بھارت کا سب سے مہنگا موسیقار کون؟
اس موسیقار نے معاوضے میں اے آر رحمان کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔
بھارتی فلم انڈسٹری نے وقت کے ساتھ ساتھ بڑی تبدیلیوں کا سامنا کیا ہے، ایک وقت تھا کہ جب لتا منگیشکر اور محمد رفیع جیسے لیجنڈری گلوکاروں کو فی گانا 500 روپے سے زیادہ معاوضہ لینے کے لیے بھی لڑائی کرنی پڑتی تھی، جب کہ اس وقت فلم اسٹاز لاکھوں روپے کما رہے ہوتے تھے۔
تاہم آج بھارتی موسیقار ایک گانے کے لیے لاکھوں روپے اور ایک مکمل البم کے لیے ایک کروڑ روپے سے بھی زائد معاوضہ حاصل کر رہے ہیں۔
لیکن ایک حالیہ پیش رفت میں حیرت انگیز طور پر ایک نئے میوزک کمپوزر نے بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار کا اعزاز حاصل کر لیا۔
ذرائع کے مطابق موسیقار میتھون، ایک آنے والی رومانوی فلم کے مکمل ساؤنڈ ٹریک کے لیے غیر معمولی طور پر ہوش ربا معاوضہ حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔
اگرچہ فلم کے حوالے سے دیگر تفصیلات فی الوقت پوشیدہ ہے لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ فلم کے تمام گانوں پر کام کرنے کے لیے میتھون کو 25 کروڑ روپے کا خطیر معاوضہ ادا کیا جائے گا۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میتھون اس سے پہلے بھی اس فلم ڈائریکٹر کے ساتھ کام کر چکے ہیں اور ان کی کولیبریشن کے نتیجے میں کئی چارٹ بسٹر گانے سامنے آئے،جس نے پروڈیوسروں کو متھون کے کام کے لیے اتنی زیادہ سرمایہ کاری کرنے پر آمادہ کیا۔
یہ پہلا موقع ہے جب کسی موسیقار کو صرف ایک فلم کے البم پر کام کرنے کے لیے اس قدر بڑی رقم دی جا رہی ہے جس کی اس سے پہلے کوئی نظیر نہیں ملتی۔
میتھون سے قبل، انیرودھ روی چندر بھارت کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے موسیقار سمجھے جاتے تھے۔
انہوں نے شاہ رخ خان کی فلم جوان کے لیے 10 کروڑ روپے سے زائد کا بھاری معاوضہ وصول کیا تھا، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی فیس میں کمی کردی تھی اور 'لیو' اور 'جیلر' جیسی فلموں کے لیے 8 کروڑ روپے معاوضہ لیا تھا۔
اس سے قبل ایک طویل عرصے تک اے آر رحمان موسیقی کی دنیا کے بے تاج بادشاہ رہے ہیں، ان کا عمومی معاوضہ فی فلم تقریباً 8 کروڑ روپے ہوتا ہے، جو اس صورت میں مزید بڑھ جاتا ہے اگر وہ کسی گانے کو اپنی آواز دیں۔
ان کے بعد پریتم، وِشال-شیکھر، ایم ایم کیراوانی، اور یووان شنکر راجہ جیسے نامور موسیقار آتے ہیں، جو عموماً 5 کروڑ روپے سے کم معاوضہ لیتے ہیں۔
جہاں موسیقار کروڑوں روپے کے خطیر معاوضے حاصل کرتے ہیں وہیں گلوکاروں کی فیس نسبتاً کم ہے۔
بیشتر گلوکار ایک گانا گانے کے لیے 15 سے 20 لاکھ روپے چارج کرتے ہیں اور بمشکل ہی کسی گلوکار کو ایک فلم کے لیے ایک کروڑ روپے تک کی رقم دی جاتی ہے۔
البتہ، پرائیویٹ البمز کی دنیا میں یہ صوررتحال مختلف ہے، جہاں دلجیت دوسانجھ جیسے مقبول گلوکار ایک البم سے کروڑوں روپے کما لیتے ہیں




