ماہرہ اور ہمایوں سعید کا اپنے ہونٹوں میں تبدیلی کا تہلکہ خیز انکشاف
ماہرہ کی باتوں سے مداح حیران
بڑھتی عمر کیساتھ جلد کا ڈھلکنا، حسن اور جوانی کا ختم ہونا، اور چہرے کی دلکشی کھوجانے کا تو سنا ہی تھا لیکن عمر کے ساتھ ساتھ ہونٹوں کی بناوٹ میں تبدیلی رونما ہونے کا انکشاف ماہرہ خان کے منہ سے سن کر فینز ورطہ حیرت میں مبتلا ہوگئے۔
چند دن بعد یعنی بڑی عید پر شائقین ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کو بڑے پردے پر دیکھنے کیلئے منتظر بیٹھے ہیں اور ابھی فی الحال فلم کی تشہیر اور گانوں سے لطف اندوز ہورہے ہیں۔
ایسے میں فلم لو گرو کی مرکزی جوڑی ماہرہ خان اور ہمایوں سعید بیرون ممالک اپنی فلم کی پروموشن میں مصروف ہیں اور ساتھ ہی مختلف انٹرویوز کا حصہ بنے بھی نظر آرہے ہیں۔
اپنی عالمی مارکیٹنگ ٹور کے دوران ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے امریکہ، برطانیہ اور متحدہ عرب امارات کا دورہ کیا اور اب پاکستان واپسی کرچکے ہیں۔
حال ہی میں یہ دونوں ایک ساتھ ’سمتھنگ ہاٹ’ کے مہمان بنے جہاں ماہرہ خان اور ہمایوں سعید ایک ہاٹ ٹاپک پر بات کرکے ٹاک آف دی ٹاؤن بن گئے۔
ویسے تو قبل ازیں یہ جوڑا اپنی دلچسپ آن اسکرین کیمسٹری کے سبب خوب تعریفیں بٹور چکا ہے کیونکہ مداح انہیں ’بن روئے’ اور ’نیت’ میں ایک ساتھ بے حد پسند کرچکے ہیں اور اب تقریباً 9 سال بعد یہ جوڑی فلم ’لوگرو’ میں اداکاری سے لاکھوں دلوں کو جیتنے والی ہے۔
لیکن اس سے قبل ماہرہ خان نے ہمایوں سعید کیساتھ ڈراما ’بن روئے’ کے دنوں کو یاد کیا کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ جب سے اب تک ان دونوں فنکاروں کے اندر خاصی تبدیلی رونما ہوچکی ہے۔
دوران انٹرویو ماہرہ خان اور ہمایوں سعید نے انہیں ذاتی تبدیلیوں کے بارے میں بات کی جس میں خاص طور پر ہونٹوں کے سائز کی تبدیلی فینز کو قدرے حیران کرگئی۔
اگرچہ ماہرہ پہلے کہہ چکی ہیں کہ وقت گزرنے کے ساتھ ان میں زیادہ فرق نہیں آیا لیکن انہوں نے یہ ضرور محسوس کیا ہے کہ ان کی شکل و صورت میں ایک چھوٹی سی تبدیلی آئی ہے۔
ماہرہ کے مطابق،’عمر بڑھنے کے ساتھ ان کے ہونٹ چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں اور وہ پہلے جیسی تازگی یا توانائی محسوس نہیں ہوتی۔’
ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ،’جب انہوں نے ’بن روئے’ کے زمانے کی تصویریں دیکھیں تو انہیں لگا کہ ان کے اور ہمایوں کے ہونٹ پہلے بڑے اور بھرے ہوئے تھے لیکن اب چھوٹے اور پتلے ہوتے جارہے ہیں’۔
اداکارہ کی اس بات سے اتفاق کرتے ہوئے ہمایوں نے کہا کہ واقعی جب کے وقت میں اور آج کے وقت میں کچھ تو بدلا ہے۔
اس پر ماہرہ خان نے وضاحت کی کہ جن لوگوں نے اپنے ہونٹوں کو خوبصورت اور بڑا دکھانے کیلئے فِلرز لگوائے ہوتے ہیں، ان کے ہونٹ وقت کے ساتھ پتلے ہو جاتے ہیں کیونکہ فِلرز گھل جاتے ہیں۔ ’
تاہم ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی نظر میں ہونٹوں کی یہ تبدیلی عمر رسیدہ ہونے کی وجہ سے آئی ہے۔
ماہرہ خان کے اس مشاہدے پر کہ وقت کے ساتھ ان کے اور ہمایوں سعید کے ہونٹ چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں، انٹرنیٹ پر ملا جلا ردِعمل سامنے آیا ہے۔ایک صارف نے تبصرہ کیاکہ،’یہ کس قسم کی گفتگو ہے؟ وہ سیدھا کہہ دیتیں کہ ہم بوڑھے ہو گئے ہیں۔’
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ،’عمر کے ساتھ ہونٹ واقعی سکڑتے ہیں کیونکہ کولیجن کم ہو جاتا ہے۔’




