پاکستان

بلاول بھٹو نے وزن میں نمایاں کمی کی وجہ بتا دی

بلاول بھٹو پر غیرروایتی طریقوں سے وزن کم کرنے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے

Web Desk

بلاول بھٹو نے وزن میں نمایاں کمی کی وجہ بتا دی

بلاول بھٹو پر غیرروایتی طریقوں سے وزن کم کرنے کا الزام لگایا جاتا رہا ہے

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

چیئرمین پیپلزپارٹی اور سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی حیران کن جسمانی تبدیلی اور وزن میں نمایاں کمی کی وجہ بیان کر دی۔

ایک خصوصی تقریب کے موقع پر، جس میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کا بیٹن دیا گیا، صحافیوں سے گفتگو کے دوران بلاول نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اپنی روزمرہ کی زندگی اور غذا میں اہم تبدیلیاں کی ہیں۔

بلاول بھٹو نے بتایا کہ میں نے چینی اور کاربوہائیڈریٹس چھوڑ دیے ہیں اور باقاعدگی سے ورزش کر رہا ہوں۔

یہ بات انہوں نے جیو نیوز کے اینکر پرسن شہزاد اقبال کے سوال کے جواب میں کہی، جنہوں نے بلاول سے دریافت کیا کہ آیا ان کا وزن کم کرنا شعوری فیصلہ تھا یا نہیں؟

سابق وزیر خارجہ کے اس بیان سے وہ قیاس آرائیاں بھی ختم ہو گئیں جن میں کہا جا رہا تھا کہ وہ اوزیمپک استعمال کر رہے ہیں ، یہ ایک دوا ہے جو عموماً ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کو تجویز کی جاتی ہے اور وزن کم کرنے میں بھی معاون سمجھی جاتی ہے۔

جنوری 2025 میں سندھ کے وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کی بیٹی کی شادی کے موقع پر جب بلاول بھٹو منظر عام پر آئے، تو ان کی جسمانی تبدیلی فوری طور پر سب کی توجہ کا مرکز بن گئی۔

اس کے بعد سے ان کے وزن میں کمی سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں موضوع بحث بن گئی۔

اس کے علاوہ بلاول بھٹو نے رواں ہفتے ایک اور بیان میں خبردار کیا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جوہری جنگ پورے خطے اور اس سے باہر بھی ہولناک نتائج کا سبب بن سکتی ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جہاں انہوں نے دفتر خارجہ سے بریفنگ لی تاکہ وہ دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں سفارتی مشن کی قیادت کر سکیں۔

بلاول نے بتایا کہ انہیں سیزفائر، مسئلہ کشمیر، دہشت گردی اور سندھ طاس معاہدے پر بھارتی حملوں سے متعلق ابتدائی بریفنگ دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کا سب سے بڑا شکار ہے،بلاول نے مزید کہا کہ ہم نے ماضی میں دیکھا ہے کہ کسی ایک دہشت گرد حملے کے بعد دونوں ملک کس طرح جوہری جنگ کے دہانے پر آ گئے تھے۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے اقدامات کی بھی تعریف کی اور کہا کہ بھارت کے بےبنیاد الزامات کے باوجود پاکستان نے ایک معقول اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کیا۔