گستاخانہ بیان پر بھارتی انفلوئنسر گرفتار، کنگنا کا رہائی کا مطالبہ
شرمشتھا پنولی کو انسٹاگرام پر گستاخانہ بیان دینے پر گرفتار کرلیا گیا ہے
متنازع بیانات کے سبب خبروں کی زینت بنی رہنے والی بالی وڈ اداکارہ و بھارتی رکن پارلیمنٹ کنگنا رناوت نے پیغمبر اسلام ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان دینے کے الزام میں گرفتار معروف سوشل میڈیا انفلوئنسر شرمشتھا پنولی کی فوری رہائی کا مطالبہ کردیا۔
کنگنا نے انسٹاگرام کی اسٹوری میں شرمشتھا کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'میں اس بات سے متفق ہوں کہ شرمشتھا نے اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے کچھ ناپسندیدہ الفاظ استعمال کیے، لیکن آج کل نوجوان عام طور پر ایسے الفاظ بولتے ہیں'۔
انہوں نے مزید لکھا کہ 'شرمشتھا نے اپنے بیان پر معافی مانگ لی ہے، جو کہ کافی سمجھی جانی چاہیے، اسے مزید ہراساں کرنے کی ضرورت نہیں، اسے فوراً رہا کیا جانا چاہیے'۔
شرمشتھا پنولی کا متنازع بیان
میڈیا رپورٹس کے مطابق شرمشتھا پنولی نے 14 مئی 2025 کو اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں انہوں نے پہلگام حملے اور اس کے بعد پاکستان کے خلاف بھارت کے 'آپریشن سندور' پر بات کی۔
ویڈیو میں انہوں نے مبینہ طور پر مسلمانوں اور پیغمبرِ اسلام ﷺ سے متعلق توہین آمیز کلمات ادا کیے تھے، جس پر شدید عوامی غم و غصے نے جنم لیا اور ایف آئی آر بھی درج کی گئی، بعدازاں اس ویڈیو کو انکے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے ہٹا دیا گیا۔
ویڈیو پر عوامی ردعمل اور ایف آئی آر کے بعد شرمشتھا نے سوشل میڈیا پر تحریری معافی نامہ جاری کیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ 'ویڈیو میں کہی گئی باتیں میری ذاتی رائے تھیں، میرا کبھی کسی کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا ارادہ نہیں تھا، اگر میرے الفاظ سے کسی کو تکلیف ہوئی ہے تو میں دلی معافی چاہتی ہوں، آئندہ میں اپنے عوامی بیانات میں محتاط رہوں گی'۔
پولیس کی کارروائی اور گرفتاری:
کلکتہ پولیس کے مطابق شومشتا کے خلاف مندرجہ ذیل مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کی گئی ہیں:
دفعہ 196(1)(ا): مذہب، نسل، جائے پیدائش، زبان یا ذات کی بنیاد پر مختلف طبقات/گروہوں میں نفرت/دشمنی کو فروغ دینا
دفعہ 299: مذہبی جذبات کو مجروح کرنا
دفعہ 352: امن عامہ میں خلل ڈالنے کی نیت سے توہین
دفعہ 353(1)(ج): عوام میں انتشار/فساد کو ہوا دینے والے بیانات
پولیس کا کہنا ہے کہ شرمشتھا کو قانونی نوٹس دینے کی کئی کوششیں کی گئیں جو ناکام رہیں کیونکہ وہ اپنے اہلخانہ کے ہمراہ روپوش ہو گئی تھیں، بعد ازاں عدالت سے گرفتاری کا وارنٹ جاری ہونے پر شرمشتھا کو گروگرام سے گرفتار کرلیا گیا۔
ان کے وکیل کی جانب سے ضمانت کی درخواست بھی عدالت میں جمع کرائی گئی ہے، پولیس نے شرمشتھا کا موبائل فون اور لیپ ٹاپ بھی تحویل میں لے لیا ہے۔


