فلم اسپرٹ تنازع؛ اجے دیوگن کی سنگھم انٹری، ویڈیو وائرل
اجے دیوگن آٹھ گھنٹے کی شفٹ پر بول پڑے
بالی وڈ کی دلکش اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور ڈائریکٹر سندیپ ریڈی وانگا کے درمیان فلم ‘اسپرٹ‘ کے حوالے سے جاری تنازع کے دوران باجی راؤ سنگھم کی اینٹری ہوگئی۔
فلم ‘ماں‘ کے ٹریلر لانچ سیرمنی کے موقع پر اداکار اجے دیوگن نے نئی ماں بنی ایکٹریسز کے آٹھ گھنٹے کی شفٹ میں کام کرنے کے حوالے سے لب کشائی کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر فلم کے ٹریلر لانچ ایونٹ سے ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں اجے دیوگن کو سندیپ یا دیپیکا کا نام لیے بغیر اپنا پوائنٹ آف ویو ناظرین کے سامنے رکھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک صحافی کی جانب سے اجے اور کاجول سے سوال کیا گیا کہ ان دنوں ڈائریکٹرز کو نئی ماؤں کے آٹھ گھنٹے کی شفٹ میں کام نہ کرنے سے مسائل ہیں آپ کا کیا کہیں گے اس پر؟
سوال کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ کاجول نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ ‘مجھے تو یہ اچھا لگا کیونکہ اب مجھے کم کام کرنا پڑے گا‘۔
تاہم اجے دیوگن نے کاجول کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ ‘لوگ ایسا سمجھ رہے ہیں کہ یہ ایک مسئلہ ہے لیکن حقیقت میں اپنے کام سے ایماندار فلم سازوں کو اس بات سے کوئی پریشانی نہیں ہوگی‘۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ‘ویسے بھی اب ایکٹرز آٹھ سے نو گھنٹے ہی کام کرتے ہیں اسلیے میرے خیال میں انڈسٹری اس بات کو سمجھتی ہے‘۔
فلم اسپرٹ تنازع
اداکارہ دیپیکا پڈوکون اور سندیپ ریڈی وانگا اس وقت ہیڈلائنز کی زینت بنے جب ترپتی دمری کو ہدایت کار نے پربھاس کے مدمقابل کاسٹ کرتے ہوئے دیپیکا پڈوکون کے رویے کو غیر پیشہ ورانہ قرار دیا۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق تنازع کی وجہ گزشتہ برس ستمبر میں ماں بننے والی دیپیکا کی جانب سےآٹھ گھنٹے کی شفٹ، 20 کروڑ روپے معاوضے کا مطالبہ اور تیلگو مکالمے بولنے پر اعتراض تھا۔
بعد میں ایسی اطلاعات بھی آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ‘اسپرٹ‘ ایک A-ریٹڈ فلم ہوگی کیونکہ پربھاس اور ترپتی کے درمیان بولڈ مناظر ہوں گے تاہم اس خبر کو سندیپ ریڈی وانگا نے'ڈِرٹی پی آر گیمز' قرار دیا۔
میڈیا رپورٹس سامنے آنے پر سندیپ ریڈی وانگا نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ناراضی سے بھرپور ٹویٹ کی جس میں انہوں نے لکھا کہ ’جب میں کسی اداکار کو اپنی فلم کا پلاٹ بتاتا ہوں تو اس پر ہر حد تک اعتماد کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ اداکار اور ہمارے درمیان ایک غیر تحریری معاہدہ ہوتا ہے لیکن اس طرح کی باتیں کرکے آپ خود ہی بتا دیتے ہیں کہ آپ ہیں کون۔
انہوں نے بالواسطہ کہا کہ ایک نوجوان اداکارہ کو حقیر سمجھنا اور میری فلم کی کہانی کو بگاڑ دینا فیمنزم نہیں ہے اور کیا آپ اسی بات پر یقین رکھتی ہیں؟
واضح رہے کہ سندیپ ریڈی وانگا نے اپنے ٹویٹ میں کسی کا نام تو نہیں لیا لیکن اس پوسٹ سے یہی محسوس ہوا کہ ان کا اشارہ دیپیکا کی جانب ہے تاہم ابھی تک نہ دیپیکا اور نہ ہی سندیپ نے اس پورے معاملے پر کوئی باضابطہ بیان دیا ہے۔




