پریش راول نے 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی پر وضاحت دیدی
جیسے ہی وہ لوگ میرا جواب پڑھیں گے، تمام معاملات خود حل ہو جائیں گے، پریش راول
بالی وڈ اداکار پریش راول نے مشہور کامیڈی فرنچائز 'ہیرا پھیری' کے تیسرے حصے سے علیحدگی اختیار کرنے پر وضاحت دے دی۔
حال ہی میں 'ہیرا پھیری 3' کے منتظر مداحوں کو اُس وقت ایک بڑا جھٹکا لگا، جب فلم کے مقبول ترین اداکاروں میں سے ایک، پریش راول، نے اچانک پروجیکٹ سے کنارہ کشی اختیار کر لی۔
ان کے اس فیصلے نے نہ صرف شائقین کو حیران کر دیا بلکہ فلمی دنیا اور پروڈکشن ٹیم میں بھی ہلچل مچا دی۔
پریش راول نے واضح کیا تھا کہ فلم سے انکی علیحدگی تخلیقی پہلوؤں پر کسی اختلاف کی وجہ سے نہیں ہوئی، اس حوالے سے مختلف قیاس آرائیاں گرم ہیں، بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول کے اس فیصلے کی اصل وجہ مالی معاملات پر اختلافات ہیں۔
پریش راول کا وضاحتی بیان
دریں اثنا پریش راول نے آج سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے فیصلے کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ 'میرے وکیل، امیت نائیک نے فلم سے میری علیحدگی کے حوالے سے ایک موزوں قانونی جواب بھیج دیا ہے'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'جیسے ہی وہ لوگ میرا جواب پڑھیں گے، تمام معاملات خود بخود حل ہو جائیں گے'۔
اس بیان سے بظاہر یہ واضح ہو گیا کہ پریش راول نے کوئی یکطرفہ قدم نہیں اٹھایا، بلکہ قانونی طریقہ کار اپنایا ہے۔
میڈیا رپوٹس کے مطابق پریش راول نے فلمسازوں کو اپنا سائننگ اماؤنٹ (11 لاکھ روپے بمعہ 15 فیصد سود) واپس کر دیا، جو کہ اس رقم سے بھی زیادہ تھا جو انہیں بطور ایڈوانس ادا کی دی گئی تھی۔
فلم کی شوٹنگ آئندہ برس شروع ہونی تھی، جبکہ ریلیز اس سے بھی بعد کی تاریخ پر متوقع تھی، جسکے سبب پریش راول کو مکمل معاوضہ ملنے کے لیے تقریباً 2 سال انتظار کرنا پڑتا، بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق یہی وجہ تھی کہ انہوں نے فلم سے علیحدگی کا فیصلہ کیا۔
پریش راول کے اس فیصلے پر فلم کے دیگر اہم کرداروں اور ٹیم ممبران نے مایوسی کا اظہار کیا ہے، سنیل شیٹی، ہدایتکار پریادرشن اور دیگر افراد اس فیصلے سے ششدر رہ گئے۔
دوسری جانب اداکار اکشے کمار، جو نہ صرف فلم میں اداکاری کر رہے ہیں بلکہ پروڈیوسر بھی ہیں، انہوں نے پریش راول کے خلاف قانونی کارروائی کرتے ہوئے لیگل نوٹس بھی بھیج دیا۔
اکشے کے پروڈکشن ہاؤس کے وکیل پوجا تِدکے نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 'پریش راول کے اس فیصلے کے سنگین قانونی نتائج ہوں گے، اس سے فرنچائز کو نقصان پہنچا ہے، ہم نے انہیں خط لکھا ہے جس میں واضح کیا گیا ہے کہ فلم کی کاسٹ، عملے، سینیئر اداکاروں، لاجسٹکس، آلات اور ٹریلر کی شوٹنگ پر اخراجات ہو چکے ہیں'۔
یاد رہے کہ اس سیریز کا پہلا حصہ 2000 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اکشے کمار (راجو)، پریش راول (بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے) اور سنیل شیٹی (شیام) نے اپنے کرداروں سے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔
بعدازاں 2006 میں ریلیز ہونے والے سیکوئل 'پھر ہیرا پھیری' نے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور بابوراؤ کا کردار ایک مقبول اور پسندیدہ ترین کردار بن گیا۔
'ہیرا پھیری 3' کے لیے شائقین کی بے چینی اور امیدیں آسمان کو چھو رہی تھیں، لیکن پریش راول کی علیحدگی سے فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔





