انفوٹینمنٹ

پریش راول کی 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی کا اصل ذمہ دار کون؟

پریش راول کے وکلاء نے باضابطہ بیان جاری کردیا

Web Desk

پریش راول کی 'ہیراپھیری 3' سے علیحدگی کا اصل ذمہ دار کون؟

پریش راول کے وکلاء نے باضابطہ بیان جاری کردیا

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

بالی وڈ کے سینئر اداکار پریش راول کی مشہور کامیڈی فرنچائز 'ہیرا پھیری' کی تیسری فلم 'ہیرا پھیری 3' سے اچانک علیحدگی نے نہ صرف شائقین کو حیران کر دیا بلکہ اب یہ معاملہ ایک سنگین قانونی تنازع میں تبدیل ہو چکا ہے۔

اداکار کے اس فیصلے کے بعد اکشے کمار کی پروڈکشن کمپنی 'کیپ آف گُڈ فلمز' نے پریش راول کو قانونی نوٹس بھیج دیا، جس میں الزام ہے کہ انہوں نے ابتدائی معاہدے کے باوجود پراجیکٹ سے پیچھے ہٹ کر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے۔

بعدازاں پریش راول نے فلمسازوں کو اپنا سائننگ اماؤنٹ (11 لاکھ روپے بمعہ 15 فیصد سود) واپس کر دیا، جو کہ اس رقم سے بھی زیادہ تھا جو انہیں بطور ایڈوانس ادا کی گئی تھی۔

پریش راول کے وکلاء کا بیان

اب اس معاملے پر پریش راول کے وکلاء آنند اور امیت نائک نے باقاعدہ بیان جاری کیا ہے، جس میں انہوں نے واضح کیا کہ اداکار کا فیصلہ مکمل طور پر قانونی بنیادوں پر مبنی ہے۔

بیان کے مطابق 'ہم نے نوٹس کا جواب دے دیا ہے اور فلم سے پریش راول کی علیحدگی مکمل قانونی جواز رکھتی ہے، پروڈکشن کمپنی نے نہ تو کہانی، اسکرین پلے اور نہ ہی کوئی ایسے کسی طویل مدتی معاہدے کا مسودہ فراہم کیا، جس میں ہمارے مؤکل کی فلم میں لازمی شمولیت کے لیے بنیادی شرائط درج تھیں'۔

اصل ذمہ دار کون؟

دوسری جانب 'ٹائمز آف انڈیا' کی رپورٹ کے مطابق یہ تنازع اس وقت شروع ہوا جب اس فرنچائز کی پہلی دو فلموں 'ہیرا پھیری (2000ء) اور 'پھر ہیرا پھیری (2006ء)' کے پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا نے پریش راول، اکشے کمار، سنیل شیٹی اور ہدایت کار پریادرشن کو نوٹس جاری کیے۔

فیروز ناڈیاڈوالا کا دعویٰ تھا کہ اس فرنچائز کے تمام کرداروں سمیت اس کے مکمل انٹیلیکچوئل پراپرٹی (IP) رائٹس انہی کے پاس ہیں۔

انہوں نے ٹیم کو خبردار کیا تھا کہ بغیر اجازت 'ہیرا پھیری' کے نام یا کرداروں کا استعمال نہ کریں، ورنہ یہ دانستہ خلاف ورزی تصور کی جائے گی۔

ٹرم شیٹ پر لاعلمی میں دستخط

میڈیا رپورٹس کے مطابق پریش راول نے 27 مارچ کو 'ہیرا پھیری 3' کے لیے ایک ٹرم شیٹ پر کسی قانونی مشاورت کے بغیر دستخط کیے تھے۔

یہ دستاویز انہیں فلم 'بھوت بنگلہ' کی شوٹنگ کے دوران دی گئی تھی، ذرائع کے مطابق اکشے کمار نے پریش راول سے کہا تھا کہ 'فکر نہ کرو، مجھ پر بھروسہ رکھو، تفصیلی معاہدے میں سب کچھ شامل ہوگا'۔

اسی ذاتی تعلق اور اکشے کمار پر اعتماد کی بنیاد پر پریش راول نے ٹرم شیٹ پر دستخط کر دیے تھے۔

اسکرپٹ کے بغیر شوٹنگ کی ہدایت

بعدازاں رواں برس اپریل میں، جب ابھی تک فلم کا اسکرپٹ یا شیڈول طے نہیں ہوا تھا، پریش راول کو ایک پروموشنل ویڈیو کی شوٹنگ کا کہا گیا۔

انہوں نے اس جلد بازی پر سوال اٹھایا تو بتایا گیا کہ 'یہ شوٹ آئی پی ایل فائنل کے لیے درکار ہے'، لہٰذا پروموشنل ویڈیو کی شوٹنگ آخرکار 'بھوت بنگلہ' کے سیٹ پر معمولی ترمیم کے بعد مکمل کی گئی۔

تاہم ذرائع کے مطابق فلم کی اصل شوٹنگ2026 میں ہونی تھی اور پریش راول نے خود بھی پرومو شوٹ کو مؤخر کرنے کی تجویز دی تھی۔

رقم واپسی کے باوجود قانونی نوٹس

پریش راول نے معاہدے کی شفافیت اور انتظامی مسائل پر خدشات کا اظہار کیا اور بالآخر انہوں نے پراجیکٹ سے دستبرداری اختیار کی اور اپنا 11 لاکھ روپے کا ایڈوانس معاوضہ بمع 15 فیصد سود واپس کر دیا۔

انکے وکلا کا کہنا ہے کہ 'کیپ آف گُڈ فلمز' نے یہ رقم اور معاہدے کی منسوخی قبول کر لی تھی، لیکن بعد میں قانونی نوٹس بھی جاری کردیا جوکہ سمجھ سے بالاتر ہے۔

یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ جس معاہدے پر پریش راول نے دستخط کیے، اس میں درج تھا کہ انہیں صرف1 فیصد معاوضہ پیشگی ملے گا، جبکہ باقی 99 فیصد فلم کی ریلیز کے بعد ادا کیا جائے گا۔

اداکار کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ایسی غیر واضح شرائط کی موجودگی میں پریش راول کی فلم سے علیحدگی ایک دانشمندانہ اور قانونی فیصلہ ہے۔

دوسری جانب 'کیپ آف گُڈ فلمز' کا دعویٰ ہے کہ پریش راول نے دانستہ طور پر فرنچائز کو نقصان پہنچایا اور اس کی نیک نامی متاثر کی، تاہم پریش راول کا مؤقف ہے کہ جب کوئی باضابطہ منصوبہ، اسکرپٹ یا معاہدہ موجود ہی نہ ہو، تو نقصان کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

یاد رہے کہ اس سیریز کا پہلا حصہ 2000 میں ریلیز ہوا تھا جس میں اکشے کمار (راجو)، پریش راول (بابوراؤ گنپت راؤ آپٹے) اور سنیل شیٹی (شیام) نے اپنے کرداروں سے شائقین کے دل جیت لیے تھے۔

بعدازاں 2006 میں ریلیز ہونے والے سیکوئل 'پھر ہیرا پھیری' نے بھی کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور بابوراؤ کا کردار ایک مقبول اور پسندیدہ ترین کردار بن گیا۔

'ہیرا پھیری 3' کے لیے شائقین کی بے چینی اور امیدیں آسمان کو چھو رہی تھیں، لیکن پریش راول کی علیحدگی سے فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔