کھیل

ارشد ندیم سے انعامات کے جھوٹے وعدے کرنے والوں میں کون کون شامل؟

ان میں سے کئی وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے

Web Desk

ارشد ندیم سے انعامات کے جھوٹے وعدے کرنے والوں میں کون کون شامل؟

ان میں سے کئی وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے

(ان میں سے کئی وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے)
(ان میں سے کئی وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے)

پیرس اولمپکس میں نیا ریکارڈ قائم کرتے ہوئے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے ارشد ندیم نے انعام کے جھوٹے وعدے کرنے والوں کے بارے میں کھل کر بتادیا۔

پاکستان کا نام پیرس اولمکس میں روشن کرنے والے ارشد ندیم  نے گزشتہ روز ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ میں بھی کامیابی حاصل کرکے گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔

گزشتہ برس پیرس اولمپکس میں گولڈ میڈل جیتنے کے بعد ارشد ندیم کے لیے مختلف اداروں اور شخصیات کی جانب سے لاکھوں، کروڑوں روپے کے انعامات کا اعلانات کیے گئے تھے، تاہم ان میں سے کئی وعدے آج تک پورے نہ ہوسکے۔

نجی نیوز ویب سائٹ 'وی نیوز' کی ایک رپورٹ کے مطابق ارشد ندیم کو وعدے کے باوجود انعام نہ دینے والوں میں سب سے اہم نام نجی نیوز چینل 'اے آر وائی' کے مالک سلمان اقبال کا ہے جنہوں نے اعلان کیا تھا کہ ارشد ندیم کو گوجرانولہ اے آر وائی لگونا میں ایک اپارٹمنٹ دیا جائے گا، تاہم 9 ماہ گزرنے کے باجود ارشد ندیم کو اب تک اے آر وائی کے مالک سلمان اقبال کی طرف کوئی اپارٹمنٹ گفٹ نہیں کیا گیا۔

اس کے بعد نیوز ون ٹی وی اور الکبیر ٹاؤن ٹاؤن کے مالک چوہدری اورنگرزیب ہیں جنہوں نے ارشد ندیم کو ڈیڑھ کروڑ مالیت کا ایک کنال کا پلاٹ، 5 کروڑ روپے کی کنسٹرکشن، بجلی، گیس، پانی کے بل تاحیات دینے کا اعلان کیا مگر 9 ماہ گزارنے کے باوجود ایک روپیہ بھی ارشد ندیم کو نہیں دیا۔

رپورٹ کے مطابق تیسرے نمبر پر 'روڈن انکلیو' نامی گروپ ہے جس نے ارشد ندیم کو ایگزیکٹو بلاک میں 2 کنال کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا تھا مگر وہ بھی اپنے وعدے سے مکر گئے۔

بعدازاں اسی روڈن انکلیو چوہدری گروپ کے مالک ارشد چوہدری کی جانب سے ملتان اور اسلام آباد میں 7، 7 مرلے پلاٹ گفٹ کرنے کا اعلان کیا گیا تھا لیکن وہ اس سے بھی پھر گئے اور ارشد ندیم کو کوئی انعام تاحال نہیں ملا۔

سنو ٹی وی اور بلیو ورلڈ سٹی کے مالک چوہدری سعد نذیر ہیں جنہوں نے ارشد ندیم کو ساتھ کھڑا کر کے انہیں اپنی سوسائٹی بلیو ورلڈ سٹی کا برینڈ ایمبسڈر بنایا اور لیجنڈ ایونیو میں پلاٹ دینے کا اعلان کیا، وہ بھی اپنی تشہیر کروانے کے بعد انعامات دینے سے مکر گئے۔

عبد اللہ سٹی کے مالک عاصم عزیز نے ارشد ندیم کو ایک کنال کا پلاٹ اور 10 لاکھ روپے کیش دینے کا اعلان کیا مگر ابھی تک ان کا بھی وعدہ بھی وفا نہ ہو سکا، اسی طرح ممتاز سٹی اسلام آباد نے اپارٹمنٹ دینے کا اعلان کیا مگر وہ اعلان بھی اعلان تک ہی محدود رہا۔

ارشد ندیم کے لیے زمین ڈاٹ کام نے بھی اپارٹمنٹ دینے کا اعلان سوشل میڈیا پر کیا مگر اس پر بھی عمل درآمد نہیں کیا گیا۔

اس کے علاوہ ڈسکوری گارڈن نے 10 مرلے اور کپیٹل سمارٹ سٹی نے ایک کنال کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا مگر ابھی تک اولمپک چیمپیئن ارشد ندیم کو کچھ بھی نہیں دیا گیا۔

کونسے وعدے وفا ہوئے؟

رپورٹ کے مطابق گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ جن کاروباری شخصیات نے انعامات دینے کا اعلان کیا انہوں نے دراصل ارشد ندیم کو اپنی کاروباری اور ذاتی تشہیر کے لیے استعمال کیا اور بعد میں کبھی ان سے رابطہ تک نہیں کیا۔

دوسری جانب آرمی چیف، صدر مملکت، وزیر اعظم، وزیر اعلیٰ پنجاب، گورنر پنجاب، وزیر اعلیٰ سندھ، گورنر سندھ سمیت دیگر حکومتی عہدایدروں کی جانب سے جو اعلان کیے گئے وہ ارشد ندیم کو کچھ دنوں بعد ہی دے دیے گئے تھے۔

تازہ ترین