کون نبیل قریشی؟ ریحام رفیق کے سوال پر فینز حیران
نبیل قریشی کے نام پر ریحام رفیق کی لاعلمی توجہ کا مرکز
پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ، وائس اوور آرٹسٹ اور ڈانسر ریحام رفیق ان دنوں اپنے ہٹ ڈراما سیریل ‘پرورش میں اپنے کردار عمل کی بدولت ناظرین کے دلوں پر راج کررہی ہیں۔
پرورش میں ریحام کا یہ کردار ناظرین میں بے حد مقبول ہو رہا ہے اور لوگ اس کے ذریعے ملک کی نوجوان خواتین کی نمائندگی کو سراہ رہے ہیں۔
اسی کامیابی کے تناظر میں اداکارہ حال ہی میں فوشیامیگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، کریئر، اداکاری اور رقص کے شوق کے بارے میں مداحوں سے پہلی بار کھل کر بات کی۔
اپنے انٹرویو میں کریئر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ریحام رفیق نے گفتگو کے دوران اس بات پری زور دیا کہ نوجوان فنکاروں کو انڈسٹری میں قدم رکھنے کے بعد آگے بڑھنے کے لیے خاطر خواہ رہنمائی نہیں ملتی۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ انہیں ڈانس سے بے حد لگاؤ ہے اور وہ اسے بطور کیریئر اپنانا چاہتی تھیں لیکن جلد ہی انہیں یہ احساس ہوا کہ میڈیا میں ڈانسرز کی ترقی کے لیے زیادہ گنجائش نہیں ہے۔
اداکارہ کا کا کہنا تھا کہ ‘یہی وجہ ہے کہ اس معاملے پر سوچ و بیچار کے بعد میں نے اداکاری کے میدان میں قسمت آزمائی اور یہی وہ وقت تھا جب مجھے نبیل قریشی کی فلم ‘کھیل کھیل میں‘ کی پیشکش ہوئی۔
ریحام رفیق نے اس واقعے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وہ نبیل قریشی کے بارے میں نہیں جانتی تھیں اور اس دوران ہنزہ جانے کا ارادہ کر رہی تھیں لیکن جب انہیں نبیل کی ٹیم کی طرف سے کال آئی تو انہوں نے اسے سنجیدگی سے نہیں لیا اور اپنے سفر کی منصوبہ بندی جاری رکھی۔
ریحام نے بتایا کہ جب ان کی بہن نے اس حوالے سے پوچھا تو انہوں نے لاپرواہی کا مظاہرہ کیا جس پر ان کی بہن نے انہیں بتایا کہ نبیل قریشی کے کریڈٹ پر ‘نامعلوم افراد اور ایکٹر اِن لا‘ جیسی کامیاب فلمیں ہیں تم یہ موقع کیوں ضائع کررہی ہو؟‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا اس کے بعد انہوں نے اپنا ہنزہ کا سفر منسوخ کیا اور شوٹ کے لیے روانہ ہو گئیں۔
واضح رہے کہ ریحام رفیق کی ایک حالیہ ٹرینڈنگ ٹک ٹاک ڈانس ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اس ڈانس ویڈیو پر انہیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا جہاں بعض صارفین نے ان کے شوہر اور سسرال والوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں اس ٹرولنگ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے شوہر اور سسرالیوں کو میرے ڈانس کرنے سے کوئی اعتراض نہیں ہے‘۔




