کھیل

'اپنی حدود میں رہیں' بابراعظم کے والد کو کامران اکمل کی وارننگ

کامران اکمل نے بابر اعظم کو ٹی20 سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی تھی

Web Desk

'اپنی حدود میں رہیں' بابراعظم کے والد کو کامران اکمل کی وارننگ

کامران اکمل نے بابر اعظم کو ٹی20 سے ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی تھی

(فائل فوٹو/اسکرین گریب)
(فائل فوٹو/اسکرین گریب)

قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے اپنے کزن اور سابق کپتان بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کو اپنی حدود میں رہنے کا مشورہ دے دیا۔

حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ کے دوران کامران اکمل نے محمد رضوان اور بابراعظم کو ٹی20 انٹرنیشنلز سے مستقل ڈراپ کرنے کے فیصلے کی حمایت کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ 'میرے خیال میں اب ان دونوں کو صرف ٹیسٹ میچز کے لیے رکھا جانا چاہیے، ہو سکتا ہے مزید 6 ماہ کے بعد انہیں صرف ٹیسٹ کرکٹ کے لیے ہی موزوں سمجھا جائے'۔

کامران اکمل نے ون ڈے انٹرنیشنل (او ڈی آئی) فارمیٹ میں بھی بابر اعظم اور محمد رضوان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہا تھا کہ 'مزید 6 ماہ بعد انہیں ون ڈے سے بھی ڈراپ کر دینا چاہیے کیونکہ اِن دنوں پاکستان بہت کم ہی ٹیسٹ میچز کھیل رہا ہے، کوئی بھی ٹیسٹ کرکٹ کے بارے میں بات نہیں کر رہا لیکن اصل کھلاڑی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے سے ہی بنتا ہے'۔

بابر اعظم کے والد کی تنقید 

بابر اعظم کے والد کو کامران اکمل کی یہ رائے سخت ناگوار گزری، انہوں نے انسٹاگرام پر ایک پُرانی تصویر شیئر کی جس میں کامران اکمل اپنے چھوٹے کزن بابراعظم کیساتھ موجود تھے، اس فوٹو کیساتھ اعظم صدیقی نے کیپشن میں لکھا کہ 'یہ بچہ (بابر) کبھی آپ کی کپتانی میں نہیں کھیلا، لیکن آپ نے اس کی کپتانی میں کھیلا اور صفر پر آؤٹ ہوئے جب کہ اس دن اس نے سنچری اسکور کی'۔

بعدازاں انہوں نے کیپشن کو ایڈٹ کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہی ہے عظمتوں کا اصول جاوداں حضور، امیر کو شجاعتیں غریب کو وقار دو، کبھی ٹی وی پر بیٹھ کر مجھے مخاطب کرکے کہتے ہو کہ بابر کو کہو کہ کپتانی چھوڑ دے، ہر دفعہ زہر ہی اگلتے ہو، ہم نے آج تک درگُزر سے کام لیا، ساتھ ہر جگہ بھائی بھی کہتے ہو، لوگ کہتے رہیں تم تو خیال کرو'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'اشفاق احمد نے ٹھیک کہا تھا، کامیاب لوگوں کی غیبت کرنا ناکام لوگوں کی مجبوری ہوتی ہے، تُرک کہاوت ہے کہ کوئی یہ کہے کہ میں آپ کا بھائی ہوں تو یہ بھی بتائے کہ وہ ہابیل ہے کہ قابیل، پاکستان زندہ باد (نوٹ) ابھی جاری'۔

کامران اکمل کا ردعمل

بابراعظم کے والد اعظم صدیقی کی اس پوسٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کامران اکمل نے اپنی انسٹا اسٹوری پر لکھا کہ انکی پوسٹ نامناسب تھی، انہیں اپنی حدود میں رہنا چاہیے۔

(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)
(اسکرین شاٹ: انسٹاگرام)

کامران اکمل کا کہنا تھا کہ 'اللہ آپ کو مزید عزت اور کامیابی سے نوازے، ہر بار خاموش رہنا کوئی آپشن نہیں، خاص طور پر جب جھوٹی کہانیاں پھیلائی جارہی ہوں، میں آپ سے درخواست کرتا ہوں کہ حقائق کے بغیر میرے بارے میں بولنے یا پوسٹ کرنے سے پہلے دو بار سوچیں، ہمارے والدین کو چاہئیں کہ ایسی پرورش کریں کہ ہم کبھی کسی سے حسد نہ کریں، اور الحمدللہ، میں نے فخر کے ساتھ اپنے ملک کی نمائندگی کی ہے اور وقار کے ساتھ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'اگلی بار براہ کرم اپنے الفاظ کا انتخاب زیادہ احتیاط سے کریں، حدود واضح ہیں اور آپ نے انہیں ایک سے زائد بار عبور کیا ہے، اب آپ اپنی حدود میں رہیں، اس راہ پر چل کر اپنی عزت نہ گنوائیں، کرکٹ کا تعلق پرفارمنس سے ہے، اس کو ذاتی ایجنڈ تک نہ بڑھائیں، اور اگر کسی کی طرف اشارہ کرنا ہو تو واضح بات کیا کریں، سچ کو پردوں میں چھپایا نہیں جاتا'۔

واضح رہے کہ بابراعظم سابق کرکٹر کامران اکمل، عمر اکمل اور عدنان اکمل کے کزن ہیں، تینوں بھائیوں کو بطور کرکٹر پاکستانی کی نمائندگی کا اعزاز حاصل رہا ہے تاہم یہ واضح ہے کہ دونوں خاندانوں کے درمیان تلخ تعلقات موجود ہیں۔

تازہ ترین