فلم / ٹی وی

متحدہ عرب امارات میں شوٹ ہونے والی مقبول بالی وڈ فلمیں

بالی وڈ فلم سازوں کے لیے یہ علاقہ ہمیشہ سے ایک پرکشش مقام رہا ہے

Web Desk

متحدہ عرب امارات میں شوٹ ہونے والی مقبول بالی وڈ فلمیں

بالی وڈ فلم سازوں کے لیے یہ علاقہ ہمیشہ سے ایک پرکشش مقام رہا ہے

(بالی وڈ فلم سازوں کے لیے یہ علاقہ ہمیشہ سے ایک پرکشش مقام رہا ہے)
(بالی وڈ فلم سازوں کے لیے یہ علاقہ ہمیشہ سے ایک پرکشش مقام رہا ہے)

دبئی اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اپنی شاندار بلندوبالا و جدید عمارات اور پرتعیش طرزِ زندگی کی وجہ سے دنیا کے سب سے زیادہ دلکش مقامات میں شمار ہوتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ بالی وڈ فلم سازوں کے لیے یہ علاقہ ہمیشہ سے ایک پرکشش مقام رہا ہے، جہاں کی خوبصورتی اور جدید طرزِ تعمیر فلمی مناظر کو جاذبِ نظر اور پُررونق بنا دیتی ہے۔

گزشتہ برسوں میں متعدد معروف بھارتی فلموں کی شوٹنگ دبئی اور یو اے ای کے مختلف حصوں میں کی گئی، جن میں کامیڈی، ایکشن اور رومانوی فلمیں بھی شامل ہیں۔

ذیل میں ان نامور بالی وڈ فلموں کا تذکرہ پیش کیا گیا ہے جن کی شوٹنگ دبئی یا یو اے ای میں ہوئی:

1۔ ویلکم:

معروف کامیڈی فرنچائز 'ویلکم' اپنی جاندار مکالمہ بازی اور یادگار کرداروں کے باعث شہرت رکھتی ہے۔

اس فلم کے کئی پارٹی سینز اور دلفریب مناظر دبئی میں فلمائے گئے، خاص طور پر گرینڈ حیات ہوٹل (جو دبئی کریک کے کنارے واقع ہے) اور ڈریگن مارٹ کے خوبصورت مناظر کو فلم میں شامل کیا گیا ہے۔

2۔ ہیپی نیو ایئر:

فرح خان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'ہیپی نیو ایئر' میں دبئی کے دلکش مناظر کو خوبصورتی سے فلمایا گیا ہے۔

فلم میں شامل گانا 'سٹک لی' مکمل طور پر دبئی کے مختلف مقامات پر شوٹ کیا گیا ہے، جس میں برج خلیفہ کی جھلک بھی شامل ہے۔

فلم کے بیشتر حصے دبئی کے معروف ہوٹل اٹلانٹس، دی پام میں شوٹ کیے گئے، جہاں ایک بین الاقوامی ڈانس مقابلے کے گرد ہی فلم کی پوری کہانی گھومتی ہے۔

3۔ بینگ بینگ:

سدھارتھ آنند کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم 'بینگ بینگ' کے ایکشن سے بھرپور مناظر کو یو اے ای کی بلند و بالا عمارات نے بہترین پس منظر فراہم کیا۔

فلم کی شوٹنگ حیات کیپیٹل گیٹ ہوٹل، ایمریٹس پیلس، یاس آئی لینڈ اور لیوا اویسس جیسے مقامات پر کی گئی۔

4۔ ایئر لفٹ:

اکشے کمار اور نمرت کور کی مشہور فلم 'ایئر لفٹ' بھی یو اے ای میں شوٹ کی گئی، خاص طور پر راس الخیمہ کے علاقوں میں اس کے کئی مناظر شوٹ کیے گئے۔

اس فلم کے لیے ان جگہوں کو اس لیے چُنا گیا تاکہ عراق کے حملے کے بعد کویت کی تباہی کو حقیقت سے قریب تر انداز میں دکھایا جا سکے۔

5۔ بنٹی اور ببلی 2:

ورون آر شرما کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم 'بنٹی اور ببلی 2' کو ابوظبی میں شوٹ کیا گیا، تاکہ فلم کے کرداروں کے لیے ایک شاہانہ ماحول تخلیق کیا جا سکے۔

فلم میں ابو ظبی ایکوئسٹریئن کلب اور ایمریٹس پیلس جیسے مقامات شامل ہیں۔

6۔ دی کریو:

کریتی سینن، کرینہ کپور اور تبو کی فلم 'دی کرو' دنیا کے مختلف پرتعیش شہروں میں شوٹ کی گئی، جن میں ابوظبی بھی شامل ہے۔

فلم میں یو اے ای کی بلند و بالا عمارات اور مقامی ثقافت کو بھی خوبصورتی سے فلمایا گیا۔

7۔ پٹھان:

شاہ رخ خان اور جان ابراہم کی سپرہٹ فلم 'پٹھان' نے باکس آفس پر زبردست کامیابی حاصل کی تھی، اس فلم کے ایکشن مناظر کو خاص طور پر برج خلیفہ بولیوارڈ پر فلمایا گیا۔

ہدایت کار سدھارتھ آنند کے مطابق یہ ایکشن سین فلم کا سب سے مشکل منظر تھا اور اس کے لیے بولیوارڈ کو پہلی بار عوام کے لیے بند کیا گیا تھا۔

تازہ ترین