹنگ ہو چکی تھی اور وہ اور اکشے دونوں اس فیصلے سے بے خبر تھے۔
اب اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی ’کیپ آف گڈ فلمز’ نے پریش راول کے خلاف 25 کروڑ روپے کا مقدمہ دائر کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا تھا کہ ’پریش نے پیشہ ورانہ دیانتداری اور تجارتی اخلاقیات کی کھلی خلاف ورزی کی ہے، اگر وہ فلم نہیں کرنا چاہتے تھے تو سائن کرنے سے پہلے انکار کر دیتے، نہ کہ معاہدے پر دستخط کرنے، ایڈوانس لینے اور پروڈیوسر کے لاکھوں روپے خرچ کروانے کے بعد چھوڑتے‘۔
اس کامیڈی فرنچائز کے مداحوں کو اکشے، سنیل اور پریش کی مشہور تین رکنی جوڑی کی واپسی کا شدت سے انتظار تھا، لیکن اب پریش کی غیر موجودگی میں بہت سے لوگ سمجھتے ہیں کہ فلم اپنی اصلی کشش کھو دے گی۔





