انفوٹینمنٹ

پریش راول کی 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی کی اصل وجہ سامنے آگئی

پریش راول نے 'ہیراپھیری 3' کا معاوضہ سود سمیت واپس لوٹا دیا

Web Desk

پریش راول کی 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی کی اصل وجہ سامنے آگئی

پریش راول نے 'ہیراپھیری 3' کا معاوضہ سود سمیت واپس لوٹا دیا

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

بالی وڈ اداکار پریش راول نے مشہور کامیڈی فلم فرنچائز 'ہیرا پھیری' کے تیسرے حصے 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی کے بعد فلم کا معاوضہ بھی سود سمیت واپس لوٹا دیا۔

'ہیرا پھیری 3' کے منتظر مداحوں کو اس وقت ایک بڑا اور غیر متوقع دھچکا لگا جب حال ہی میں پریش راول نے فلم سے علیحدگی اختیار کرلی، جس کے بعد نہ صرف تنازع نے جنم لیا بلکہ قانونی جنگ کی بھی ابتدا ہو گئی، اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی 'کیپ آف گڈ فلمز' نے پریش راول کے خلاف 25 کروڑ روپے ہرجانے کا مقدمہ دائر کر دیا۔

اداکار پریش راول نے خود بھی اس خبر کی تصدیق کی تھی کہ وہ اس فلم کا حصہ نہیں بنیں گے، اب تازہ انکشاف سامنے آیا ہے کہ پریش راول نے پروڈکشن ہاؤس کو سائننگ اماؤنٹ بھی واپس کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پریش راول نے 11 لاکھ روپے بطور سائننگ اماؤنٹ وصول کیے تھے، جو انہوں نے 15 فیصد سود کے ساتھ واپس کر دیے ہیں، اس کے علاوہ انہوں نے اضافی رقم بھی ادا کی ہے تاکہ اپنی علیحدگی سے پروڈکشن ہاؤس کو ہونے والے ممکنہ نقصان کی تلافی کی جا سکے۔

فلم سے علیحدگی کی اصل وجہ

ذرائع نے مزید بتایا کہ اس فلم کیلئے پریش راول کی مکمل فیس 15 کروڑ روپے طے کی گئی تھی، معاہدے کے مطابق انہیں فلم ریلیز کے ایک ماہ بعد بقیہ 14.89 کروڑ روپے ادا کیے جانے تھے، تاہم سینئر اداکار کو اس شرط پر اعتراض تھا۔

مزید یہ کہ فلم کی شوٹنگ اگلے سال شروع ہونی تھی، یعنی ریلیز 2026 کے آخر یا 2027 میں متوقع تھی، یوں پریش راول کو اپنی مکمل فیس کے لیے تقریباً دو سال انتظار کرنا پڑتا۔

ذرائع کے مطابق تاحال 'ہیرا پھیری 3' کا صرف اناؤنسمنٹ ٹیزر ہی شوٹ کیا گیا تھا جو فلم 'بھوت بنگلہ' کے سیٹ پر فلمایا گیا، اسی فلم کے عملے نے پرومو شوٹ پر بھی کام کیا۔

یاد رہے کہ اس سیریز کا پہلا حصہ 2000 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اکشے کمار (راجو)، پریش راول (بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے) اور سنیل شیٹی (شیام) نے اپنے کرداروں سے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔

بعدازاں 2006 میں ریلیز ہونے والے سیکوئل 'پھر ہیرا پھیری' نے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور بابوراؤ کا کردار ایک مقبول اور پسندیدہ ترین کردار بن گیا۔

'ہیرا پھیری 3' کے لیے شائقین کی بے چینی اور امیدیں آسمان کو چھو رہی تھیں، لیکن پریش راول کی علیحدگی سے فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔