فِٹ رہنے کے لیے ممتاز بھی اکشے کے مشوروں پر عمل کرنے لگیں
77 سالہ اداکارہ ممتاز ہشاش بشاس اور توانائی سے بھرپور نظر آتی ہیں
بالی وڈ کی معروف 77 سالہ ایکٹو اور بیماریوں سے دور اداکارہ ممتاز نے اپنی صحت کا راز اکشے کمار کے مشوروں پر عمل درآمد کرنے کو قرار دیا ہے۔
حال ہی میں سینئر اداکارہ ممتاز نے انکشاف کیا کہ وہ رات کو کھانا بالکل نہیں کھاتیں، انہوں نے بتایا کہ یہ مشورہ انہیں اکشے کمار نے دیا تھا، جنہوں نے کہا تھا کہ شام 5 یا 6 بجے کے بعد کچھ نہ کھائیں اور وہ تب سے اس اصول پر کاربند ہیں۔
ایک انٹرویو میں 77 سالہ ممتاز نے بتایا کہ وہ رات کا کھانا چھوڑ دیتی ہیں اور صرف شام میں پھل کھاتی ہیں۔
انہوں نے اپنی روزمرہ کی زندگی اور کھانے کی عادتوں پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ خوراک میں اعتدال برتتی ہیں، زیادہ کھانے یا غیر صحت بخش اشیاسے پرہیز کرتی ہیں۔
اداکارہ ممتاز نے باقاعدہ ورزش، اور جلد و بالوں کا خاص خیال رکھنے پر زور دیا، انہوں نے بتایا کہ وہ خود ہی اپنے فیس ماسک تیار کرتی ہیں اور وقت کی پابندی کو بے حد اہم سمجھتی ہیں۔
اکشے کمار کا ’نوڈنر‘ اصول:
ایک پرانے انٹرویو میں ’ہاؤس فل 5‘ کے اداکار اکشے کمار نے بتایا کہ وہ قدیم ہندو عقائد پر چلتے ہیں جس میں شام 6:30 کے بعد کھانے سے پرہیز کی تلقین کی جاتی ہے۔
اکشے کمار کا کہنا تھا کہ رات کو دیر سے کھانا کھانے سے جسم کا غذا ہضم کرنے کا عمل متاثر ہوتا ہے، رات کو جسم آرام کرنا چاہتا ہے اور اگر دیر تک کھانا کھایا جائے تو اس کی کارکردگی پر فرق پڑتا ہے۔
اکشے کمار نے بتایا کہ اگر انہیں شام کے کھانے کے بعد بھوک لگتی ہے تو وہ ہلکی غذائیں یعنی سلاد یا سوپ کا استعمال کرتے ہیں۔
منوج باجپائی کا بھی نوڈنر اصول:
اداکار منوج باجپائی نے بھی بتایا کہ انہوں نے کئی سالوں سے رات کا کھانا چھوڑ رکھا ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ شام کو کبھی کبھار کچھ ہلکا پھلکا کھا لیتے ہیں لیکن مکمل کھانا نہیں کھاتے۔
منوج باجپائی کا کہنا تھا کہ یہ عادت انہوں نے اپنے دادا سے سیکھی ہے اور انہیں ہمیشہ صحت مند پایا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ جیسے جیسے وقت گزرا، انہوں نے اپنے فاسٹنگ کے اوقات کو بڑھایا اور آہستہ آہستہ رات کا کھانا مکمل ترک کر دیا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ان کے گھر کا کچن دوپہر کے کھانے کے بعد بند ہو جاتا ہے اور صرف اس وقت کھلتا ہے جب ان کی بیٹی ہاسٹل سے واپس آتی ہے۔
اکشے کمار کا ’رات کا کھانا نہ کھانے‘ کا اصول کئی طبی فوائد دے سکتا ہے جس میں کھانے اور سونے کے درمیان وقت ہونے سے نظامِ ہضم بہتر ہوتا ہے،نیند گہری اور سکون بخش ہوتی ہے،وزن کم کرنے اور توانائی بڑھانے میں مدد ملتی ہے۔



