انفوٹینمنٹ

'ہاؤس فل 5' کس مشہور ملیالم فلم کی کاپی ہے؟

فلم 6 جون 2025 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

Web Desk

'ہاؤس فل 5' کس مشہور ملیالم فلم کی کاپی ہے؟

فلم 6 جون 2025 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

بالی وڈ کی مشہور کامیڈی فلم سیریز 'ہاؤس فل' کی پانچویں فلم 'ہاؤس فل 5' کا ٹریلر حال ہی میں ریلیز کردیا گیا ہے، جسے مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے۔

فلم کے مرکزی پلاٹ کے مطابق ایک لگژری کروز پر ایک ارب پتی شخصیت کا قتل ہوجاتا ہے اور 14 مشتبہ افراد شک کے دائرے میں آجاتے ہیں۔

فلم میں تین جولی، اکشے کمار، رتیش دیشمکھ اور ابھیشیک بچن بھی شامل ہیں، جو سب خود کو مذکورہ ارب پتی شخصیت 'پاپا رنجیت' کی 69 ارب ڈالر کی وراثت کا اصل وارث قرار دیتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم کا یہ پہلو، یعنی تین افراد کا ایک ہی ارب پتی شخص کا اکلوتا وارث ہونے کا دعویٰ بظاہر ایک پرانی ملیالم فلم' لال امریکائل(1989) ' سے متاثر لگتا ہے۔

'لال امریکائل' کی کہانی

1989 ء میں ریلیز ہونے والی ملیالم فلم' لال امریکائل' میں مایہ ناز اداکار موہن لال اور پریم نذیر نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

فلم کی کہانی ایک امیر شخص روی ورما (پریم نذیر) کے گرد گھومتی ہے جو امریکہ جا بسے ہیں اور بچپن میں کھوئے ہوئے اپنے بیٹے بابو کی تلاش میں ہیں۔

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

روی اپنے قریبی دوستوں کے ساتھ مل کر اپنی موت کی جھوٹی خبر شائع کرتا ہے اور اخبار میں اشتہار دیتا ہے تاکہ گمشدہ بیٹے کو تلاش کیا جا سکے۔

اس اشتہار کے بعد تین افراد، موہن لال، کوچین ہنیفا اور جگتی سری کمار دعویٰ کرتے ہیں کہ وہی بابو ہیں۔

یہ تینوں مختلف آزمائشوں میں پورے اترتے ہیں، جس سے روی کے دوست بھی الجھن میں پڑ جاتے ہیں کہ اصل بابو کون ہے۔

یہ فلم مشہور ہدایتکار ستیان انتھیکڈ نے بنائی تھی اور اب یہ یوٹیوب پر مفت دستیاب ہے۔

'ہاؤس فل 5' کے بارے میں

فلم کی ہدایت کاری ترن منسکھانی نے کی ہے جبکہ اسکرپٹ اور پروڈکشن کی ذمہ داری ساجد ناڈیاڈوالا نے سنبھالی ہے۔

فلم کے ساؤنڈ ٹریک میں یو یو ہنی سنگھ، وائٹ نوائز کلیکٹیو، تنیشک باگچی اور کرٹیکس نے موسیقی دی ہے، جبکہ بیک گراؤنڈ اسکور جولیس پیکیم نے ترتیب دیا ہے۔

بالی وڈ کے 19 مشہور اداکار اس فلم کا حصہ ہیں جن میں اکشے کمار، ابھیشیک بچن، رتیش دیشمکھ، جیکولین فرنینڈس، سونم باجوا، نرگس فخری، سنجے دت، جیکی شروف، نانا پاٹیکر، چترانگدا سنگھ، فردین خان، چنکی پانڈے، جانی لیور، شریاس تلپدے، ڈینو موریا، رنجیت، سونداریا شرما، نکتن دھیر، اور آکاش دیپ صبیر شامل ہیں۔

اگرچہ فلم 'ہاؤس فل 5' کے ٹریلر نے شائقین کو خوب متاثر کیا ہے، لیکن پرانی ملیالم فلم سے ممکنہ مماثلت پر کچھ ناقدین سوال اٹھا رہے ہیں۔

حتمی جواب تو فلم کی ریلیز کے بعد ہی سامنے آئے گا، لیکن ایک بات طے ہے کہ ناظرین کو اس بار بھی قہقہوں کا بھرپور سامان میسر آئے گا، یہ فلم 6 جون 2025 کو سنیما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔