سوشل میڈیا

عدنان سمیع نے کان میں بھارتی جھنڈا لگا لیا

معروف گلوکار ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے

Web Desk

عدنان سمیع نے کان میں بھارتی جھنڈا لگا لیا

معروف گلوکار ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے

عدنان سمیع نے کان میں بھارتی جھنڈا لگا لیا

بھارت میں مقیم معروف گلوکار عدنان سمیع ایک بار پھر سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بن گئے ہیں۔

پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت اختیار کرنے والے عدنان سمیع اکثر ایسے بیانات یا حرکات کرتے نظر آتے ہیں جنہیں سوشل میڈیا صارفین بھارت سے اپنی وفاداری ثابت کرنے کی کوشش قرار دیتے ہیں۔

حالیہ پاک-بھارت کشیدگی کے دوران بھی عدنان سمیع پاکستان کے خلاف زہر اگلنے سے باز نہ آئے اور مسلسل بھارتی بیانیے کی ترویج کرتے نظر آئے۔

حال ہی میں عدنان سمیع نے انسٹاگرام پر ایک تصویر پوسٹ کی ہے جس میں وہ اپنے نئے 'ان ایئر مانیٹرز' دکھائے، جس کی خاص بات یہ تھی کہ اس پر بھارتی پرچم کا ڈیزائن پرنٹ کروایا گیا تھا۔

یہ مانیٹرز عدنان سمیع نے امریکہ سے اپنے لائیو کنسرٹس کے لیے تیار کروائے تھے، تصویر کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ 'اپنے لائیو کنسرٹس کے لیے امریکی برانڈ سے بنوائے گئے کسٹمائزڈ اِن ایئر مانیٹرز موصول ہو گئے ہیں، یہ میرا دوسرا پیئر ہے اور ان کی آواز شاندار ہے، ان پر یہ بھارتی پرچم والا ڈیزائن خاص طور پر میری درخواست پر پرنٹ کیا گیا ہے'۔

عدنان سمیع کی اس پوسٹ نے ایک بار پھر سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی، جہاں بھارتی صارفین ان کی حب الوطنی پر مبنی کاوشوں کو سراہ رہے ہیں، وہیں پاکستانی صارفین کی جانب سے شدید تنقید کا سامنا بھی کرنا پڑ رہا ہے۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ عدنان سمیع اکثر اس قسم کی حرکات سے اپنی بھارت سے محبت کو بڑھا چڑھا کر پیش کرتے ہیں، جوکہ سراسر منافقت محسوس ہوتی ہے۔

یاد رہے کہ عدنان سمیع نے 2016 میں باضابطہ طور پر بھارتی شہریت حاصل کی تھی، وہ کئی بار پاکستان کے حوالے سے متنازع بیانات بھی دے چکے ہیں، جن پر پاکستانی عوام کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آتا رہا ہے، ان کا یہ نیا انداز بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا جا رہا ہے۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر متعدد صارفین نے سوال اٹھایا ہے کہ اگر کوئی فنکار بھارتی شہریت اختیار کر چکا ہے تو بار بار اس قسم کے دکھاوے کس مقصد کے تحت کرنے پڑتے ہیں؟ کیا یہ ذاتی تشہیر کی ایک کوشش ہے یا پھر کسی مخصوص طبقے کو خوش کرنے کی حکمت عملی؟

بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ عدنان سمیع کی یہ حرکتیں ایک خاص بیانیے کو فروغ دینے کی کوشش ہیں تاکہ وہ بھارتی میڈیا اور عوام کی توجہ کا مرکز بنے رہیں اور ہندو انتہاپسندوں کے ڈر سے اپنی وفاداری مسلسل ثابت کرتے رہیں۔

واضح رہے کہ پاکستانی نژاد گلوکار عدنان سمیع، جو اپنی خوبصورت آواز اور البمز جیسے ’کبھی تو نظر ملاؤ‘ اور ’لفظوں میں‘ کے باعث شہرت رکھتے ہیں، انہوں نے 2016 میں پاکستان چھوڑ کر بھارتی شہریت حاصل کرلی تھی اور اب اپنے خاندان کے ہمراہ ممبئی میں مقیم ہیں۔

ماضی میں اپنے انٹرویوز میں عدنان سمیع یہ انکشاف کرچکے ہیں کہ انہیں بھارتی شہریت حاصل کرنے میں 18 سال لگے، اور ایک مرحلے پر وہ تقریباً ڈیڑھ سال تک ’بے وطن‘ بھی رہے۔

بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ انہیں پاکستان میں اپنے تحفظ سے متعلق خدشات لاحق تھے۔