انفوٹینمنٹ

ہانیہ عامر کے بغیر 'سردار جی 3' کا نیا پوسٹر جاری

فلم 27 جون 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی

Web Desk

ہانیہ عامر کے بغیر 'سردار جی 3' کا نیا پوسٹر جاری

فلم 27 جون 2025 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی

(فوٹو: انسٹاگرام)
(فوٹو: انسٹاگرام)

پنجابی میوزک اور فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ دلجیت دوسانجھ نے ایک بار پھر اپنے مداحوں کو خوشخبری سنادی ہے۔

عالمی شہرت یافتہ گلوکار، اداکار اور اسٹیج پرفارمر دلجیت دوسانجھ نے سوشل میڈیا پر اپنی آنے والی فلم 'سردار جی 3' کا نیا پوسٹر جاری کر کے شائقین کو حیران کر دیا، فلم 27 جون 2025 کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔

نئے پوسٹر میں دلجیت دوسانجھ مرکزی کردار 'جگی' کے روپ میں ایک گروہ کی توجہ کا مرکز بنے کھڑے ہیں، جہاں ان کے ارد گرد کئی خواتین گھونگھٹ میں چھپی ہوئی نظر آتی ہیں، ان چہروں پر پڑا ہوا پردہ تجسس کو اور بڑھا دیتا ہے۔

پوسٹر کے کیپشن میں دلجیت نے لکھا کہ 'جیدے توں بھوت تھر تھر کمبن تے چڑیلان کِسّاں منگن، جگی جی آن دی تیاری وچ نیں، 27 جون 2025، ٹیزر جلد آ ریا اے، پیار، ہنسی، ڈر، ایس وار، سردار جی لے کے آ ریا اے تین گنا پاگل پن، رومانس، کامیڈی تے ہارر نوں ملا کے سب توں وڈی سواری لئی تیار ہو جاؤ!'

یہ الفاظ اس بات کا اشارہ ہیں کہ فلم ایک بار پھر ہارر، رومانس اور کامیڈی کا دھماکا خیز امتزاج ہوگی، جیسا کہ فرنچائز کے پہلے حصے میں دیکھا گیا تھا۔

دلجیت دوسانجھ اس فلم میں ایک بار پھر نیرو باجوہ کے ساتھ نظر آئیں گے، جن کے ساتھ انکی فلم 'جٹ اینڈ جولیئٹ 3' کو زبردست کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

'سردار جی' کے پہلے حصے میں نیرو باجوہ نے مرکزی ہیروئن کا کردار ادا کیا تھا، جبکہ دوسرے حصے میں سونم باجوہ اور مونیکا گل نے اہم کردار ادا کیے تھے، اب تیسرے حصے میں ایک بار پھر نیرو باجوہ یعنی 'رانی چڑیل' کی واپسی ہو رہی ہے۔

فلم کی ہدایتکاری امر ہنڈل نے کی ہے جبکہ معاون اداکاروں میں گلشن گروور، مانَو وج، ناصر چنیوٹی، مونیکا شرما اور سلیم البیلا شامل ہیں۔

رپورٹس کے مطابق فلم میں پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر کو بھی شامل کیا گیا تھا لیکن بھارت اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث انہیں فلم سے نکال دیا گیا۔