'فائنل ڈیسٹنیشن' کی اسکریننگ کے دوران سینما ہال میں خوفناک حادثہ
شروع میں ہمیں لگا کہ آواز فلم میں سے ہی آرہی ہے، متاثرہ خاتون
سینما ہال میں ہارر فلمیں دیکھنے کا تجربہ اکثر سنسنی خیز اور تجسس سے بھرپور ہوتا ہے، خاص طور پر جب وہ فلم تھری ڈی یا سیون ڈی میں ہو، لیکن ارجنٹینا میں ایک خاتون کے لیے یہ تجربہ اس وقت حقیقی خوف میں بدل گیا جب وہ ’فائنل ڈیسٹنیشن: بلڈ لائنز‘ کی تھری ڈی اسکریننگ کے دوران ایک ہولناک حادثے کا شکار ہو گئیں۔
یہ افسوسناک واقعہ آج ارجنٹینا کے شہر لا پلاٹا کے ’سنیما اوچو‘ تھیٹر میں پیش آیا، جب فلم اپنے سنسنی خیز کلائمکس کی جانب بڑھ رہی تھی کہ اچانک سینما ہال کی چھت کا ایک حصہ گر پڑا، جو نیچے بیٹھے فلم بینوں پر جا گرا۔
متاثرہ خاتون، فیاما ویلاورڈے، اپنی 11 سالہ بیٹی اور اس کی دوست کے ہمراہ فلم دیکھنے آئی تھیں، تاہم ان کیلئے تفریح سے بھرپور یہ شام اچانک ایک خوفناک حادثے میں بدل گئی۔
فیاما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران بتایا کہ شروع میں ہمیں لگا کہ آواز فلم میں سے ہی آرہی ہے کیونکہ ہم فلم میں بہت محو تھے لیکن پھر چھت کا ایک بڑا ٹکڑا آ کر مجھ پر گر گیا'۔
گرنے والا سیلنگ پینل اُن کے گھٹنے پر لگا تھا، جس سے وہ کافی زخمی ہو گئیں اور انہیں فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔
حادثے کے باعث وہ اپنی نوکری سے بھی غیر حاضر ہیں، وہ ایک مقامی بار میں کام کرتی ہیں۔
فیاما نے مزید بتایا کہ ’میں نے ابھی تک کوئی شکایت درج نہیں کروائی ہے، لیکن ایک وکیل سے رابطہ کیا ہے'۔
سوشل میڈیا پر جب اس واقعے کی تصاویر اور تفصیلات منظر عام پر آئیں تو صارفین نے حیرت اور افسوس کا اظہار کیا۔
ایک صارف نے لکھا کہ ’یہ تو واقعی مشہور ہارر فلم 'فائنل ڈیسٹنیشن' کا حقیقی تجربہ بن گیا‘، ایک اور صارف نے طنزیہ انداز میں تبصرہ کیا کہ ’فائنل ڈیسٹینیشن دیکھتے ہوئے فائنل ڈیسٹنیشن جیسا حادثہ پیش آ جائے، یہ تو حیران کُن ہے'۔
یہ واقعہ نہ صرف متاثرہ خاتون بلکہ سنیما میں موجود دیگر فلم بینوں کے لیے بھی ایک یادگار مگر خوفناک تجربہ بن گیا۔
سینما انتظامیہ کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا ہے، تاہم امید کی جا رہی ہے کہ اس واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائیں گی اور سنیما کے اسٹرکچر اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے نقائص کی نشاندہی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ 'فائنل ڈیسٹنیشن' فرنچائز کی تمام فلمیں ایسے مناظر سے بھرپور ہیں جن میں روزمرہ کے معمولات زندگی کے دوران رونما خوفناک حادثات کو بھیانک انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
اس فرنچائز کی چھٹی فلم حال ہی میں 'فائنل ڈیسٹنیشن: بلڈ لائنز' کے ٹائٹل کے ساتھ ریلیز ہوئی ہے۔





