میرا راجپوت کا خو کواسٹار وائف کہلوانا کیوں نہیں پسند؟
شاہد کپور کی اہلیہ اس متعلق ایک الگ نظریہ رکھتی ہیں
شاہد کپور کی اہلیہ میرا راجپوت کپور نے سوال اٹھایا ہے کہ کسی مشہور اداکار کے ساتھ شادی کرنے والی عورت کو اسٹار وائف کہا جاتا ہے تو اداکارہ کے ساتھ شادی کرنے والے شخص کو اسٹار ہسبینڈ کیوں نہیں کہا جاتا ؟
میرا راجپوت کو ایک ذہین اور سمجھدار عورت کے طور پر گردانا جاتا ہے جنہوں نے محض 20 سال کی عمر میں بطور ہاؤس وائف کا انتخاب کیا۔
میرا راجپوت نے نہایت وقار کے ساتھ اپنے شوہر شاہد کپور کا ساتھ دیا اور فلمی چمک دمک میں بھی اپنا ایک الگ مقام بنایا۔
حال ہی میں میرا راجپوت کپور کی ایک پُرانی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے، اس ویڈیو میں ان کے ساتھ مشہور ریپر بادشاہ بھی موجود ہیں۔
ویڈیو میں میراراجپوت کپور یہ سوال اٹھاتی نظر آرہی ہیں کہ انہیں اسٹار وائف کیوں کہا جاتا ہے، میرا کپور نے اپنا نظریہ پیش کیا کہ اگر کوئی عام مرد کسی مشہور اداکارہ سے شادی کرے تو اسے اسٹار ہسبینڈ کیوں نہیں کہا جاتا؟
میرا نے صاف گوئی سے کام لیتے ہوئے کہا کہ ’میں نے کبھی اسٹار وائف کا کانسپٹ نہیں سمجھا، اسٹار وائف کے ساتھ اسٹار ہسبینڈ کی اصطلاح کیوں استعمال نہیں کی جاتی؟
شو کی میزبان جینس نے میرا کی اس بات سے مکمل اتفاق کیا اور ان کے مؤقف کو سراہا۔
دوسری طرف بادشاہ بھی میرا کے اندازِ بیان سے خاصے متاثر نظر آئے اور اس مسئلے پر ان کے خیالات کی تعریف کی۔
جیسے ہی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ریڈ اٹ پر شیئر ہوئی تو صارفین کے تبصروں کی بھرمار ہوگئی۔
ایک صارف نے تبصرہ کیا کہ میرا کی مکمل شناخت صرف اس وجہ سے ہے کہ وہ شاہد کپور کی بیوی ہیں، ورنہ ان کی اپنی کیا حیثیت ہے؟ کتنے مشہور اداکاروں کے شریکِ حیات ہر ماہ انٹرویو دیتے پھرتے ہیں؟
ایک اور صارف نے مادھوری دکشت کے شوہر ڈاکٹر نینے کی مثال دی اور لکھا کہ ایسا نہیں ہے کہ مردوں کو اسٹار ہسبینڈ نہیں کہا جاتا، مادھوری کے شوہر کی اپنی ایک شناخت ہے، ڈاکٹر نینے نے اپنی پروفیشنل شناخت بنائی۔
صارف نے مزید کہا کہ مسئلہ یہ ہے کہ بیشتر اسٹار وائفز کے پاس اپنا کوئی کیریئر نہیں ہوتا، اگر آپ کا اپنا کیریئر ہوتا، چاہے کم شہرت والا ہی کیوں نہ ہوتا تو آپ کو صرف 'اسٹار وائف' نہ کہا جاتا،جیا بچن کی مثال سامنے ہے ،وہ جب امیتابھ سے شادی کر رہی تھیں خود ایک بڑی اسٹار تھیں اور آج بھی انہیں صرف 'امیتابھ کی بیوی' نہیں کہا جاتا۔
تیسرے صارف نے لکھا کہ زیادہ تر اسٹار ہسبینڈز میڈیا میں انٹرویوز نہیں دیتے اور ان کی اپنی شناخت اتنی مضبوط ہوتی ہے کہ انہیں اپنی بیوی کے نام کی ضرورت نہیں ہوتی، یہی وجہ ہے کہ اداکارائیں ایسے مردوں سے شادی کرتی ہیں۔




