شادی کے بعد ریحام رفیق کو لوگ کیا کہتے ہیں؟ اداکارہ کی لب کشائی
ریحام رفیق نے شادی کے بعد لوگوں کے کمنٹس پر خاموشی توڑ دی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ و رقاصہ ریحام رفیق نے حال ہی میں رشتۂ ازدواج میں منسلک ہونے کے بعد معاشرتی رویوں اور لوگوں کی جانب سے ملنے والے عجیب و غریب اور منفی تبصروں پرلب کشائی کی۔
ریحام رفیق گزشتہ ماہ اپنے کزن شکیب خان کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں اور تقریب کی ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھیں تاہم ان کی ذاتی زندگی میں اس نئے چیپٹر کا آغاز ں مبارکباد سے زیادہ طعنوں پر ہوا۔
پرورش میں عمل کا کردار نبھانے والی اداکارہ حال ہی میں فوشیا میگزین کے ساتھ ایک انٹرویو میں بطور مہمان شریک ہوئیں جہاں انہوں نے اپنی نجی زندگی، کریئر، اداکاری، رقص کے شوق کے بارے میں بات کی۔
تاہم انٹرویو سے ریحام کی جانب سے شادی کے بعد لوگوں سے ملنے والے کمنٹنس کے بارے میں کی جانے والی گفتگو مداحوں میں مقبول ہوگئی۔
اپنے حالیہ انٹرویو میں ریحام رفیق نے اپنی دکھ بھری کہانی سناتے ہوئے بتایا کہ کس طرح شادی کے بعد ان کے اردگرد کے لوگوں اور رشتے داروں نے منفی باتیں کرنا شروع کر دیں۔
ریحام کا کہنا تھا کہ ‘شادی کے بعد میں جتنے بھی لوگوں سے ملی چاہے وہ شوٹنگ پر ہوں یا رشتے داروں میں شاید ہی کوئی ایک یا دو ایسے افراد ہوں گے جنہوں نے شادی کے بعد مبارکباد دی ہو یا نیک خواہشات کا اظہار کیا ہو‘۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ ‘یہ صورتحال میرے لیے نہ صرف حیران کن بلکہ پریشان کن بھی تھی‘۔
اداکارہ کے مطابق ہر ایک کے پاس ان کے سسرال کے بارے میں پوچھنے یا کہنے کے لیے صرف منفی باتیں تھیں انہوں نے اپنے تجربے کا ذکر کرتے ہوئے کچھ تبصرے گنوائے جوکہ کچھ یوں تھے کہ ‘کوئی کہہ رہا تھا کہ تم نے شادی کرلی اب اللہ رحم ہی کرے‘، کسی نے کہا کہ ‘ابھی شروعات ہے اس لیے سسرال میں سب اچھا چل رہا ہے‘۔
ریحام نے لوگوں کے رویے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر لوگوں کے پاس کہنے کے لیے کچھ اچھا نہیں ہے تو انہیں صرف دعا ہی دے دینی چاہیے۔
ریحام رفیق نے مزید کہا کہ وہ سمجھتی ہیں کہ ہمارے معاشرے میں شادی کے بارے میں بہت اچھا تاثر نہیں ہے اور اسی وجہ سے ہمارے نوجوان شادی کرنے سے ڈرتے ہیں اور اردگرد کے لوگوں کے ایسے ہی منفی تبصرے شادی جیسے خوبصورت رشتے سے خوفزدگی پیدا کرتے ہیں۔
ریحام رفیق کے موجودہ پراجیکٹس
کام کے محاذ پر اداکارہ ریحام رفیق ان دنوں اے آر وائی ڈیجیٹل کے ہٹ سیریل 'پرورش' میں اپنی اداکاری کے جوہر دکھا رہی ہیں۔
وہ اس ڈرامے میں ‘عمل' کا کردار ادا کر رہی ہیں جس میں ان کے ساتھ ساتھی اداکارہ عیناء آصف اور ثمر جعفری بھی شامل ہیں۔
ڈرامے کی دیگر کاسٹ میں لیجنڈری اداکار نعمان اعجاز، سویرا ندیم، شمیم حلالی، سعد ضمیر فریدی، نورے ذیشان، نذر الحسن، بختاور مظہر، حلیمہ علی، ارشد محمود، سمن انصاری اور ابوالحسن جیسے نامور اداکار شامل ہیں۔
ڈراما سیریل ‘پرورش' کے ہدایت کار میثم نقوی ہیں جبکہ اس کی کہانی کرن صدیقی نے لکھی ہے یہ ڈراما ہر پیر اور منگل کی رات 8 بجے اے آر وائی ڈیجیٹل پر نشر کیا جاتا ہے۔
-
فلم / ٹی وی 6 منٹ پہلے
کاجول 'دل والے دلہنیا لے جائیں گے' کے سیکوئل پر بول پڑیں
-
وائرل اسٹوریز 28 منٹ پہلے
بیوی ہونے کے سوا عاطف کے معاملات سے کوئی لینا دینا نہیں، نادیہ حسین
-
بالی ووڈ 44 منٹ پہلے
عامر نے مہابھارت کے بعد ریٹائرمنٹ کی خبروں پر وضاحت دیدی
-
انفوٹینمنٹ 58 منٹ پہلے
عاصم اور میرب کے ایک ساتھ آخری لمحات توجہ کا مرکز