کھیل

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ؛ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی

Web Desk

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ؛ ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا

انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی

(اسکرین گریب)
(اسکرین گریب)

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم نے گولڈ میڈل جیت لیا۔

جنوبی کوریا میں ہونے والے ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے فائنل میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھرور ارشد ندیم اور یاسر سلطان ایکشن میں نظر آئے۔

پاکستان کے یاسر سلطان نے پہلی باری میں 70.53 میٹر کی تھرو کی، دوسری تھرو 75.39 میٹر کی رہی جبکہ تیسری کوشش میں یاسر سلطان نے 75.50 میٹر کی تھرو کی۔

پاکستان کے ارشد ندیم نے پہلی تھرو 75.64 میٹر کی پھینکی جبکہ دوسری کوشش میں ارشد ندیم کی تھرو 76.80 میٹر کی رہی، تیسری کوشش میں ارشد ندیم نے 85.57 میٹر کی تھرو پھینکی۔

ارشد ندیم نےچوتھی کوشش میں 83.99 میٹر کی تھرو پھینکی، چوتھے راؤنڈ کے اختتام تک ارشد ندیم چارٹ پر پہلے نمبر پر برقرار رہے جس کے بعد انہوں نے اپنی آخری تھرو 86.40 میٹر لمبی پھینکی اور اور یوں بلآخر انہوں نے ایک بار پھر گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ جیولن تھرور کے فائنل مقابلے میں بھارت کے سچن یادو دوسرے نمبر پر رہے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

واضح رہے کہ ارشد ندیم نے 86 اعشاریہ 34 میٹر کی تھرو پھینک کر فائنل میں کوالیفائی کیا تھا۔

1973 کے بعد پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل

ایشین ایتھلیٹکس کی تاریخ میں 1973 کے بعد یہ پاکستان کا پہلا گولڈ میڈل ہے، پاکستان نے آخری مرتبہ اس ایونٹ میں 1973 میں گولڈ میڈل جیتے تھے۔

1973 میں فلپائن میں ہونیوالے مقابلوں میں پاکستان نے جیولن تھرو اور 800 میٹر کے گولڈ جیتے تھے جس میں 800 میٹر کا گولڈ محمد یونس اور جیولن تھرو کا گولڈ میڈل اللہ داد نے جیتا تھا۔

ایشین ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم 50 سال سے زائد عرصے میں گولڈ جیتنے والے پہلے پاکستانی ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 2024 میں بھی ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں نیا اولمپک ریکارڈ بنا کر ملک کو 40 برس بعد طلائی تمغے کا اعزاز بخشا تھا۔

انہوں نے یہ کارنامہ 92.97 میٹر فاصلے پر نیزہ پھینک کر انجام دیا جو ان کے کریئر کی بہترین جبکہ دنیا کی چھٹی بہترین تھرو ہے۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی مبارکباد

چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے ارشد ندیم کو جنوبی کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ جیتنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ارشد ندیم پاک دھرتی کا سپوت ہے، اور آج ارشد ندیم نے ایک بار پھر پاکستانیوں کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم پاکستان کا ہیرو ہے اور قوم اس کامیابی پر بہت خوش ہے، ارشد ندیم کی جیت سخت محنت، لگن اور کمٹمنٹ کا نتیجہ ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ تاریخی کامیابی پر ہر پاکستانی مسرور ہے، اور قوم کو پاکستان کے باصلاحیت بیٹے پر فخر ہے، بھارت سمیت دیگر ممالک کے ایتھلیٹس کو ہرا کر چیمپئن شپ جیت کر قومی پرچم کو بلند کرنا بہت بڑا اعزاز ہے۔