انفوٹینمنٹ

سلطان راہی کے بیٹے نے والد سے آخری ملاقات کا احوال بتادیا

میں اس دن کچھ بے چینی محسوس کررہا تھا، حیدر سلطان

Web Desk

سلطان راہی کے بیٹے نے والد سے آخری ملاقات کا احوال بتادیا

میں اس دن کچھ بے چینی محسوس کررہا تھا، حیدر سلطان

سلطان راہی پاکستانی سنیما کا بڑا نام تھے
سلطان راہی پاکستانی سنیما کا بڑا نام تھے

معروف پاکستانی اداکار سلطان راہی مرحوم کے بیٹے حیدر سلطان نے اپنے والد سے آخری ملاقات کا احوال بیان کردیا۔

سلطان راہی پاکستانی سنیما کا بڑا نام تھے، جنہوں نے 600 سے زائد فلموں میں کام کیا اور فلم مولا جٹ سے انہوں نے بےپناہ مقبولیت حاصل کی تھی۔

انہوں نے اردو اور پنجابی فلموں میں کام کیا ہے، ایکشن سے بھرپور فلمیں بھی سلطان راہی کے دور میں شروع ہوئیں اور اپنے عروج پر پہنچیں۔

ان کی مشہور فلموں میں بشیرا، شیر خان ،مولا جٹ، سالا صاحب، چند وریام، آخری جنگ اور شعلے سرفہرست ہیں۔

9 جنوری 1996 کو ایک ناگہانی واقعے میں سلطان راہی کی موت واقع ہوگئی تھی، جب سلطان راہی ڈاکوؤں کی گولی کا نشانہ بن گئے۔

حال ہی میں سلطان راہی مرحوم کے بیٹے اداکار حیدر سلطان نے نجی ٹی چینل کے پروگرام میں گفتگو کے دوران اپنے والد سلطان راہی سے آخری ملاقات کے بارے میں کھل کر بات کی۔

پروگرام میں گفتگو کے دوران حیدر سلطان نے بتایا کہ ان کے والد ویزے کے معاملے میں اسلام آباد جارہے تھے، جیسے ہی ان کی گاڑی پورچ سے باہر نکلی، تو انہوں نے ان کی طرف ہاتھ ہلایا، وہ اپنے والد کے پاس گئے اور انہیں بوسہ دیا، کیونکہ وہ اس دن کچھ بے چینی محسوس کررہے تھے۔

حیدر سلطان نے بتایا کہ انہوں نے اپنے والد سے پوچھا کہ کیا وہ ان کے ساتھ جائیں؟ لیکن ان کے والد نے کہا کہ وہ خود جا سکتے ہیں اور وہ چلے گئے، اسی دن سلطان راہی کی ناگہانی واقعے میں موت ہوگئی، اس وقت حیدر سلطان کی عمر صرف 18 سال تھی۔

حیدر سلطان نے بتایا کہ ان کے والد کتنے عاجز تھے، وہ ہمیشہ لوگوں کو سب سے پہلے سلام کرتے تھے، وہ ایک مخیر شخص تھے اور انہوں نے اپنے ذاتی خرچ پر کئی مساجد بھی تعمیر کروائی تھیں۔

حیدر سلطان نے بتایا کہ ایک دفعہ وہ اپنے والد کے ساتھ اسٹوڈیو گئے، اچانک ایک جھاڑو دینے والے نے سلطان راہی صاحب کو روکا اور کہا کہ آپ نے آج مجھے سلام نہیں کیا، سلطان راہی گاڑی سے باہر نکلے، اس شخص کو گلے لگا کر سلام کیا، وہ شخص جذباتی ہو گیا اور کہا کہ اب آپ جاسکتے ہیں۔