انفوٹینمنٹ

عامر خان نے بطور اداکار اپنی آخری فلم کا نام بتادیا

میری خواہش تو یہ ہے کہ میں کام کرتے کرتے دنیا سے جاؤں، عامر خان

Web Desk

عامر خان نے بطور اداکار اپنی آخری فلم کا نام بتادیا

میری خواہش تو یہ ہے کہ میں کام کرتے کرتے دنیا سے جاؤں، عامر خان

(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)
(فائل فوٹو: سوشل میڈیا)

بالی وڈ کے مشہور و معروف اداکار عامر خان ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گئے ہیں، اپنی آخری فلم 'لال سنگھ چڈھا' کی ناکامی کے بعد عامر خان اب پوری سنجیدگی کے ساتھ اپنے آئندہ منصوبوں پر کام کر رہے ہیں۔

ان کی اگلی فلم 'ستارے زمین پر' رواں ماہ20 جون 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے جا رہی ہے، جبکہ اس کے بعد وہ اپنے ڈریم پراجیکٹ 'مہابھارت' پر کام شروع کریں گے۔

'مہابھارت' عامر خان کا آخری پراجیکٹ؟

ایک حالیہ انٹرویو میں عامر خان نے انکشاف کیا کہ مہابھارت ان کا ’ڈریم پراجیکٹ‘ ہے اور ممکن ہے کہ یہ بطور اداکار ان کی آخری فلم ہو۔

یوٹیوبر راج شامانی سے گفتگو کے دوران عامر نے 'مہا بھارت' کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ اتنا لیئرڈ ہے، اتنا ایموشنل ہے، اس کا اسکیل اتنا بڑا ہے، ہر چیز جو دنیا میں ہے، وہ مہابھارت میں ہے‘۔

عامر خان نے مزید کہا کہ ’میری خواہش تو یہ ہے کہ میں کام کرتے کرتے دنیا سے جاؤں لیکن اگر کوئی ایک فلم ایسی ہے جو مجھے یہ کہنے پر مجبور کر دے کہ اب کچھ اور کرنے کی خواہش باقی نہیں، تو شاید وہ مہابھارت ہی ہوگی‘۔

عامر خان نے اعتراف کیا کہ 'لال سنگھ چڈھا' کی ناکامی نے انہیں دل شکستہ کر دیا تھا، اس فلم سے انہیں بڑی توقعات تھیں، لیکن باکس آفس پر یہ فلم کچھ خاص نہ کر سکی۔

یاد رہے کہ اس فلم میں عامر خان کے علاوہ کرینہ کپور خان، ناگا چیتنیا، منّا سنگھ اور مناو وِج جیسے اہم اداکار شامل تھے۔

بیٹے کی بالی وڈ ڈیبیو فلم کی ناکامی پر ردعمل

عامر خان نے اپنے بیٹے جنید خان کے فلمی کریئر پر بھی کھل کر بات کی، جنید نے نیٹ فلکس فلم 'مہاراج' سے فلمی دنیا میں قدم رکھا تھا، جو شائقین کو خوب پسند آئی، لیکن ان کی بالی وڈ ڈیبیو فلم 'لوویاپا' باکس آفس پر ناکام رہی۔

اس بارے میں بات کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ 'جب جنید نے پہلا قدم رکھا تو مجھے لگا کہ اب میں ایک باپ ہوں، اور میری تمام تر توجہ اس پر ہونی چاہیے کہ وہ اپنے کام سے خوش ہے یا نہیں، میرے لیے اس کی کامیابی سے زیادہ یہ اہم ہے کہ وہ خود کو اداکار کے طور پر محسوس کرے'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'میں نے جنید کو ہمیشہ کہا کہ ہم تمہیں ہر طرح کی تعلیم دیں گے، لیکن جو مقام بنانا ہے، وہ تمہیں خود بنانا ہے اور اگر تین سال بعد تمہارا کام دیکھ کر مجھے لگا کہ تم میں وہ صلاحیت نہیں، تو میں یہ صاف کہہ دوں گا'۔

اپنے بھائی کی مثال دیتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے بھائی فیصل خان کو بھی فلمی دنیا میں سپورٹ کرنے کی پوری کوشش کی تھی، یہاں تک کہ ان کے ساتھ فلم 'میلہ' بھی کی، لیکن کامیابی نہ ملی، اس تجربے نے انہیں یہ سکھایا کہ یہ ایک ایسا شعبہ ہے جہاں کوئی کسی کی مدد نہیں کر سکتا، صرف دعا کی جا سکتی ہے۔