فلم ‘دیمک‘ کی کاسٹ پروموشنل ایکٹیویٹیز میں مصروف
سونیا حسین کی فلم کا ماہرہ خان کی لو گرو سے سخت مقابلہ
پاکستانی شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار فیصل قریشی اور اداکارہ سونیا حسین اور ثمینہ پیرزادہ اپنی آنے والی ہارر فلم’دیمک‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں جہاں فلم کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ ایک پروموشنل تقریب کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
فلم کی ٹیم نے 25 مئی کو لاہور کے ایک سینما میں پروموشنل تقریب میں شرکت کی جہاں اداکاروں نے فلم کی کہانی اور اپنے کرداروں کے حوالے سے گفتگو کی۔
اس تقریب سے اداکارہ سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمینہ پیرزادہ کی تصاویر نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر وائرل ہوکر صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
انسٹاگرام پر وائرل ہونے والی تصاویر میں اداکارہ سونیا حسین کو سرخ رنگ کے دلکش دیسی لباس، ثمینہ پیرزادہ کو ہلکے جامنی رنگ کے خوبصورت جوڑے اور اداکار فیصل قریشی کو ٹائی اینڈ ڈائی بلیک اینڈ وائٹ آؤٹ فٹ میں دیکھا جاسکتا ہے۔
پوسٹ فلم دیمک کی پروموشنل ایکٹیویٹی پر مبنی تھی جس میں فلم کی اسٹار کاسٹ کو میڈیا سے بات کرنے کے ساتھ ساتھ فلم کے پوسٹر اٹھائے کیمروں کیلئے پوز کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی پوسٹ مداحوں کے دل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئی جس کے کمنٹ سیکشن میں صارفین فلم دیمک کی کامیابی کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار بذریعہ کمنٹس کرتے نظر آرہے ہیں۔
دیمک کی کہانی اور کاسٹ
سانیا حسین اور فیصل قریشی کی فلم ’دیمک‘ کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا اور جہاں اس فلم کا مقابلہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گرو‘ سے ہوگا۔
رافع راشدی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دیمک‘ کی کہانی عائشہ مظفر نے لکھی ہے اور یہ ان کی بطور رائٹر پہلی فلم ہو گی۔
فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔
فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے کہانی کو مکمل طور پر سمجھنا مشکل ہے تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں ثمینہ پیرزادہ مرکزی مشکل کردار میں نظر آئیں گی۔
ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور سونیا حسین سمیت دیگر کے کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
ٹریلر سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ سونیا حسین اور ان کی والدہ ثمینہ پیرزادہ کے گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ کو ایک پیچیدہ اور مشکل کردار میں دکھایا گیا ہے جب کہ وہ اپنے بیٹے یعنی فیصل قریشی کو اہلیہ سونیا حسین کے خلاف بھی ورغلاتی دکھائی دیتی ہیں اور انہیں یہ بتاتی ہیں کہ ان کی بیوی نے ان پر کالا جادو کر رکھا ہے۔
ٹریلر میں خوفناک مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جو ہارر کے شائقین کے لیے تجسس پیدا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دیمک کا عید پر باکس آفس پر میگا بجٹ فلم ’لو گرو‘ سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔
شائقین پہلے ہی قیاس آرائیاں کرتے دکھائی دیتے ہیں کہ ہمایوں سعید اور ماہرہ خان کی فلم باکس آفس پر راج کرے گی تاہم ’دیمک‘ کی ہارر تھیم اور مضبوط کاسٹ بھی ناظرین کو سینماؤں کی طرف راغب کر سکتی ہے۔




