لارا دتہ کے والد کا انتقال، صفِ ماتم بچھ گئی
اداکارہ کے والد 84 سال کی عمر میں چل بسے
بالی وڈ فلم نگری کی اداکارہ لارا دتہ کے والد ریٹائرڈ ونگ کمانڈر ایل کے دتہ کے انتقال کے بعد اداکارہ کا گھر ماتم کدہ بن گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکارہ کے والد کا انتقال 84 سال کی عمر میں ممبئی میں ان کی رہائش گاہ پر ہوا جس کی خبر نے اداکارہ پر غم کے پہاڑ توڑ دیے۔
سوشل میڈیا پر وائرل مختلف ویڈیوز میں اداکارہ اور ان کے شوہر مہیش بھوپتی کو ایل کے دتہ کے جنازے میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا گیا جبکہ ایک ویڈیو میں دتہ خاندان کو سفید لباس میں آخری رسومات کے دوران شرکت کرتے اور آخری الوداعی عقیدت پیش کرتے ہوئے دیکھا گیا۔
واضح رہے کہ لارا دتہ کے والد کے انتقال کی اصل وجہ فی الحال معلوم نہیں ہوئیں اور نہ ہی خاندان کی جانب سے ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری کیا گیاہے۔
تاہم فلم نگری کی جانب سے والد کے چل بسنے پر اداکارہ لارا دتہ سے اظہار تعزیت کیا جارہا ہے جبکہ کئی لوگ اور مداح بھی انکے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ اداکارہ لارا دتہ نے چند دنوں قبل اپنے والد کا 84واں یومِ پیدائش منایا تھا۔
انہوں نے ایک دل کو چھو لینے والا پیغام شیئر کیا تھا اور لکھا تھا کہ یہ دن ان کے لیے نہ صرف والد کے جنم دن کی وجہ سے خاص ہے بلکہ اس دن کو ان کے مس یونیورس کا 25 واں جشن بھی قرار دیا تھا۔
اداکارہ نے اپنے پیغام میں لکھا تھا کہ،‘گزشتہ روز جذبات کا طوفان تھا 12 مئی کو میری زندگی کا ایک خاص دن! نہ صرف میرے والد کا جنم دن، بلکہ وہ دن بھی جب میں نے 25 سال پہلے مس یونیورس کا تاج جیتا تھا! وقت واقعی پر لگا کر اُڑتا ہے!!! کل ہم نے ایک پوجا کے ذریعے اپنے والد کی زندگی کو منایا، اس حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے کہ زندگی کتنی ناپائیدار اور نازک ہے۔’
اداکارہ نے مزید لکھا کہ،‘ یہ بہت ضروری ہے کہ ہم کائنات کی طرف سے دی گئی نعمتوں کا شکر ادا کریں, گزشتہ 25 سالوں میں آپ کی محبت اور ساتھ کے لیے شکریہ!’۔
لارا دتہ کے آئندہ فلمی منصوبے:
مداح جلد ہی لارا دتہ کو فلم ’ویلکم ٹو دی جنگل‘ میں دیکھ سکیں گے۔
اس فلم میں جیکی شروف، اکشے کمار، سنیل شیٹی، پاریش راول، ارشد وارثی، تشار کپور، شریاس تلپڑے، آفتاب شیو ڈسانی، روینہ ٹنڈن، دیشا پٹانی، جانی لیور اور راجپال یادو سمیت کئی بڑے نام شامل ہیں۔



